مجلس انصاراللہ سویڈن کے پینتیسویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ سویڈن کا پینتیسواں دو روزہ سالانہ اجتماع مورخہ ۱۹و۲۰؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو مسجد ناصر، گوتھن برگ میں منعقد ہوا۔ مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نائب صدر اول کو ناظم اعلیٰ اجتماع مقرر کیا گیا۔
پہلا دن: اجتماع کا افتتاحی اجلاس ۱۹؍اکتوبر کو مکرم انور احمد رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس نے اپنی تقریر میں شاملین اجتماع کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تحریک فرمودہ تین دعاؤں (خطبہ جمعہ ۲۳؍اگست۲۰۲۴ء) کو باقاعدگی کے ساتھ ہر روز پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔
اجتماع کے موقع پر انفرادی اور اجتماعی ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے جس کے لیے ایک سپورٹس ہال کرائے پر لیا گیا تھا۔ انفرادی مقابلوں میں دوڑ، پیدل چلنا، میوزیکل چیئرز اور ٹیبل ٹینس جبکہ اجتماعی مقابلوں میں کرکٹ، والی بال اور رسہ کشی کے مقابلے کروائے گئے۔ انصار نے ان مقابلوں میں بڑے جوش وخروش سے حصہ لیا۔
اسی طرح قیادت ذہانت و صحت جسمانی نے مورخہ ۵تا۱۱؍اکتوبر ملک بھر میں پیدل چلنے کا مقابلہ کروایا تھا۔ یہ مقابلہ انصاراللہ کی صف اول اور صف دوم کے مابین الگ الگ کروایا گیا تھا۔
اجتماع کے پہلے دن بعد نماز مغرب و عشاء تمام شاملین اجتماع نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مسجد فضل لندن کی سوسالہ تقریب کے موقع پر بصیرت افروز خطاب سنا اور دیکھا۔
مجلس شوریٰ انصار اللہ سویڈن:مورخہ ۱۹؍اکتوبر کو رات سوا نو بجے مجلس شوریٰ انصار اللہ سویڈن کا اجلاس صدر مجلس کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور دعا کے بعد خاکسار (سیکرٹری شوریٰ و قائد عمومی ) نے گذشتہ سال کے فیصلہ جات شوریٰ پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔ امسال مجلس شوریٰ کے ایجنڈے میں مجوزہ بجٹ ۲۰۲۵ء کے علاوہ اور کوئی تجویز نہیں تھی۔ چنانچہ مکرم مرزا مولود بیگ صاحب قائد مال نے سال ۲۰۲۵ء کا بجٹ پیش کیا جسے مجلس شوریٰ نے اتفاق رائے سے منظور کیے جانے کی سفارش کے ساتھ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں بھجوایا۔
دوسرا دن:اجتماع کے دوسرے روز باجماعت نماز تہجد ادا کی گئی اور نماز فجر کے بعد مکرم محمود مجیب اصغر صاحب نے درس دیا۔
۲۰؍اکتوبر بروز اتوار صبح دس بجے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، حفظِ قرآن، حفظ ادعیہ، حفظ قصیدہ، نظم اور تقریر شامل تھے۔ انصار نے ان مقابلوں میں بھی بڑی دلچسپی اور جوش وخروش کا مظاہرہ کیا۔
اجتماع کے دوسرے روز نماز ظہر وعصر سے قبل پروگرام تلقین عمل منعقد ہوا جس میں خاکسار نے ’’انصاراللہ کی اہم ترین ذمہ داری یعنی نئی نسل کی تربیت‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا اور انصار بھائیوں کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
اختتامی اجلاس: اجتماع کے اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی مکرم وسیم احمد ظفر صاحب امیر جماعت احمدیہ سویڈن تھے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں ناظم اعلیٰ اجتماع نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور شاملین اجتماع اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انعامات تقسیم کرنے کے بعد مہمان خصوصی نے اپنی تقریر میں انصار کو سستیاں ترک کرنے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بیان فرمودہ دعاؤں کو روزانہ پڑھنے کی تلقین کی اور پھر دعا کروائی۔ بعد ازاں کھانے سے احباب کی تواضع کی گئی جس کے بعد انصار اپنے اپنے گھروں کی طرف عازم سفر ہو گئے۔ اجتماع میں کُل ۸۱؍انصار شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:چودھری عطاء الرحمٰن محمود۔ قائد عمومی مجلس انصاراللہ سویڈن)
٭…٭…٭