پہلا نیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ زیر اہتمام مجلس صحت یوکے
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس صحت یوکے کے زیر اہتمام پہلا نیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ مورخہ ۳؍نومبر ۲۰۲۴ء بروز اتوارCanons Leisure سینٹر، مچم، یوکے میں منعقد ہوا جس میں یوکے بھر سے ۷۵ سے زائد خدام و انصار نے سنگلز اور ڈبلز کے مقابلوں میں شرکت کی۔
۳؍نومبر کو رجسٹریشن اور ناشتہ کے بعد سوا آٹھ بجے افتتاحی اجلاس مکرم رانا خالد احمد صاحب مربی سلسلہ کی زیرصدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر مجلس نے مجلس صحت کی جانب سے تمام شرکاءکو خوش آمدید کہا اور جسمانی ورزش کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں مکرم احسن مقصود صاحب مربی سلسلہ نے ٹورنامنٹ کی تفصیل سے شاملین کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں دعا ہوئی۔
افتتاحی اجلاس کے بعد بیڈمنٹن سنگلز ٹورنامنٹ کا آغاز ہوا جس میں ۳۸؍کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ وقت کی کمی کی وجہ سے سنگلز کے میچز ناک آؤٹ سسٹم کی بنیاد پر تھے۔ دس بجے کے قریب بیڈمنٹن ڈبلز کے مقابلے شروع ہوئے جن میں ۳۵؍ٹیموں نے حصہ لیا۔ یہ ٹیمیں آٹھ گروپس میں تقسیم کی گئی تھیں۔ ہر گروپ کی پہلی دو ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی ہوئیں۔
دن بھر ریفریشمنٹس دستیاب رہیں۔دوپہر کا کھانا پونے ایک بجے پیش کیا گیا جبکہ ظہر و عصر کی نمازیں دو بجے ادا کی گئیں۔نمازوں کی ادائیگی کے بعد بقیہ میچز مکمل کیے گئے۔
ڈبلز کے فائنل میچ کے دوران مہمان خصوصی مکرم عطاءالقدوس صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ یوکے اور مکرم مرزا رشید احمد صاحب صدر مجلس صحت یوکے بھی شامل ہوئے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اختتامی اجلاس شام چار بجے نائب امیر صاحب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم احسن مقصود صاحب نے ٹورنامنٹ کی رپورٹ پیش کی۔ نائب امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے اور اختتامی تقریر کی۔ اجلاس دعا کے ساتھ ختم ہوا جو صدر مجلس صحت یوکے نے کروائی۔
پہلے نیشنل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں مجموعی حاضری ۸۵ سے زائد رہی۔ الحمدللہ۔
نتائج
سنگلز: اوّل: فرحان احمد دہلوی۔ دوم: قمر خان۔ سوم:طاہر احمد کنگ
ڈبلز: اوّل: فرحان احمد دہلوی اور مشہود محمود۔ دوم:قمر خان اور مظفر عمر۔ سوم: بشارت احمد اور مبشر احمد
سب سے کم عمر کھلاڑی: مشہود محمود(۱۶؍سال)
سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی: مقصود احمد طاہر(۶۲؍سال)
(رپورٹ: محمود احمد وردی۔ انچارج بیڈمنٹن۔ مجلس صحت یوکے)