جماعت احمدیہ سربیا کی بلغراد (Belgrade) انٹرنیشنل بُک فیئر میں شرکت
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سربیا نے امسال تیسری دفعہ سربیا کے دارالحکومت بلغراد (Belgrade) میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل بک فیئر میں شرکت کی اور اسلام احمدیت کا پیغام وسیع پیمانے پر پہنچانے کی توفیق پائی۔ یہ بک فیئر مورخہ ۱۹تا ۲۷؍اکتوبر کو منعقد ہوا جس کا دورانیہ روزانہ صبح دس بجے سے رات آٹھ بجے تک رہا۔
امسال جماعت احمدیہ بوسنیا نے قرآن کریم کے بوسنین ترجمہ کو دوسری بار طبع کیا ہےجو دیگر کتب کے ساتھ سٹال پر مہیا تھا۔ بوسنین ترجمۃ القرآن، اسلامی اصول کی فلاسفی، مسیح ہندوستان میں، لائف آف محمؐد اور دیگر کتب جن کی تعداد۵۰؍سے زیادہ تھی زائرین کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ بک سٹال پر آنے والوں کی اکثریت مقامی عیسائیوں کی تھی جن میں سے کئی افراد سے تفصیل سے تبلیغی گفتگو کا موقع ملا جس دوران ان کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ اس کے علاوہ بوسنیا اور سربیا سے کئی مسلمان بھی تشریف لائے اور کتب لے کر گئے۔ ان ۹دنوں میں سینکڑوں کی تعداد میں احباب نے جماعتی سٹال کا دورہ کیا اور جماعتی کتب لے کر گئے۔
امسال ہماری مدد کے ليے بوسنیا سے تین احمدی افراد تشریف لائے اور روزانہ صبح سے شام تک سٹال میں خدمت کی توفیق پائی۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء
بک فیئر کے دوران ریڈیو بلغراد نے خاکسار (مبلغ سلسلہ) کا آدھ گھنٹے کا انٹرویو لیا جس میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کرانے اور صحافی کے سوالات کے جواب دینے کا موقع ملا۔
تیونس کی ایک احمدی خاتون کی بک سٹال پر آمد: بک فیئر کے آخری دنوں میں ایک عرب خاتون تشریف لائیں اور خوشگوار حیرت کے ساتھ بتایا کہ اپنی فیملی میں وہ اکیلی احمدی ہیں۔ اس خاتون نے بتایا کہ وہ ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ پڑھ کر احمدی ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اس کتاب کے بارہ صفحات ہی پڑھے تھے تو میرے دل میں ایک خاص احساس جاگا جیسے دل میں کسی چیز کا دھماکا ہوا ہو اور مَیں جس سچے اسلام کی تلاش میں تھی وہ مجھے مل گیا اور یہ یقین پیدا ہوا کہ اس کتاب کا لکھنے والا سچا ہے۔ تب وہ حضرت مسیح موعودؑ پر ایمان لے آئیں۔ یہ خاتون کئی زبانیں جانتی ہیں، نظم اور نثر لکھتی ہیں اور پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں۔ موصوفہ کے والدین جماعت کے خلاف ہیں اور وہ کسی احمدی سے بات بھی نہیں کرنا چاہتے۔ اگلے دن انہوں نے ہمت کی اور اپنے والدین کو جماعتی بک سٹال کے بارے میں بتایا۔ ان کے والد صاحب سٹال پر تشریف لائے جہاں انہیں جماعت کا تعارف کروایا گیا اور حضرت مسیح موعودؑ کی عربی کتب کے ساتھ ساتھ دیگر جماعتی عربی کتب بھی دی گئیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سعید روحوں کو ہدایت عطا فرمائے اور اس زمانے میں اپنے بھیجے ہوئے مامور اور مرسل کو قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:وسیم احمد سروعہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)