مجلس انصاراللہ ناروے کے زیر اہتمام تین روزہ پکنک
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ ناروے کو گذشتہ کئی سال سے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی تین روزہ سیروتفریح اور تربیتی پروگرام مورخہ ۳۰؍اگست تا یکم ستمبر ۲۰۲۴ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
پروگرام کی تیاری کے سلسلہ میں مکرم رانا طاہر محمود صاحب قائد ذہانت وصحت جسمانی کی زیرصدارت ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے بڑی محنت سے سب کام انجام دیے۔
پروگرام کے ليے اوسلو سےتقریباً ۲۳۰؍کلومیٹرشمال مغرب میں ایک پُرفضا پہاڑی مقام اور انتہائی بلندی پرGol Fjellکا انتخاب ہوا جہاں ۱۷؍بڑے Cottagesکرایہ پرحاصل کیے گئے۔
اس تین روزہ سیر کے پروگرام کے دوران ہائیکنگ، آبشاروں کا نظارہ اور باربی کیو کرنے کی توفیق ملی۔ اسی طرح نمازوں کی باجماعت ادائیگی اور دروس کا بھی انتظام رہا۔
محض خداتعالیٰ کے فضل سے تینوں دن موسم بہت خوشگوار رہا۔ پروگرام ہرلحاظ سے بہت شاندار رہا جہاں اعلیٰ نظم وضبط، ٹیم ورک، معلوماتی سیمینار، صحت مند سرگرمیوں کے علاوہ ضیافت کی ٹیم نے بہترین اور لذیذ کھانے پیش کیے۔ تمام شاملین نے ہر پروگرام کا لطف اٹھایا اور انتظامات کی تعریف بھی کی اور آئندہ بھی اس طرح کے پروگراموں کو منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ امسال کُل ۶۶؍ شاملین تھے۔ سیکنڈے نیویا کے پہلے مبلغ مکرم کمال یوسف صاحب نے بھی اس پکنک میں شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں ان پروگراموں سے اپنی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ روحانی طور پر ترقی کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عامرحسین خالد محمود۔ قائد اشاعت)
٭…٭…٭