از مرکز

حضور انور کے دست مبارک سے جماعت احمدیہ کی تاجک ویب سائٹ کا اجرا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۹؍دسمبر ۲۰۲۴ء دوپہر بارہ بج کر بیس منٹ پر حضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایم ٹی اے سٹوڈیوز اسلام آباد، ٹلفورڈ میں تشریف لاکر از راہ شفقت جماعت احمدیہ کی تاجک ویب سائٹ www.islamahmadiyya-tj.org کا اجرا فرمایا۔ ویب سائٹ کا اجرا فرمانے کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعا کروائی۔

بعد ازاں حضور انور کی خدمت اقدس میں حال ہی میں جماعت جرمنی کی طرف سے شائع کردہ حضرت مسیح موعودؑ کی معرکہ آرا تصنیف لطیف ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ کا تاجک ترجمہ بغرض دعا پیش کیا گیا۔ یہ حضرت مسیح موعود علیہ السالام کی پہلی کتاب ہے جو تاجک زبان میں شائع ہوئی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔

یاد رہے کہ حضورِانور نے تاجک ویب سائٹ کا اجرا جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۴ء کے موقع پر تاجک مہمانوں کی موجودگی میں فرمانے کی منظوری عطا فرمائی تھی۔ لیکن چونکہ حضورِانور امسال جلسہ سالانہ جرمنی میں بنفس نفیس شامل نہیں ہوسکے، لہٰذا یہ پروگرام ملتوی کرنا پڑا۔ اب حضورِانور نے ازراہ شفقت مکرم رانا خالد احمد صاحب (انچارج رشین ڈیسک مرکزیہ) کی درخواست پر اس ویب سائٹ کا اجرا مورخہ ۹؍ دسمبر کو جرمنی میں تعینات آفس مربیان سلسلہ اور واقفین زندگی کی ملاقات سے قبل ایم ٹی اے سٹوڈیوز اسلام آباد میں فرمایا۔ الحمدللہ

تاجک ویب سائٹ شعبہ تبلیغ جرمنی نے رشین ڈیسک جرمنی کی مدد و تعاون سے تیار کی ہے۔ جبکہ مواد تاجک زبان کے ماہر دو مربیانِ کرام کا تیار کردہ ہے۔

دعا ہے کہ تاجک قوم کے زیادہ سے زیادہ افراد تک حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ اور اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ پیغام حق پہنچے اور وہ مسیح پاکؑ کو قبول کرنے والے ہوں۔ آمین

(رپورٹ: سید حسن طاہر بخاری۔ انچارج رشین ڈیسک جرمنی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button