مجلس انصاراللہ کینیا کی مرکزی تربیتی کلاس، سالانہ اجتماع اور مجلس شوریٰ کا با برکت انعقاد
مکرم عبدالعزیز گاکوریا صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ کینیا کو سالانہ تربیتی کلاس، سالانہ اجتماع اور مجلس شوریٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ہر تین پروگرامز کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔
سالانہ تربیتی کلاس مجلس انصار اللہ کینیا: مورخہ ۱۴تا ۱۷؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو ہیڈ کوارٹرز نیروبی میں مجلس انصاراللہ کینیا کی تربیتی کلاس منعقد ہوئی جس کا افتتاح خاکسار (صدر مجلس انصاراللہ کینیا) نے کیا۔ اس کلاس میں کینیا کے ۱۲؍ریجنز سے ۲۸؍مجالس کے ۴۳؍انصار نے شرکت کی۔ ہر روز پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوتا اور نمازوں اور کھانے کے وقفے کے ساتھ نماز عشاء تک جاری رہتا۔ کلاس ہذا میں مبلغین سلسلہ مکرم شیخ عبد اللہ حسین جمعہ صاحب، مکرم عدنان احمد ہاشمی صاحب اور مکرم شیخ یوسف رشید اباٹ صاحب نے تدریسی فرائض سرانجام دیے اور انصار کو مقررہ تعلیمی و تربیتی نصاب پڑھایا جس میں قرآن کریم ناظرہ، نماز سادہ و ترجمہ، حدیث نبویﷺ اور فقہی امور کے علاوہ بانیٔ جماعت احمدیہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات اور جماعت کے اعتقادات و نظام جماعت سے متعلق امور شامل تھے۔ خاکسار اور عاملہ کے ممبران نے مختلف تنظیمی و تربیتی امور پر لیکچرز دیے۔ شرکائے کلاس کو ہر روز ایم ٹی اے کے پروگرام بھی دکھائے جاتے رہے۔ کلاس میں کھیلوں اور تفریح کے پروگرام بھی رکھے گئے تھے جن سے انصار خوب محظوظ ہوئے۔ کلاس کے آخر پر تمام شرکائے کلاس کا امتحان لیا گیا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے انصار کو نیشنل اجتماع میں انعامات دیے گئے۔ مورخہ ۱۷؍اکتوبر بروز جمعرات انصار کا ’’لائنز آئی کلینک‘‘ کے تعاون سے مفت میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ۴۷؍انصار کی ’’آئی سکریننگ‘‘ بھی کی گئی جن میں سے تین انصار کو کیٹرکٹ کے آپریشن کے لیے بک کیا گیا اور جنہیں ادویات یا نظر کی عینک کی ضرورت تھی انہیں حسب ضرورت عینکیں اور ادویات مہیا کی گئیں۔ تمام شرکائے کلاس کو اسنادِ شرکت بھی دی گئیں۔ الحمدللہ، کلاس اسی روز بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوئی۔
سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ کینیا: مورخہ ۱۸و۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز جمعۃالمبارک و ہفتہ نیروبی میں ہی مجلس انصار اللہ کینیا کا سترھواں (۱۷) سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔ ۱۸؍اکتوبر کوبعد از نماز جمعہ تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس کے لیے جملہ انصار مشن ہاؤس کے لان میں ریجن وار لائینوں میں کھڑے ہوئے۔ خاکسار نے مجلس انصاراللہ کا جھنڈا جبکہ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مبلغ انچارج کینیا نے قومی پرچم لہرایا جس کے بعد دعا ہوئی اور جملہ انصار احمدیہ ہال میں چلے گئے جہاں ایم ٹی اے پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سنا گیا۔ بعدازاں اجتماع کا افتتاحی اجلاس شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد نائب صدر صف دوم مکرم سید عقیل احمد شاہ صاحب نے اجتماع میں شریک ہونے والے انصار کو خوش آمدید کہا اور اجتماع کے پروگراموں کی تفصیلات بتا کر تمام انصار کو اجتماع کے تمام پروگراموں میں شامل ہونے اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ جس کے بعد حضرت محمد مصطفیٰﷺکے معجزات کے بارے میں ایک ایمان افراوز تقریر مکرم بشارت احمد ظاہر صاحب مبلغ سلسلہ نے کی۔ پھرمجلس انصار اللہ کینیا کے تحت ایک ورکشاپ ہوئی جس میں شعبہ تربیت، تبلیغ، تجنید، مال اور عمومی کے قائدین نے انصار کو اپنی اپنی قیادت کے پروگراموں، سکیموں اور ان پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی معلومات دیں اور سوالات کے جواب بھی دیے۔ اسی طرح میدان عمل میں درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس کے بعد علمی اور ورزشی مقابلے منعقد ہوئے اور نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔
اگلے روز بھی پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد ورزشی مقابلے جاری رہے۔ ناشتہ کے بعد کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا جن میں رسہ کشی، میوزیکل چیئرز، پیدل چلنا، شاٹ پٹ، فٹ بال، والی بال اور دیگر دلچسپ مقابلےشامل ہیں۔علاوہ ازیں اجتماع میں تعلیمی، تربیتی اور تنظیمی امور پر تقاریر اور انصار کے درمیان علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں حفظ القرآن، حدیث نبویﷺ، نظم، تقاریر اور کوئز شامل تھے۔ ان پروگراموں کےاختتام پر مکرم امیر صاحب کی صدارت میں اجتماع کا اختتامی اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ پھر مکرم شیخ عبد اللہ حسین جمعہ صاحب نے ’’جادو اور اس کی حقیقت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بعدہٗ مکرم قائد صاحب تربیت نے اجتماع اور کلاس کی رپورٹ پیش کی اور خاکسار نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے کلاس اور اجتماع میں نمایاں کارگزاری دکھانے والے انصار اور مجالس کو انعامات دیے۔ اس سال مجموعی طور پر نیانزہ ریجن کو بہترین ریجن کا انعام دیا گیا اور بہتر ین مجلس ہونے کا انعام نیانزہ ریجن کی ہی مجلس ’’اگونجا‘‘ کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ نیروبی مجلس کو مالی قربانیوں اور تربیت کے لحاظ سے مثالی مجلس ہونے کا انعام دیا گیا۔ تبلیغ میں اعلیٰ کارکردگی کا انعام ویسٹرن ریجن اے کی مجلس مٹاوا کو دیا گیا اور ویسٹرن ریجن اے کو اجتماع میں مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا انعام دیا گیا۔ اس سال اجتماع کی کُل حاضری ۱۵۴؍تھی جو گذشتہ سال سے زیادہ تھی اور خاص بات یہ تھی کہ اس سال اجتماع میں تین ایسے انصار شامل ہوئے جو ۸۵؍سال سے زائد عمر کے تھے بلکہ ان میں سے ایک ۱۰۰؍سال سے زائد عمر کےبھی تھے۔ تقسیم انعامات کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کی اور دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اسی شام شرکائے اجتماع کے اعزاز میں مجلس انصار اللہ کینیا کی طرف سے عشائیہ بھی پیش کیا گیا۔
مجلس انصار اللہ کی سالانہ شوریٰ کا انعقاد: مورخہ ۲۰؍اکتوبر۲۰۲۴ءبروز اتوار انصار اللہ کی سالانہ مجلس شوریٰ کا انعقاد ہوا جس کا پہلا اجلاس صبح ساڑھے آٹھ بجے خاکسار کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور دعا کے بعد شعبہ تبلیغ، تربیت اور مال کی تجاویز سے متعلق سب کمیٹیوں کی تشکیل کی گئی جن کے اجلاسات کے لیے وقفہ کیا گیا۔ بعد ازاں دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں مکرم امیر صاحب بھی شریک ہوئے۔ اس اجلاس میں گذشتہ سال شوریٰ میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی گئی اور پھر امسال شوریٰ کی سب کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں اور اراکین شوریٰ نے ان پر اپنی آراء پیش کیں۔ اس کے بعد سال ۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء کا مالی بجٹ پیش ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر تقریر کے بعد دعا کرائی اور شوریٰ بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭