برطانیہ کے مڈ لینڈز اور نارتھ ایسٹ ریجن میں تربیتی مجالس سوال و جواب
جماعت احمدیہ یوکے نے یوکے کی مختلف جماعتوں اور ریجنز میں خصوصاً نوجوان احمدی بچوں اور بچیوں اور دیگر احباب جماعت کے لیے عموماً مجالس سوال و جواب کے انعقاد کا ایک سلسلہ شروع کیا ہےجس میں مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کے ساتھ علمائے سلسلہ کا ایک پینل موجودہ حالات میں پیش آمدہ بعض تربیتی اُمور سے متعلقہ یا دیگر مسائل سے متعلقہ سوالات کے جواب دینے کے لیے موجود ہوتا ہے۔ ان مجالس کے انعقاد سے پہلے ہی تمام احباب جماعت تحریراً اپنےسوالات نہ صرف ای میل کے ذریعہ بھیج سکتے ہیں بلکہ مقامی انتظامیہ کو بھی دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پروگرام میں بھی اُنہیں سوالات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
اس ضمن میں نارتھ ایسٹ ریجن میں مورخہ ۲؍نومبر بروز ہفتہ مسجد المہدی بریڈ فورڈ میں اور مورخہ۳؍نومبر بروز اتوار مڈلینڈز ریجن کی مسجد دارالبرکات میں اِن پروگرامز کا انعقاد کیا گیا جس میں ابتدائی سوالات مردوں اور خواتین دونوں طرف سےپندرہ تا چالیس سال کی عمر کے ممبران کو کرنے کا موقع دیا گیا اور بعد ازاں دیگر احباب جماعت نے سوالات دریافت کیے۔ مکرم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب نائب امیر یوکے پہلے سے موصولہ سوالات ضروری وضاحت کے ساتھ پینل کے سامنے رکھتےجبکہ مکرم امیر صاحب اورمربیان سلسلہ مکرم ظہیر خان صاحب اور مکرم ربیب احمد مرزا صاحب پر مشتمل پینل نے تمام سوالات کے جواب دیے۔
دونوں مقامات پر یہ مجالس دو گھنٹے سے زائد جاری رہیں۔ احباب جماعت نے انتہائی ذوق و شوق سے بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیا اور نہ صرف ان مجالس کو سراہا بلکہ وقتاً فوقتاً ایسے پروگرام باقاعدگی سے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں مقامات پر پروگرام کے بعد احباب جماعت کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ مڈلینڈز ریجن میں حاضری ۶۵۰؍رہی جبکہ نارتھ ایسٹ ریجن میں قریباً۴۰۰؍احباب جماعت شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ ان مجالس کے نیک اور مثبت اثرات پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)