افریقہ (رپورٹس)

سیاں (Senya)، ضلع اووٹو (Awutu)، سینٹرل ریجن گھانا میں ایک نئی احمدیہ مسجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۳؍اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز اتوار سیاں (Senya)، سینٹرل ریجن گھانا میں ایک نئی تعمیر شدہ مسجدکا افتتاح مولاناالحاج محمد بن صالح صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ گھانا نے کیا۔ اس کے قریب ترین بڑی جماعت پیٹوڈواسی (Petuduase) میں بھی ایک بڑی نئی مسجد زیر تعمیر ہے۔

پروگرام کا آغاز مورخہ ۱۳؍اکتوبر کو صبح دس بجے ہوا۔ اس موقع پر سیاں جماعت کی مختصر تاریخ محمد اوبریگیہ صاحب نے پیش کی۔ اس تقریب میں غیر از جماعت احباب بالخصوص اہل سنت والجماعت کے مقامی چیف امام اور غیر مسلم برادری، مقامی چیفس نیز سیاسی و سماجی طبقہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ اسی طرح جماعت میں سے ریجنل و زونل عہدیداران کے علاوہ نیشنل اور مقامی عاملہ کے بعض ممبرزنے بھی اس مبارک تقریب میں شرکت کی۔

حسب روایت اس تقریب میں موجود سرکردہ اور اہم شخصیات کے تعارف اور استقبالیہ کے بعد تلاوت قرآن کریم، منظوم کلام اور مقامی نغمات کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں تعمیر بیت اللہ کے مقاصد اور مساجد کی تعمیر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اجتماعی دعا سے افتتاح کا اعلان کیا۔ اس تقریب میں ۳۰۰؍سے زائد افراد موجود تھے۔
اس مسجد کی تعمیر کے لیے ایک احمدی خاتون مکرمہ امۃ السلام صاحبہ اور ان کے افراد خانہ نے زمین عطیہ کی ہے۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

مسجد کا افتتاحی فیتہ کاٹنے اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ اور کھانا پیش کیا گیا۔ اس مسجد میں ۲۰۰؍سے زائد نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔ اس افتتاحی تقریب کی رپورٹ گھانا نیوز ایجنسی GNA نے اپنی ۷؍نومبر کی اشاعت میں شامل کی۔

اللہ تعالیٰ احباب جماعت کو اس مسجد کو نمازوں سے آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button