بنگلہ دیش میں آنے والے ہولناک سیلاب میں جماعت احمدیہ کی بے لوث خدمات
اگست ۲۰۲۴ءکے وسط میں بنگلہ دیش کے بعض مشرقی ضلعوں اور ہندوستان کے بعض مشرقی صوبہ جات میں خوفناک اور تباہ کن سیلاب نے بہت جانی اور مالی نقصان کیا۔ اس سیلاب کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدی احباب کو کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن انہیں کافی مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
مورخہ ۱۴ و ۱۵؍ اگست ۲۰۲۴ءکی شب تیز بارش اور پہاڑی علاقہ کے دریا سے آنے والے پانی کی وجہ سے اچانک یہ سیلاب آیا جس نے سب کو حیران و پریشان کر دیا۔ ۱۵؍اگست بروز جمعرات خدام و انصار ریجن چٹاگانگ کی ایک ٹیم نے فاضل پور جماعت، ضلع فینی اور کوملا جماعت میں سیلاب میں پھنسے ہوئےاحباب جماعت تک امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کی لیکن سیلاب کی شدت کی وجہ سے ٹیم منزل مقصو تک نہ پہنچ سکی۔ اتنے میں اس تباہ کن سیلاب کی وجہ سے تمام مواصلاتی ذرائع جن میں سڑک، ٹرین، موبائل اور انٹرنیٹ شامل ہیں سب بند ہو چکے تھے۔ اس و جہ سے ان علاقوں میں بسنے والی آبادی کی خیریت کا پتا لگوانا بھی محال تھا۔
اس پریشان کن حالت میں ۱۶؍اگست بروز جمعۃ المبارک صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کی ہدایت پر چٹاگانگ مجلس سے چار خدام نے اس علاقہ میں جانے کی کوشش کی۔ ایک جگہ سیلاب کی وجہ سے سڑک ختم ہو گئی وہاں سے ان میں سے تین خدام اپنی جان کو خطرہ میں ڈالتے ہوئے تیر کر فاضل پور مسجد میں پہنچے جہاں ضروری سامان اور دوائیاں وغیرہ پہنچائیں۔ ساتھ ہی یہ خوش خبری بھی لائے کہ اس جماعت کے احمدی احباب کی جانیں محفوظ ہیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اگلے روز مورخہ ۱۷؍اگست کو کوملا جماعت کی ٹیم نے فاضل پور اور اس کے ارد گرد کے تمام احمدیوں کے گھروں کو بذریعہ رافٹ (raft) جا کر امدادی سامان پہنچایا۔
اس کے بعد چٹاگانگ جماعت کی طرف سے ۲۷؍اگست کو ایک ٹیم ضروری سامان لے کر فاضل پور گئی جس میں کھانا، دوائیاں اور کپڑے وغیرہ شامل تھے۔ اس میں فاضل پور اور امبرنگر کی کُل ۱۶؍فیملیز کے ليے ضروری سامان تھا۔
کوملا جماعت کے ذریعہ کوملا کی ۱۰؍فیملیز کو سامان پہنچایا گیا۔ پھر نواکھالی ضلع کی کُل ۱۴؍احمدی فیملیز کو ریلیف دیا گیا۔ فینی ضلع میں فاضل پور جماعت کی۸؍فیملیز کے علاوہ اور بھی ۳ فیملیز کو ریلیف پہنچایا گیا۔ چاندپور ضلع میں نصرت آباد جماعت کی ۱۴؍فیملیز کو ریلیف دیا گیا۔
یہ سب کام ایک طرف تو محنت طلب تھا اور دوسری طرف نا مساعد حالات کی وجہ سے ازحد مشکل بھی۔
اللہ تعالیٰ ان تمام کارکنان کو اجر عظیم بخشے جنہوں نے جاں فشانی اور محنت سے اس کام کو سرانجام دیا اور اللہ تعالیٰ قدرتی آفات سے تمام متاثرین کو محفوظ رکھے۔ آمین
(رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)