حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا لجنہ اماء اللہ ڈنمارک کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
ممبرات لجنہ اماء اللہ ڈنمارک
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ آپ اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کر رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت فرمائے اور سب شامل ہونے والی لجنات اور ناصرات کو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی توفیق دے۔آمین
اس موقع پر میں جو باتیں آپ کو کہنا چاہتا ہوں ان میں سے اکثر لجنہ اماءاللہ یوکے کے حالیہ اجتماع پر بھی بیان کر چکا ہوں۔ یاد رکھیں! اللہ تعالیٰ کا بےحد احسان ہے کہ اس نے ہمیں اس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی جماعت میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائی۔ یہ نعمت ہم پر ایک بہت بڑی ذمہ داری عائد کرتی ہے کہ ہم اپنے ایمانوں کے اعلیٰ معیار قائم کریں اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرکے دنیا کے سامنے ایک مثال قائم کریں۔
آجکل دنیا میں خواتین کو کئی طرح سے منفی طریق پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہاں تک کہ بعض ایجنسیاں بھی خواتین کو اپنے مقاصد کے حصول کےلیے استعمال کرتی ہیں۔ ایسے میں احمدی خواتین کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ وہ انسانی حقوق کےلیے اعلیٰ اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے آوازیں بلند کریں۔ لیکن اس سے پہلے اپنے گھرانوں کی فضاء کو مثبت انداز میں تبدیل کرنے کی بھی کوشش کرنی ضروری ہے۔ عورت کے اندر یہ طاقت موجود ہے کہ اگر وہ چاہے تو اپنے گھر کے ماحول کو بہتر بنا سکتی ہے۔ لیکن اگر احتیاط نہ کی جائے تو یہی طاقت خاندان میں اختلافات اور تفرقے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ اس لیے احمدی خواتین کو اپنے اپنے گھروں اور معاشروں میں اپنی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے امن و سلامتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔
آج کل جو بےتحاشہ اختلاط ہے، اس نے معاشرے کے بنیادی ڈھانچے کو متاثر کیا ہوا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ اس کا اثر ہمارے بعض احمدی مرد و خواتین پر بھی پڑ رہا ہے جو اپنی سادہ لوحی کی وجہ سے ایسے تعلقات قائم کر لیتے ہیں جنہیں وہ بےضرر سمجھتے ہیں حالانکہ وہ نقصان دہ ہوتے ہیں۔ پس احمدی خواتین اور لڑکیوں کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ مردوں کے ساتھ مناسب حدود قائم رکھیں تاکہ ان کی پاکدامنی اور وقار پر کوئی حرف نہ آئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے زیادہ تر احمدی خواتین اور لڑکیاں ان اسلامی اصولوں کی اہمیت کو سمجھتی ہیں۔ وہ اپنی عفت و پاکدامنی کی حفاظت کو ترجیح دیتی ہیں اور اپنے ایمان اور اللہ تعالیٰ سے تعلق کو دنیاوی معاملات پر فوقیت دیتی ہیں۔ تاہم دنیا اس قدر بےحیائی اور برائی میں ڈوبی ہوئی ہے کہ اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کےلیے انتہائی احتیاط اور مسلسل کوشش کی ضرورت ہے۔
یہ بات ہر وقت اپنے پیش نظر رکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنا ہی ایک مومنہ کا اصل مقصد ہے۔ اس لیے ہر احمدی عورت کو چاہیے کہ وہ ہر قیمت پر اپنی عفت و پاکدامنی کی حفاظت کرے۔ آپ کا مقصد صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور رضا کےلیے نیکی اور تقویٰ میں آگے بڑھنا ہونا ہو۔ لجنہ اماءاللہ ڈنمارک کو مجموعی طور پر بھی اس کےلیے کوشش کرنی چاہیے۔ اپنے دینی علم و عرفان میں اضافہ کرنے کی کوشش کریں اور اپنے بچوں کی اخلاقی تربیت اورنیک مستقبل پر مسلسل توجہ دیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی اصلاح کرنے اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین