حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے بتیسویں جلسہ سالانہ سویڈن ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت احمدیہ سویڈن
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ ۲۱؍ اور ۲۲؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو بہت کامیاب فرمائے اور تمام شاملین جلسہ غیر معمولی برکات حاصل کرنے والے اور ہمارے مذہب اسلام کی خوبصورت تعلیمات اور ہمارے محبوب رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایات کی روشنی میں اپنے علم اور عرفان میں ترقی کرنے والے ہوں۔
جیسا کہ ہر احمدی مسلمان کو علم ہے کہ جلسہ سالانہ کا انعقاد جس کے ليے آپ لوگ جو ایک بار پھر جمع ہوئے ہیں مادی فائدہ اور تفریح کے ليے نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اس کے روحانی ماحول سے فائدہ اٹھانا اور اپنی اخلاقی حالتوں کو بہتر کرنا ہے۔ یہ منفرد قسم کا جلسہ ہمیں اپنے دلوں اور دماغ کو پاک کرنے اور اپنی روحانی اور اخلاقی حالت کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ نتیجۃً ہم زیادہ تقویٰ شعار اوراللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے والے بن سکتے ہیں۔ یہی وہ نقطہ نظر ہے جسے شاملینِ جلسہ کو مد نظر رکھنا چاہیے۔
اس سلسلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: ’’اس جلسہ کو معمولی انسانی جلسوں کی طرح خیال نہ کریں۔ یہ وہ امر ہے جس کی خالص تائید حق اور اعلائے کلمۂ اسلام پر بنیاد ہے۔ اس سلسلہ کی بنیادی اینٹ خدا تعالیٰ نے اپنے ہاتھ سے رکھی ہے اور اس کے ليے قومیں طیارکی ہیں جو عنقریب اس میں آملیں گی کیونکہ یہ اس قادر کا فعل ہے جس کے آگے کوئی بات اَنہونی نہیں۔‘‘ (اشتہار ۲۷؍ دسمبر ۱۸۹۲ء مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ ۳۶۱ ایڈیشن ۲۰۱۹ء)
میں نصیحت کرتا ہوں کہ دس شرائط بیعت پر عمل کرنے کی پوری کوشش کریں۔ یاد رکھیں کہ ہر شرطِ بیعت اپنے اندر بے انتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنا ایمان زندہ رکھنے کے ليے ہر ایک شرط بیعت پر غور کرتے رہنا چاہيے۔ یہ شرائط بیعت آپ کی زندگی کے ہر مرحلے میں رہ نما ہونی چاہئیں۔ اگر آ پ اپنے آپ کو ان کے مطابق ڈھالیں اور اپنے روز مرہ کے اعمال اور کاموں پر غور و فکر کریں اور جائزہ لیتے رہیں، تو آپ دنیا میں ایک حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرنے والے بن سکتے ہیں۔
اس سلسلہ میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’بیعت اگر دل سے نہیں تو کوئی نتیجہ اس کا نہیں میری بیعت سے خدا دل کا اقرار چاہتا ہے پس جو سچے دل سے مجھے قبول کرتا اوراپنے گناہوں سے سچی توبہ کرتاہے، غفور و رحیم خدا اُس کے گناہوں کو ضرور بخش دیتاہے اور وہ ایساہو جاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے نکلا ہے۔تب فرشتے اس کی حفاظت کرتے ہیں۔‘‘ (ملفوظات جلد سوم صفحہ ۶۲۔ایڈیشن ۲۰۲۲ء )
میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ آپ اپنی تربیت کے معیار کو بلند کرنے اور اپنی استعدادوں اور قابلیتوں کو استعمال کر کے اپنی روحانی حالت کو ترقی دے کر اس معیار تک لے جائیں جس کی حضرت مسیح موعودؑ نے افراد جماعت سے توقع کی ہے۔
میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے بابرکت نظام کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ قریبی تعلق قائم رکھنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ اس کے وفا دار رہیں۔ نیز ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھا کریں اور اپنی فیملی اور خاص طور پر بچوں کو بھی ایم ٹی اے دیکھنے کی عادت ڈالیں۔ بالخصوص آپ کو چاہيے کہ میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور میری تمام ہدایات اور نصائح پر عمل کریں۔
میں آپ کی توجہ تبلیغ کی ذمہ داریوں کی طرف بھی دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے ليے لازمی ہے۔ آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور سویڈن کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے چاہئیں۔ میں آپ کو اپنے ایک سابقہ خطاب کے وہ الفاظ یاد کراتا ہوں جہاں میں نے جماعت کے افراد کو مندرجہ ذیل نصیحت کی تھی۔
’’حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہم پر یہ ذمہ داری ڈالی ہے کہ اسلام کی سچائی کو پھیلائیں اور اس کے پُر امن پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پھیلائیں۔ پس لوگ قبول کریں یا نہ کریں، ہمیں اپنے عزم میں کبھی بھی سست نہیں ہونا چاہيے تا کہ دنیا کے ہر ملک کے ہر بندے تک اسلام کا پیغام پہنچ جائے۔ یہ بہت عظیم کام ہے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے ہمیں سونپا ہے‘‘۔ (اختتامی خطاب جلسہ سالانہ بیلجیم ۱۷؍ اگست ۲۰۱۸ء)
اس ليے آپ عہد کریں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن کو پورا کرنے کے لیے ان تھک محنت کریں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو توفیق دے کہ اس جلسہ کی کارروائی سے بھر پور استفادہ کریں اور اپنے ایمانوں کو مضبوط کریں۔ خدا تعالیٰ آپ کی زندگیوں میں ایک حقیقی تبدیلی پیدا فرمائے اور تقویٰ اور اخلاق اور نیک اعمال میں بڑھائے اور خدمت دین اور انسانی ہمدردی کی زیادہ سے زیادہ توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔