افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ سیرالیون کا دو روزہ ریفریشر کورس

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کو ۲۲و۲۳؍نومبر ۲۰۲۴ء کو فری ٹاؤن میں دو روزہ ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس ریفریشر کورس میں نیشنل عاملہ خدام و اطفال کے ساتھ ساتھ ویسٹرن ریجن اور اس کے دونوں اضلاع ویسڑن ایریا اربن اور ویسٹرن ایریا رورَل کی عاملہ جات شامل ہوئیں۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و عہد سے ہوا۔ احمدوالفا صاحب نیشنل معتمد نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ریفریشر کورس کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ سید احمد حمزہ صاحب مربی سلسلہ و مہتمم اطفال نے مجلس خدام الاحمدیہ کی مختصر تاریخ بیان کی۔ خاکسار (نائب صدر اول) نے مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کے بنیادی اصول و ضوابط کے ساتھ ساتھ اہم بنیادی اصطلاحات کی وضاحت کی۔ اپنی افتتاحی تقریر میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون محمد مورث کمارا صاحب مربی سلسلہ نے عہدیداران کی ذمہ داریوں کے موضوع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تقاریر کا خلاصہ پیش کیا اور قائدین اور ناظمین کو اپنی سطح پر تمام نیشنل پروگرامز کے مکمل انعقاد کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ مجلس برخاست ہوئی۔ ایک بڑی تعداد نے ہیڈکوارٹرز میں ہی رات گزاری تا کہ نماز تہجد میں شامل ہوسکیں۔

دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد سب ممبران نے تلاوت کی۔ ناشتہ و تیاری کے بعد ساڑھے نو بجے تلاوت اور دعا سے صدر صاحب اور نائب صدر دوم کی زیر صدارت اجلاس کا آغاز مسجد بیت الاحد میں ہوا۔ مہتممین کرام نے اپنے اپنے شعبہ جات کا تعارف اور لائحہ عمل پیش کیا۔

اس کے ساتھ ہی خاکسار کی زیر صدارت نیشنل عاملہ مجلس اطفال الاحمدیہ سیرالیون اور ریفریشر کورس میں موجود ناظمین اطفال کا اجلاس خلافت لائبریری میں شروع ہوا۔ دعا اور عہد کے بعد انفرادی تعارف ہوا۔ پھر مہتمم صاحب اطفال نے اجلاس کا مقصد بیان کیا جس کے بعد خاکسار نے ہر شعبے کا تفصیلی تعارف اور لائحہ عمل پیش کیا اور سوالات کے جواب دیے۔ پھر تمام اراکین عاملہ مسجد میں تشریف لے گئے۔

مکرم عبد الحیٔ کوروما صاحب نائب امیر سیرالیون نے جماعت کے مالی نظام کا تعارف کروایا جس کے بعد سوال وجواب کی ایک دلچسپ مجلس ہوئی۔ اس مجلس کے ساتھ ہی باقی شعبہ جات نے اپنا لائحہ عمل پیش کیا۔ آخر پر خاکسار نے تمام اراکین عاملہ کو صدر مجلس سے منظور شدہ ٹارگٹس پیش کیے۔

ایک بجے کھانے سے شاملین کی تواضع کی گئی اور دو بجے نماز ظہر ادا کی گئی۔ نماز ظہر کے بعد شرکاء سے ان کے تاثرات سنے گئے کہ انہوں نے ریفریشر کورس سے کیا سیکھا۔ تین بجے سہ پہر مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی زیر صدارت اختتامی تقریب شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد معتمد صاحب نے ریفریشر کورس کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ مکرم امیر صاحب نے تمام شرکاء میں اسناد شرکت تقسیم کیں۔ کئی سال سے نیشنل عاملہ کا حصہ رہنے والے دو خدام کو، جو امسال ناصر ہوجائیں گے روایتی plaques دی گئیں اور اس کے بعد اپنی اختتامی تقریر میں عہدیداران کو عہد خدام الاحمدیہ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریاں ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے بعد گروپ فوٹو ہوا۔

ریفریشر کورس میں پہلے روز ۵۷؍جبکہ دوسرے روز ۶۷؍حاضری رہی۔ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو باثمر فرمائے اور نئے سال کے عہدیداران کو ان کی ذمہ داریاں کماحقہٗ انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: ذیشان محمود۔ نائب صدر اوّل مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button