روم، اٹلی میں جماعت احمدیہ کا ایک تاریخی پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۸؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز جمعۃالمبارک جماعت احمدیہ اٹلی کو روم کے تاریخی مقام Capitoline Hill پر واقع Piazza del Campidoglio کی معروف عمارت Sala della Protomoteca میں ایک اہم بین المذاہب تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
Capitoline Hill روم کی شہری اور تاریخی زندگی کا ایک انتہائی اہم مقام ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں کبھی Caesar اور روم کی سینیٹ کے فیصلے ہوا کرتے تھے۔ بعد ازاں اسے مشہور آرٹسٹ Michelangelo نے دوبارہ ڈیزائن کیا اور اسے روم کی تاریخ کا ایک قابل فخر نشان بنا دیا۔ آج یہ روم کی میونسپل اور ثقافتی زندگی کا مرکز ہے۔
اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پہلی مرتبہ روم شہر کی نئی Council of Religions کا باقاعدہ اعلان ہوا اور جماعت احمدیہ ان اولین جماعتوں میں شامل تھی جنہیں اس مشاورت میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔
تقریب میں ۸۰؍نشستوں پر مشتمل ہال مکمل طور پر بھر گیا تھا جس میں روم کی انتظامیہ، اکیڈمک حلقے، صحافی حضرات، ویٹیکین کے نمائندے اور جماعت احمدیہ کے ممبران موجود تھے۔ اس پروگرام کا مقصد روم میں جماعت احمدیہ کا تعارف اور امن کے پیغام کو عام کرنا تھا۔
اس موقع پر مختلف معزز مقررین نے جماعت احمدیہ کے بارے میں نہایت مثبت خیالات کا اظہار کیا۔ ان مقررین میں روم کی یونیورسٹیوں کے پروفیسرز، ویٹیکن کے مشیر، حکومت کے نمائندے، امام مسجد روم نادر عکاد صاحب اور اٹلی میں قائم Islamic Community کے صدر جناب یاسین لفریم شامل تھے۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عطاءالواسع طارق۔ مبلغ انچارج اٹلی)
٭…٭…٭