افریقہ (رپورٹس)

مدرسۃ الحفظ گھانا میں سالانہ سپورٹس ریلی کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مدرسۃالحفظ گھانا کے سالانہ ورزشی مقابلہ جات پر مشتمل سپورٹس ریلی مورخہ ۲۱و۲۲؍نومبر۲۰۲۴ء کو جامعۃ المبشرین میں منعقد ہوئی۔

ریلی کی افتتاحی تقریب میں مکرم شاہد محمود احمد صاحب مبلغ سلسلہ و پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد مکرم حافظ خلیق بشیر صاحب ناظم اعلیٰ سپورٹس ریلی نے رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مہمان خصوصی نے طلبہ کو چند نصائح کیں۔ پروگرام کے آخر پر مہمان خصوصی نے دعا کروائی اور تمام طلبہ میں چاکلیٹس تقسیم کیں۔ اس کے بعد گروپ فوٹوز ہوئیں۔

اس دو روزہ ورزشی ریلی میں پانچ انفرادی اور تین اجتماعی مقابلے کروائے گئے۔ تمام مقابلہ جات جامعۃ المبشرین کے گراؤنڈ میں منعقد ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں ۱۰۰؍میٹر دوڑ، ۱۰۰؍میٹر بیک دوڑ، ۱۰۰؍میٹر بوری ریس، ۵۰؍میٹر لیمن و سپون ریس اور ثابت قدمی شامل تھے جبکہ اجتماعی مقابلہ جات میں فٹ بال، رسہ کشی اور ریلے ریس شامل تھے۔ ثابت قدمی کے مقابلے میں طلبہ نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ چونکہ یہ مقابلہ بعض طلبہ کے ليے نیا تھا اس ليے بے حد دلچسپی کا باعث بنا۔ پہلے دن کچھ مقابلہ جات کے بعد وقفہ ہوا جس میں تمام طلبہ میں پھل تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح بعداز نماز عشاء بھی تمام طلبہ کو ریفریشمنٹس دی گئیں۔

مورخہ ۲۲؍نومبر بروز جمعۃ المبارک بعد از نماز عصر فٹ بال میچ ہوا جو بہت دلچسپ رہا۔ میچ کے اختتام پر تمام طلبہ کو ٹھنڈا جوس پیش کیا گیا۔

مجموعی طورپر سال کے بہترین کھلاڑی عزیزم انسومانے مانے (Anssumane Mane)آف گنی بساؤ رہے۔ شائقین نے طلبہ کی کھیلوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

اللہ تعالیٰ ان ورزشی سرگرمیوں کے باعث طلبہ کی ذہنی، جسمانی، اخلاقی اور روحانی استعدادوں میں اضافہ فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: حافظ مبشر احمد جاوید۔ مبلغ سلسلہ و انچارج مدرسۃ الحفظ گھانا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button