حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا عائشہ اکیڈمی جرمنی کی پہلی تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر بصیرت افروز پیغام
فارغ التحصیل طالبات عائشہ اکیڈمی جرمنی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و بر کاتہ
مجھے یہ سن کر بڑی خوشی ہوئی کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے عائشہ اکیڈمی جرمنی کا پہلا بیچ اپنی تعلیمات مکمل کرکے گریجوایشن کی اس تقریب میں اسناد حاصل کرنے جا رہا ہے۔ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور اللہ تعالیٰ کے حضور ہمیں شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے جماعت جرمنی کی لجنہ کو یہ سعادت بخشی ہے۔ آپ نے اس اکیڈمی میں داخلہ لے کر دینی علم حاصل کرنے کا جو عزم کیا تھا اس سے آپ کی ذمہ داری اب اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس علم کو حاصل کرکے آپ نے اسے اپنی عملی زندگیوں کا حصہ بنانا ہے اور اسے دوسروں میں بھی آگے پھیلانا ہے۔ یاد رکھیں کہ آپ کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ جماعت کی خدمت کے لیے اور آئندہ نسلوں کی تربیت کے لیے اس علم کو مؤثر طریق پراستعمال کرنا آپ کا اصل مقصود ہونا چاہیے۔ قرآن کریم کی تعلیمات پر مزید غوروفکر کریں۔ اس کے گہرے معانی کو سمجھنے کی کوشش کریں اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء کی تحریرات کا مطالعہ جاری رکھتے ہوئے اپنے دینی علم کو مزید وسعت دیتی چلی جائیں۔ جماعت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی صلاحیتیوں کو مزید نکھاریں۔ چاہے وہ تدریس کے شعبہ سے تعلق رکھتی ہوں یا کسی اور شعبہ سے آپ کو ہمیشہ جماعت کی خدمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ آپ کی تعلیم کا مقصد صرف ذاتی ترقی نہیں بلکہ پوری جماعت کی ترقی اور اسلام کی خدمت ہے۔ آپ نے اپنے علم کو اپنے گھرانوں ، اپنی آنے والی نسلوں اور پوری جماعت کے فائدے کے لیے بروئے کار لانا ہےاور اپنی عبادتوں کے معیاروں کو اونچا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور اس کا قرب حاصل کرنا ہے۔ اگر یہ مقصد آپ کے ذہنوں میں نہیں تو پھر اس ادارہ میں درس وتدریس کا سلیبس مکمل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس لیے ہمیشہ اس نصیحت کو اپنے سامنے رکھیں اور جیسا کہ میں نے کہا اسے اپنی عملی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطافرمائے۔آپ سب کو اس نیک مقصد میں کامیابی عطافرمائے اور اس میں برکت ڈالے۔آمین