خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے صدر کی جانب سے ملک میں مارشل لاء کے نفاذ کو کالعدم قرار دے دیا۔تاہم ان کا مارشل لا ءلگانے کا فیصلہ صرف چھ گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا جب پارلیمنٹ نے اس کی توثیق نہیں کی تھی۔ پارلیمنٹ نے مارشل لاء کے حکم نامے کے خلاف ووٹ دے دیا۔تاہم فوج کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے حکم واپس لینے تک مارشل لاء نافذ رہےگا۔ جنوبی کوریا کے تین صد میں سے ۱۹۰؍ارکان اسمبلی نے ملک میں مارشل لاء کے نفاذ کے خلاف ووٹ دیا۔ووٹنگ کے بعد سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ووٹ کے بعد ملک میں مارشل لا ءکا نفاذ کالعدم ہوگیا۔
٭…نمیبیا میں پہلی مرتبہ ۷۲؍سالہ نندی نداتواہ ۵۷؍ فیصد ووٹوں سے ملک کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئیں۔ فروری میں صدر ہیگ گینگوب کی موت کے بعد نندی نداتواہ کو نائب صدر مقرر کر دیا گیا تھا، وہ ڈپٹی وزیرِ اعظم اور کئی محکموں کی وزیر بھی رہ چکی ہیں۔
٭…اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینی ریاست کےقیام اور اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے نکلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یو این جنرل اسمبلی نے دو ریاستی حل کے قیام کے لیے جون میں بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا اعلان بھی کیا۔جنرل اسمبلی نےآٹھ کے مقابلے میں ۱۵۷؍ووٹوں سے قرارداد منظور کی۔
٭…شام کے باغیوں نے دمشق پر قبضہ اور صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا اعلان کردیا۔ شامی باغیوں نے دمشق پر قبضے اور صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد سرکاری ٹی وی پر پہلا خطاب کیا جس میں آزاد شام کی خود مختاری اور سالمیت کی یقین دہانی کرائی۔ شامی باغیوں نے کہا کہ شام میں سیاہ دور کا خاتمہ کرنے کے بعد نیا عہد شروع ہونے جارہا ہے، شام کی تمام سرکاری، غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کا تحفظ کیا جائے گا اور جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کردیا جائےگا۔ شامی صدر بشار الاسد طیارے پر سوار ہو کر روس چلے گئے ہیں جہاں انہیں اور اُن کے خاندان کو سیاسی پناہ ملی ہے ۔روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق شامی صدر بشار الاسد ملک چھوڑنے سے قبل ہی صدارت سے مستعفی ہوگئے تھے۔ روسی حکام کے مطابق بشارالاسد نے صدارتی محل چھوڑتے ہوئے شام کے حکام کو اقتدار کی پُرامن منتقلی کی ہدایت دی تھی۔