کوفتے
کٹےہوئے یامعمولی پسے ہوئے گوشت میں مصالحہ جات ملاکر بنائے ہوئے گولے اوران کاسالن جسے فارسی میں کوفتہ اور عربی میں کفتہکہتے ہیں۔ کوفتے بنانے کی ابتدا ایران سے ہوئی۔ یہیں سے یہ پکوان پورے مشرق وسطی اور بعدازاں چین کے کھانوں کاحصہ بنا۔ دنیا بھر کے پکوانوں میں عام ہونے کے باوجود کوفتےایسی وضع والی غذا ہے جو اپنے ذائقے اور ساخت میں مختلف ہوتی ہےاور اس کاانحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اسے کس خطے میں تیار کیاجارہاہے۔
مختلف قسم کے کوفتے بنانے کے لیے بنیادی مصالحے
اجزا
ثابت سرخ مر چ گول ۲۰؍ دانے
سرخ مرچ پاؤڈر ۱۰؍ چمچ
سونف ۲ چمچ
زیرہ سفید ۱۰؍ چمچ
ہلدی ۳ چمچ
نمک حسب ضرورت
بڑی الائچی ۱۰؍ دانے
چھوٹی الائچی ۱۰؍ دانے
دارچینی ثابت ۸ ٹکڑے
جاوتری ۴ دانے
جائفل ۴ دانے
خشک دھنیا ۱۰؍ چمچ
ہینگ آدھا چمچ
کالے چنے بھنے ہوئے ۸ چمچ
خشخاش دھلی ہوئی ۸ چمچ
اجوائن ایک چمچ
ٹاٹری آدھا چمچ
کالانمک آدھا چمچ
مصالحہ جات کو بیسن میں روسٹ کرکے بلینڈ کرلیں اور نمک مرچ ٹاٹری ملاکر صاف جار میں ڈال کر محفوظ کرلیں۔
کوفتے بنانے کے لیے اجزا
بڑا قیمہ ایک کلو ہڈی سمیت
گھی ایک کپ
ادرک لہسن کاپیسٹ ۴ چمچ
پیاز کا پیسٹ ۲ چمچ
پیاز چوپ ۲ عددبڑے سائز
ٹماٹر چوپ ۲ عددبڑے سائز
دہی ایک چمچ
لونگ ۳ دانے
دھنیا پودینہ ۲ چمچ باریک کٹا ہوا
سبز مرچ چوپ ایک چمچ
نمک ایک چمچ حسب ضرورت
سرخ مرچ ۲ چمچ حسب ضرورت
ہلدی آدھا چمچ
گرم مصالحہ مکس پسا ہوا ایک چمچ
تیز پات ۲ عدد
گارنش کے لیے :
دھنیا پودینہ ۶ چمچ باریک کٹا ہوا
سبز مرچ ۴ عددباریک کٹی ہوئی
ادرک ایک عد دباریک کٹا ہوا
گریوی بنانے کی ترکیب :
قیمہ کودھو کر رکھ لیں۔ ایک پریشر ککر میں ہڈی اور چار گلاس پانی ڈال کر۳۰؍منٹ تک پریشر لگائیں اور اتارلیں۔ دو گلاس یخنی بن جائے گی۔ یخنی کو چھان کر الگ رکھ لیں۔ قیمہ میں دو چمچ، ادرک، لہسن، پیازکا پیسٹ، ایک چمچ دہی اور چھ چمچ مصالحہ دھنیا پودینہ ڈال کر باریک پیس لیں اور گول گول کوفتے بناکر رکھ لیں۔ ایک دیگچی میں گھی گرم کریں اور کٹے ہوئے پیاز ڈا ل کر بادامی رنگ ہونے پر بقیہ دو چمچ ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھون لیں پھر ٹماٹر ڈالیں اور نمک، مرچ، ہلدی، لونگ اور گرم مصالحہ ڈالیں اور ایک گلاس یخنی ڈال کر ۲۰؍منٹ تک ہلکی آنچ پرپکائیں۔ جب مصالحہ بھوننے کے قریب ہوتوکوفتےڈالیں اور ڈھک دیں۔ جب کوفتے پانی چھوڑ دیں تو ۲۰؍ منٹ ہلکی آنچ پر بھون لیں۔ اچھی طرح بھن جانے پر بقیہ ایک گلاس یخنی اور تیز پات کے پتے ڈالیں اس کے بعد ۱۰؍ منٹ تک یخنی کو ہلکی آنچ پر دم دے دیں۔ گریوی گاڑھی ہونے پراُتار لیں اور گارنش کریں۔ نان، روٹی اور چاول کے ساتھ بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔
نوٹ :اس مصالحہ کے ساتھ درج ذیل مزید اقسام کے کوفتے بھی بناسکتی ہیں۔
رمضانی کوفتے: اس میں صرف ناریل کا چورااور مصالحہ ڈال کر بنالیں۔
شاہی یابادامی کوفتے :تل، بادام، مونگ پھلی اورناریل کا چورا، یہ سب ایک چمچ پسے ہوئے اور مصالحہ کوفتہ
اسفند کوفتہ :پسی ہوئی چنے کی دال تین چمچ اور مصالحہ
نرگسی کوفتے :اُبلے ہوئے انڈوں کے اوپر قیمہ لگائیں اور پہلےسے تیار شدہ مصالحہ کوفتہ
نوٹ:قیمہ اگر اچھی طرح پسا ہوا ہو تو کوفتے پکاتے وقت ٹوٹتے نہیں۔ اگر کبھی ایمر جنسی میں کوفتے بنانے پڑ جائیں اور گھر میں دیگر مصالحہ جات دستیاب نہ ہوں تو قیمے کو اچھی طرح گرائنڈ کرنے کے بعدادرک، لہسن، پیاز کاپیسٹ اور گندم کاآٹا ڈال کر گرائنڈ کرکے بھی کوفتے بنائے جا سکتے ہیں۔
(مرسلہ : طیبہ طاہرہ )