حضورﷺ عمامہ کا استعمال فرمایا کرتے تھے
سوال: ایک نوجوان نے احمدیت کے بارے میں نیز حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے لباس اور آپ کے زیر استعمال بعض اشیاء کے بارے میں متفرق استفسارات حضور انور کی خدمت اقدس میں تحریر کیے۔ حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے مکتوب مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۰ء میں ان سوالات کے درج ذیل جوابات ارشاد فرمائے۔ حضور نے فرمایا:
جواب: احادیث میں مختلف صحابہ سے مروی ہے کہ حضورﷺ عمامہ کا استعمال فرمایا کرتے تھے۔ چنانچہ حضرت جابر بن عبد اللہؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریمﷺ فتح مکہ کے دن مکہ میں داخل ہوئے توا ٓپ کے سر مبارک پر سیاہ عمامہ تھا۔
اسی طرح حضرت عمرو بن حریثؓ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے لوگوں سے خطاب فرمایا اور آپ کے سر مبارک پر سیاہ عمامہ تھا۔ (صحیح مسلم کتاب الحج باب جَوَازِ دُخُولِ مَكَّةَ بِغَيْرِ إِحْرَامٍ)… حضرت مسیح موعود علیہ السلام اپنے آقا و مطاع حضرت اقدس محمد مصطفیٰﷺ کے حقیقی عاشق، آپ کے کامل متبع اور سچے غلام تھے۔ پس آپؑ نے حضورﷺ کی سنت کے مطابق پگڑی کا استعمال فرمایا۔
باقی جہاں تک حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پگڑی پہننے کی بجائے بالوں کی Knot بنانے کی بات ہے تو اس بارے میں یاد رکھناچاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو حضورﷺ کی اعلیٰ درجہ کی اطاعت اور آپؐ سے حد درجہ کی محبت کے نتیجے میں ظلی اور امتی نبی کے مقام پر فائز فرمایا۔ انبیاء خدا تعالیٰ کے شعائر میں سے ہیں جن کا ادب اور احترام ہم پر واجب ہے۔ پس انبیاء کی ذات کے بارے میں اس قسم کے سوال ان کی شان کے خلاف متصور ہوتے ہیں۔
خود بخود چلنے والے پین والی بات غلط ہے۔ نہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پاس ایسا کوئی پین تھا اور نہ میرے پاس ہے۔ ہاں اللہ تعالیٰ کا اپنے پیاروں کے ساتھ ایسا تعلق ہوتا ہے کہ وہ ہر معاملے میں خود ان کی راہ نمائی کرتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کا یہی تعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کے ساتھ ہے۔
جہاں تک احمدیہ کمیونٹی کا تعلق ہے تو یہ کوئی نیا مذہب نہیں ہے۔ بلکہ اسلام کی حقیقی جماعت ہے۔ جسے اللہ تعالیٰ نےبانیٔ اسلام حضرت اقدس محمد مصطفیٰﷺ کی پیشگوئیوں کے عین مطابق قائم فرمایا ہے۔
(بنیادی مسائل کے جوابات قسط ۲۳ مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۱۹؍نومبر ۲۰۲۱ء)