لجنہ اماءاللہ گنی بساؤ کے پانچویں نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ گنی بساؤ کا پانچواں نیشنل اجتماع مورخہ ۲۵ تا ۲۸؍اکتوبر ۲۰۲۴ء کو دارالحکومت بساؤ میں منعقد ہوا۔ اجتماع سے پہلے مقابلہ جات کی تیاری کے لیے مقررہ نصاب تمام ممبرات کو پہنچا دیا گیا تھا۔ امسال اجتماع کا موضوع خلافت علی منہاج النبوۃ مقرر کیا گیا۔
اجتماع کا آغاز مورخہ ۲۵؍اکتوبر کو نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد درس قرآن پیش کیا گیا۔ دوپہر ایک بجے تمام ممبرات لجنہ اماء اللہ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا۔ نماز جمعہ کے بعد تقریب پرچم کشائی ہوئی۔ پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز صدر لجنہ اماء اللہ مکرمہ زینب سیسے صاحبہ کی صدارت میں ہوا جس میں تلاوت قرآن مجید، عربی قصیدہ، اردو نظم اور درج ذیل عناوین پر علمی تقاریر پیش کی گئیں:مسیح ؑکی آمد ثانی، احمدی اور غیر احمدی مسلمان میں فرق، قرب ِالٰہی کے ذرائع اور آنحضرتﷺ کا آخری پیغام۔ پہلے اجلا س کے اختتام پر مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا گیا۔
دوسرے دن بھی اجتماع کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ دوسرا روز لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کے علمی پروگرامز اور مقابلہ جات پر مشتمل تھا۔ علمی مقابلہ جات میں حفظ قرآن، حفظ احادیث، مقابلہ دینی معلومات، حفظ صلوٰۃ باترجمہ، حفظ قصیدہ اور مقابلہ تقاریر شامل تھے۔ دوسرےروز بھی مغرب کی نماز کے بعد مجلس سوال وجواب منعقد کی گئی۔
تیسرے روز ورزشی مقابلہ جات منعقد کروائے گئے جن میں تمام ممبرات نے بھرپور جوش وخروش سے حصہ لیا۔ مقابلہ جات کے بعد شام پانچ بجے اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نمایاں پوزیشن لینے والی ممبرات کی انعامات کے ساتھ حوصلہ افزائی کی گئی۔ امسال علم انعامی بساؤ مجلس کے حصہ میں آیا۔آخر میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا اور پیارے حضور کے ارشادات کی روشنی میں لجنہ اور ناصرات کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔گنی بساؤ میں بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات کو جوڑنے والے پل گرنے کی وجہ سے تین ریجنز کی ممبرات شرکت نہیں کر پائیں مگر محض اللہ کے فضل سے اجتماع میں ۱۵۰حاضری رہی جن میں نومبائعین اور غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے۔ اجتماع کے بعد نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ کا انتخاب بھی ہوا۔ اللہ تعالیٰ سب شاملین کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ ایمان و ایقان میں مزید ترقیات عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: زاہد احمد بھٹی۔ مبلغ سلسلہ گنی بساؤ)
٭…٭…٭