مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کےپندرھویں نیشنل سالانہ اجتماع کا بابرکت انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کو مورخہ ۱۹ و۲۰؍اکتوبر۲۰۲۴ء بروز ہفتہ و اتوار اپنا پندرھواں سالانہ نیشنل اجتماع شاہ تاج احمدیہ ہائی سکول، منروویا میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال اجتماع کا مرکزی موضوع ’’سچائی‘‘ تھا۔
اجتماع کی تیاری کے سلسلہ میں مکرم مشہود احمد بھٹی صاحب کی قیادت میں ۲۲؍شعبہ جات پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے تمام تر انتظامات مکمل کیے۔ اجتماع میں شرکت کے لیے لائبیریا کی مختلف کاؤنٹیز سے خدام و اطفال ایک روز قبل ہی عازم سفر ہوئے اور جمعہ کی رات تک قریباً تمام شاملین اجتماع گاہ پہنچ چکے تھے۔ ان کی آمد کے ساتھ ہی باقاعدہ رجسٹریشن کی گئی اور کارڈز فراہم کیے گئے۔
پہلاروز:۱۹؍اکتوبر بروز ہفتہ دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر و درس کے بعد ناشتہ اور افتتاحی تقریب کی تیاری کے لیے وقت دیا گیا۔ صبح۹؍بجے اجتماع کا باقاعدہ آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا۔ مولانا ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ مونٹسیراڈو کاؤنٹی نے قومی پرچم جبکہ مکرم سلمان احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا نے لوائے مجلس خدام الاحمدیہ بلند کیا۔ اس کے معاً بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عہد اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام برائے اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا پڑھ کر سنایا جس کے بعد آپ نے خدام کو سچائی اور دیانتداری اختیار کرنے نیز مسابقت الی الخیر کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔
علمی و ورزشی مقابلہ جات:افتتاحی تقریب کے معاً بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔اس سال علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، اذان، نماز، تقریر اور کوئز دینی معلومات شامل کیے گئے جبکہ ورزشی مقابلہ جات میں ثابت قدمی، پنجہ آزمائی، کرکٹ، والی بال ، فٹ بال اور میراتھن ریس شامل تھے۔ ان مقابلہ جات میں خدام و اطفال بڑے جوش و خروش سے شامل ہوتے رہے۔ مقابلہ جات کا یہ سلسلہ نماز ظہر و عصراور کھانے کے وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوکر شام چھ بجے تک چلتا رہا۔
خطاب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز بر موقع صدسالہ جوبلی مسجد فضل لندن: شام چھ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مسجد فضل لندن کی صد سالہ جوبلی کے موقع پر نشر کیا جانے والا تاریخی خطاب تمام حاضرین کو دکھانے کا اہتمام کیا گیا۔ خدام و اطفال میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات کو توجہ سے سننے میں دلچسپی پیدا کرنے کے لیے خطاب کے اختتام پر سوالات بھی پوچھے گئے اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
انتخاب صدر مجلس: رات۹؍بجے مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت آئندہ دو سالوں کے لیے صدر مجلس خدام الاحمدیہ لائبیریا کاانتخاب ہوا اور دعا کے ساتھ پہلے دن کی بھرپور سرگرمیاں اپنے اختتام کو پہنچیں۔
اجتماع کا دوسرا روز: ۲۰؍اکتوبر بروز اتوار اجتماع کے دوسرے روز کا آغاز بھی نماز تہجد کی ادائیگی سے ہوا۔ نماز فجر اوردرس کے بعد خدام کو میراتھن ریس کی تیاری کے لیے کچھ وقت دیا گیا۔
میراتھن ریس:امسال دوسری مرتبہ اجتماع کے موقع پر میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا۔اس میں مختلف کاؤنٹیز کی نمائندگی کرتے ہوئے ۵۰؍خدام نے شرکت کی جس میں شرکاء کو اجتماع گاہ سے لے کرIron Gate تک دو طرفہ کُل آٹھ کلومیٹرز کی مسافت طے کرنا تھی۔ خدام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے چند ممبران مجلس انصاراللہ نے بھی اس میں شمولیت کی۔ اس دوڑ کے بعد خدام کو ناشتہ پیش کیا گیا اور باقی ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔
اختتامی تقریب: دوپہر بارہ بجے مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے اختتامی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ نظم و گروپ قصیدہ کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ و ناظم رپورٹنگ) نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ امسال خدام و اطفال کے مجموعی طور پر کُل ۲۳؍علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جن میں ۶۳۱؍خدام و اطفال نے حصہ لیا۔بہترین کاؤنٹی کا اعزاز مونٹسیراڈو کاؤنٹی کے نام رہا۔تقسیم اسناد و انعامات کے بعدمکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔دعا سے اجتماع اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔
حاضری:امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے لائبیریا کی دس کاؤنٹیز سے کُل ۴۲۸؍خدام واطفال شامل ہوئے جو ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے علاقوں سے راستوں کی دشواری اور سفری سہولیات کے فقدان کے باوجود بڑے جوش و خروش کے ساتھ شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجتماع کے مقصد سے حقیقی رنگ میں فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
٭…٭…٭