پیغام حضور انور

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ آئرلینڈ کے پندرھویں نیشنل سالانہ اجتماع کے موقع پر بصیرت افروز پیغام

ممبرات لجنہ اماء اللہ آئرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ آپ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور نیک نتائج سے نوازے۔ آمین

مجھ سے اس موقع پر پیغام بھجوانے کی درخواست کی گئی ہے۔ میرا پیغام یہ ہے کہ آپ اپنی اور اپنی اولاد کی تربیت پر خاص توجہ دیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد جماعت مرد اور عورت اپنی اصلاح کی کوشش کرے۔ اپنے نیک نمونے قائم کرے۔ خدا تعالیٰ سے اپنا تعلق جوڑے اور اپنی اولاد کو بھی اس تعلق کو جوڑنے کی طرف لے کر آئے۔ اُن کی ایسی تربیت کرے جس سے حقیقی معنوں میں وہ اللہ تعالیٰ کے حق ادا کرنے والے اور اپنی روحانیت کو بڑھانے والے بنیں۔ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام فرماتےہیں: ’’پس خود نیک بنو اور اپنی اولاد کے لئے ایک عمدہ نمونہ نیکی اور تقویٰ کا ہوجائو اور اس کو متقی اور دیندار بنانے کے لئے سعی اور دعا کرو۔ جس قدر کوشش تم ان کے لئے مال جمع کرنے کی کرتے ہو اسی قدر کوشش اس امر میں کرو۔‘‘(ملفوظات جلد۸ صفحہ ۱۰۹)

پس مائوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ نصیحت کا تبھی اثر ہوتا ہے جب اس کے ساتھ نیک نمونہ ہو۔ اس لئے پہلے اپنی اصلاح کی طرف توجہ دیں۔ مثلاً پنجوقتہ نمازوں کا باقاعدگی سے التزام کریں اور تمام دینی تعلیمات پر عمل کریں۔ پھر اپنے بچوں کی تربیت کی طرف بھی خاص توجہ دیں۔اُن کو وقت دیں۔ اُ ن کی پڑھائی کی طرف توجہ دیں۔ اُن کو جماعت کے ساتھ جوڑنے کی طرف توجہ دیں۔ اپنے گھروں میں ایسے ماحول پیدا کریں کہ بچوں کی نیک تربیت ہورہی ہو۔ بچے معاشرے کا ایک اچھا حصہ بن کر ملک و قوم کی ترقی میں حصہ لینے والے بن سکیں۔

اسی طرح آپ کا اللہ تعالیٰ سے ذاتی تعلق ہونا چاہئے۔ یاد رکھیں کہ انسان کے اس دنیا میں آنے کا یہی مقصد قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں بتایا ہے اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بھی اپنی بعثت کا بہت بڑا مقصد یہی بتایا ہے کہ بندے اور خدا میں ایک زندہ تعلق قائم کیا جائے۔ اس زمانے میں مسیح موعودؑ کے آنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اس لئے کہ دنیا خدا کو بھلا بیٹھی تھی۔ پس ہم احمدی جو اتنے بڑے دعویٰ کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں تو ہمارا سب سے پہلا فرض بنتا ہے کہ اس خدا کے آگے جھکنے والے بنیں، اس سے دعائیں کریں۔اللہ تعالیٰ آپ کو میری ان نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button