عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… جنوبی کوریا میں مارشل لا لگانے پر صدر یون سک کے مواخذے کے معاملے پر ملک کی آئینی عدالت میں جائزے کا آغاز ہوگیا ہے۔ عدالتی ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عدالت میں صدر یون سک کے مواخذے پر پہلی سماعت ۲۷؍دسمبر کو ہوگی۔ عدالت کو چھ ماہ کے اندر صدر کو عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرنا ہے۔ صدر کی معطلی کی صورت میں حکومت کو دو ماہ میں صدارتی انتخابات کرانے ہوں گے۔ پولیس، وزارت دفاع اور اینٹی کرپشن والے رواں ہفتے صدر سے تفتیش کریں گے۔یاد رہے کہ صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک پارلیمنٹ میں ۱۴؍دسمبر کو منظور ہوئی تھی۔

٭…شام کے معزول صدر بشارالاسد نے اپنی حکومت کے خاتمے اور ملک چھوڑنے کے بعد پہلے بیان میں منصوبے کے تحت روانہ ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ بشارالاسد نے اپنے بیان میں کہا کہ روس نے ان سے شام سے انخلا کی درخواست کی تھی۔ تاہم انہوں نے اپنے ملک سے روانہ ہونے کا پہلے سے منصوبہ بنانے کی تردید کی۔بشارالاسد نے کہا کہ میڈیا اطلاعات کے برعکس وہ ۸؍دسمبر کی صبح تک شام میں ہی موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ حفاظتی طور پر اور ملک کا نظم و نسق چلانے کی غرض سے دمشق سے لاذقیہ میں حمیمیم فوجی اڈے میں منتقل ہوگئے تھے۔ تاہم ۸؍ دسمبر کی شام کو فوجی اڈے پر ڈرون طیاروں سے حملے کے پیش نظر روس نے اڈے کو ہنگامی بنیادوں پر خالی کرنے کا کہا۔

٭…فرانس کے جزیرے مایوٹے میں صدی کے بدترین سمندری طوفان چیڈو نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں گیارہ افراد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق ۲۲۰؍کلومیٹر ہواؤں سے درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں، سرکاری عمارتوں، ہسپتال، سینکڑوں کچے مکانات اور درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔مقامی حکام نے طوفان سے ہزاروں اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فی الوقت اموات کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔طوفان سے موزمبیق کے ساحلی شہر میں سڑکیں زیر آب آگئیں، بجلی کے کھمبے گرگئے، طوفان کا رخ زمبابوےاور ملاوی کی طرف ہوگیا۔

٭…قرغزستان کے صدر صدیر جاپاروف نے وزیرِ اعظم اکیل بیک جاپاروف کو برطرف کر دیا ہے۔ صدارتی ویب سائٹ پر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اکیل بیک جاپاروف کو دوسرے عہدے پر منتقلی کی وجہ سے ان کے موجودہ عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔اکیل بیک جاپاروف ۲۰۲۱ء سے وزیرِ اعظم کے عہدے پر فائز تھے۔قرغزستان کی صدارتی انتظامیہ نے ایک اور بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر نے وزارتِ عظمیٰ کے فرائض پہلے نائب وزیرِ اعظم عادل بیک قاسم مالیئیف کو سونپ دیے ہیں۔

٭…میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے چند گھنٹے میں شام پر ساٹھ کے قریب حملے کیے ہیں۔شامی مبصرین کے مطابق اسرائیل نے شام کے فوجی ٹھکانوں پر ۶۱؍میزائل داغے۔قنیطرہ شہر میں پیش قدمی پر عرب لیگ نے شام میں اسرائیلی دراندازی کی مذمت کی ہے۔ شام کے ساحلی شہر لاذقیہ میں گھات لگا کر حملہ کیا گیا، جس میں شامی باغی فورسز کے ۱۵؍جنگجو جاں بحق ہوگئے۔

٭…برطانیہ نے شام کے لیے پچاس ملین پاؤنڈ امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ لیمی کا کہنا ہے کہ پچاس میں سے تیس ملین پاؤنڈ سے شام میں انسانی امداد کے منتظر افراد کو فوری مدد فراہم کریں گے۔ امدادی رقم کا بیشتر حصّہ اقوام متحدہ کے چینلز کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا، جبکہ پڑوسی ممالک میں شامیوں کی مدد کے لیے دس دس ملین پاؤنڈ لبنان اور اردن میں ورلڈ فوڈ پروگرام، یو این ریفیوجی ایجنسی کو دیےجائیں گے۔

٭…جرمنی کی پارلیمنٹ نے چانسلر اولاف شولز پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔انہوں نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ مانگا تھا۔ جرمن پارلیمنٹ کے ۷۳۳؍ارکان میں سے ۳۹۴؍نے چانسلر پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا، چانسلر شولز نے مخلوط حکومتی اتحاد ٹوٹنے پر پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ طلب کیا تھا۔ چانسلر پر عدم اعتماد کے بعد جرمنی میں قبل از وقت انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی۔ جرمنی میں قبل از وقت انتخابات اگلے سال ۲۳؍فروری کو ہوں گے۔

٭…روسی صدر ولادیمر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس نے رواں سال ۱۸۹؍یوکرینی علاقوں پر قبضہ کیا۔ امریکہ یوکرین میں ہتھیار اور دیگر مدد بھیج کر کشیدگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، مغرب نے روس کو جواب دینے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے میزائل نصب کیے تو روس ایسے میزائلوں کی وجہ سے اپنی تمام رضاکارانہ پابندیاں اٹھالے گا۔روسی صدر نے کہا ہم جوہری ہتھیاروں کی برانڈنگ نہیں کر رہے، یہ نیوکلیئر ڈیٹرنس کی پالیسی ہے۔ سٹریٹجک نیوکلیئر ہتھیاروں کی صلاحیت برقرار رکھنا جاری رکھیں گے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button