نو تعمیر شدہ مسجد بیت الحفیظ، جماعت بالائیو، ریجن ایسیا، آئیوری کوسٹ کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو مورخہ ۹؍نومبر۲۰۲۴ء بروز ہفتہ ریجن ایسیا (Issia) کی جماعت بالائیو(Balahio) میں مسجد بیت الحفیظ کے افتتاح کی توفیق ملی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لمبے عرصہ سے بالائیو میں جماعت احمدیہ کا قیام عمل میں آچکا تھا۔ دسمبر ۲۰۰۹ء میں اس جماعت میں سڑک سے ملحقہ دو پلاٹس کی خرید کی گئی تھی۔ تاہم سیاسی حالات کی کشیدگی کے باعث یہاں تعمیر نہ کی جا سکی۔ اسی گاؤں میں جماعتی جگہ کی خرید سے قبل مقامی امام کی زمین پر جماعت کی ایک مسجد تعمیر کی گئی تھی جس پر اس امام صاحب کی وفات کے بعدباہر سے آئے غیر از جماعت امام نے قبضہ کرلیا۔ اس کے نتیجہ میں یہاں دوبارہ مسجد تعمیر کرنے کی ضرورت کافی عرصہ تک محسوس کی جاتی رہی تھی۔ ۲۰۲۱ء میں دونوں پلاٹس کے سرکاری کاغذات کی تکمیل کے بعد مرکزی منظوری کے ساتھ مورخہ ۲۶؍فروری۲۰۲۲ء کو مسجد کے سنگ بنیاد کی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کے ليے مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومبلغ انچارج آئیوری کوسٹ مع نیشنل عاملہ گاؤں میں تشریف لائے اور ایک مختصر تقریب کے بعد سنگ بنیاد کی پہلی اینٹ رکھی گئی اور دعا کے ساتھ مسجد کی تعمیر کا آغاز ہو گیا۔ خاکسار(مبلغ سلسلہ) کو مسجد تعمیر کروانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ تعمیر کا یہ سلسلہ وقتاً فوقتاً ۲۰۲۳ء تک جاری رہا اور اسی سال مسجد کے واش رومز اور بجلی انسٹالیشن نیز رنگ کے ساتھ اس کی تعمیر کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس مسجد کا ہال آٹھ میٹر چوڑا جبکہ ۱۰؍میٹر لمبا ہے اور اس کے چاروں اطراف ٹیرس کی تعمیر کی گئی ہے جس میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
مورخہ ۹؍نومبر۲۰۲۴ء کو شام چار بجے مسجد بیت الحفیظ کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں مکرم امیر صاحب اور ان کی عاملہ کے چند اراکین، صدر مجلس انصار اللہ، صدر لجنہ اماءاللہ، معتمد مجلس خدام الاحمدیہ اور دیگر شاملین نے شرکت کی۔ نماز ظہر وعصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ ٹھیک چار بجے نائب گورنر علاقہ جناب ایدی آندرے (Edi Andre) صاحب کی آمد کے ساتھ ہی اس تقریب کا آغاز ہو گیا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مکرم سلا اسماعیل صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ نے جماعت احمدیہ کا مختصر تعارف پیش کیا۔ بعدازاں گاؤں کے غیر از جماعت امام مسجد، سرکاری سکول کے ڈائریکٹر اور گاؤں کے چیف کے سیکرٹری نے مختصر تقاریر کیں جن کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں تعمیر مساجد کی اہمیت بیان کی۔ آخر میں نائب گورنر صاحب نے اظہار خیال کرتے ہوئے جماعتی تعلیمات کو سراہا اور امن کی تعلیم پر زور دیا نیز جماعت کے ساتھ اپنے پرانے تعلقات کا حوالہ بھی دیا۔ بعدہٗ امیر صاحب نے مع نائب گورنر مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب کے بعد مکرم امیر صاحب کی جانب سے پروگرام میں شامل بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیےگئے۔
اس بابرکت تقریب میں ۳۰۰؍کے قریب افراد نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ مسجد کی تعمیر کے بابرکت نتائج پیدا کرے اور تقویٰ کے ساتھ مسجد آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)