گیمبیا میں احمدیہ کلینک بصے کے وفد کی صدر مملکت سے ملاقات
مکرم ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع احمد خان صاحب انچارج احمدیہ کلینک بصے تحریر کرتے ہیں کہ گیمبیا کے شہر بصے میں قائم جماعت احمدیہ کے کلینک کے وفد نے مورخہ ۲۴؍اکتوبر۲۰۲۴ءگیمبیا کے صدر مملکت عزت مآب آدما بارو (Adama Barrow)سے ملاقات کی۔ یہ وفد تین افراد پر مشتمل تھا جن میں مکرم ابراہیم سیڈی صاحب ایڈمنسٹریٹر کلینک، مکرم عبداللہ انجائی صاحب ایریا مشنری ریجن اور خاکسار (انچارج احمدیہ کلینک بصے) شامل تھے۔
ملاقات کے دوران خاکسار نے وفد کا انفرادی تعارف کروایا جس کے بعد بتایا کہ شماریات کے مطابق ہمارے ریجن میں زچگی کے دوران اور بعد میں ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے شرح اموات بہت بلند ہے۔ اس ليے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم جماعتی کلینک کی طرف سے ریجن کے تمام نرسز کو الٹرا ساؤنڈ و سکیننگ کی مفت ٹریننگ دیں گے تاکہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس میں خود کفیل ہوسکیں۔ اپنے اس منصوبے کے بارے میں ہم گورنر اور وزیر صحت کو پہلے ہی بتا چکے ہیں۔ اس پر صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح تو آپ کی آمدن اثر انداز ہوگی، لوگ دوسروں کے پاس چلے جایا کریں گے۔ خاکسار نے اس کے جواب میں کہا کہ ہمیں آمدن نہیں بلکہ لوگوں کی صحت کی پروا اور اسی کی ہمیں فکر ہے۔ اس پر موصوف نے جماعتی اقدار اور جذبے کو بہت سراہا اور کہا کہ جماعت احمدیہ ہی ہے جو ہمارے ملک میں باتیں کرنے کی بجائے عملی اقدام میں آگے ہے اور نہ صرف لوگوں کی صحت کےمیدان میں بلکہ تعلیمی اور مذہبی میدان میں بھی گراں قدر خدمات بجا لارہی ہے اور میں اس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
خاکسار نے بتایا کہ ہم اس ٹریننگ کاآغاز جنوری میں کریں گے اور تین ماہ تک جاری رہے گی۔ ٹریننگ پر آنے والے افراد کو ٹریننگ کے ليے آلات بھی دیں گے اور مفت ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ان کی مشق بھی کروائیں گے۔(ان شاءاللہ) اس وقت ملک میں ایسی ٹریننگ کا کوئی ادارہ نہیں ہے اور یہ پہلی دفعہ ہونے جارہا ہے اور اگر یہ ٹریننگ آن لائن حاصل کی جائے تو ایک آدمی کی فیس ایک ہزار ۲۰۰؍ڈالرز ہے جبکہ ہم سب کو یہ مفت مہیا کریں گے۔ ٹریننگ کے بعد شاملین کو سرٹیفکیٹ بھی دیں گے۔ اس پر صدر مملکت نے کہا کہ میری اہلیہ پہلے بھی آپ کے کلینک پر علاج کے ليے آچکی ہے لیکن میں اس بار وعدہ کرتا ہوں کہ اس ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کرنے کے ليے وہ آئے گی اور اس کا افتتاح وہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ ٹریننگ کارگر ثابت ہوئی تو ہم دوسرے ریجنز سے بھی نرس ٹریننگ کے ليے آپ کے پاس بھیجیں گے اور اس سسٹم کو باقاعدہ یونیورسٹی آف گیمبیا سے رجسٹر کریں گے۔
بعدازاں بصے میں کلینک کی نئی زیر تعمیر وسیع و عریض عمارت کی بات کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ جس تیزی سے عمارت کا کام مکمل ہورہا ہے یہ جماعت احمدیہ ہی کرسکتی ہے۔ اس پر خاکسار نے بتایا کہ یہ پہلا فیز ہے، اس کے بعد دوسرے فیز میں بھی اسی طرح کی ایک اورعمارت بھی بنائی جائے گی، ان شاء اللہ۔ اس پر صدر مملکت نے وعدہ کیا کہ حکومت اس کلینک کو ہسپتال کا درجہ دے گی۔
اس ملاقات کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ رہا۔
(رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)