مجلس انصار اللہ گیمبیا کے سترھویں(۱۷) نیشنل اجتماع و مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء کا بابرکت انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ گیمبیا کو اپنا سترھواں (۱۷) نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
یہ سہ روزہ اجتماع یکم تا۳؍نومبر۲۰۲۴ء بروز جمعہ تا اتوار لوئر ریور ریجن میں قائم جماعت احمدیہ کے سکول طاہر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکومیں منعقد ہوا۔ اجتماع کی تیاری کے سلسلے میں تمام ریجنل ناظمین مجلس انصاراللہ کو قبل از وقت اطلاع کردی گئی تھی۔ اجتماع کمیٹی کے ممبران اجتماع سے تقریباً دو ہفتے قبل اجتماع کی جگہ پر آئے اور انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انصار سے میٹنگ بھی کی۔
اسی طرح اجتماع کی انتظامیہ اور مکرم کیمو سونکو صاحب صدر مجلس انصار اللہ گیمبیا اجتماع سےایک دن قبل ہی آگئے تھے۔ انصار کی آمد کا سلسلہ جمعہ کی صبح سے شروع ہوگیا تھا۔
جمعۃ المبارک کو تمام احباب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ ہال میں براہ راست سنا۔ اس کے بعد نماز جمعہ و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ مکرم محمود احمد طاہر صاحب مبلغ انچارج نے خطبہ جمعہ میں اطاعت امیر کی طرف توجہ دلائی۔
اجتماع کی افتتاحی تقریب سہ پہر ساڑھےپانچ بجے منعقدہوئی جس کی صدارت مکرم صدر مجلس انصار اللہ نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد آپ نے نصا ئح کرتے ہوئے کہا کہ بطور انصار ہماری ذمہ داری بہت بڑی ہے۔ ہم خدا کے دین کے مددگار ہیں، اس ليے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تمام نصائح پر عمل کرنا اور اپنی اولادوں کو عمل کروانا ہمارا فرض ہے۔
افتتاحی اجلاس کے بعد نمازمغرب وعشاء جمع کرکے ادا کی گئیں۔ نمازوںکے بعد مجلس سوال وجواب منعقد ہوئی جس میں جماعت کے مبلغ انچارج صاحب نے انصار کے سوالات کے جواب دیے۔
اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ اس کے علاوہ ہر روز بعد نماز فجر، درس القرآن اور بعد از نماز مغرب وعشاء درس ملفوظات ہوا۔ دوسرے دن کے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد ’’اسلام میں نظام ازدواج کی اہمیت و برکات‘‘ پر تقریر ہوئی۔ اس کے بعد ’’زکوٰۃ، صدقہ اور اسلام میں نظام وراثت‘‘ کے موضوع پر سیمینارز ہوئے۔ دوپہر ساڑھے بارہ بجے علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جوکہ دو گھنٹے تک جاری رہے۔ بعداز طعام ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیاجو کہ مغرب تک جاری رہے۔ رات کے کھانے کے بعد نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد ہوا جو کہ رات بارہ بجے تک جاری رہی۔
اجتماع کے تیسرے روز بعد نمازتہجد و فجر اختتامی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اجتماع کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا تھے۔ انہوں نے مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ آپ نے اپنی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے مجلس انصار اللہ یوکے کے اجتماع سے اختتامی خطاب میں سے اقتباسات پیش کرتے ہوئے انصار کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور پھر دعا کروائی۔ بعد از دعا تمام شاملین کی گروپ فوٹو ہوئی اور اجتماع کا اختتام ہوا۔ صبح ناشتہ کے بعد تمام شاملین اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہوئے۔ الحمدللہ
اس اجتماع میں بہت سے نومبائعین بھی شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ غیر احمدی احباب اور متعدد نامور شخصیات بھی شامل ہوئیں جن میں چار اضلاع کے چیف صاحبان، لوکل گاؤں کے الکالو اور امام اور دیگر افراد شامل ہیں۔ انہوں نے جماعت احمدیہ کو حقیقی اسلامی تعلیمات کا نمائندہ قرار دیا اور جماعتی خدمات کو سراہا۔ اس اجتماع کو ملک کے نامور اخبار سٹینڈرڈ نیوز پیپر نے کور کیا۔
امسال اجتماع کی حاضری ۲۲۳؍رہی۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے دُوررس نتائج پیدا فرمائے اور ہم سب کو احمدیت کے ساتھ جوڑے رکھے۔ آمین
(رپورٹ: مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)