جلسہ سالانہ نائیجیریا کا دوسرا دن
خدا تعالی کے فضل سے آج مورخہ ۲۱؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ نائیجیریا کے ۷۰ویں اور پلاٹینیم جلسے کا دوسرا دن تھا۔ دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے ہوا۔
نماز فجر اور ناشتے کے بعد جلسہ کے دوسرے دن کا پروگرام صبح دس بجے شروع ہوا۔ پہلے اجلاس کی صدارت محترم امیر صاحب نائیجیریا الحاج عبدالعزیز صاحب نے کی۔ سب سے پہلے معزز مہمانان کا تعارف کروایا گیا۔ مہمانان میں ریپبلک آف نائیجیریا کے صدر کی نمائندگی ان کے سپیشل ایڈوائزر نے کی۔ اسی طرح فیڈرل منسٹر آف ہیلتھ نائیجیریا نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ دیگر مہمانان کرام میں Emir of Ankpa اور گورنر اوگن سٹیٹ کے نمائندے، چیف امام الارو اور کرسچن ایسوسی ایشن نائیجیریا اوگن سٹیٹ کے نمائندوں سمیت بہت سے معززین بھی شامل تھے۔
تلاوت اور قصیدے کے بعد محترم ڈاکٹر سعید Timehin صاحب نے تقریر کی جسکے بعد معزز مہمانان نے مختصر اظہار خیالات کئے۔ پہلے اجلاس کا اختتام جماعت احمدیہ نائیجیریا کی جانب سے منعقد کردہ نمائش کی رونمائی سے ہوا جس میں مہمانان کے لیے جماعت کا تفصیلی تعارف، قرآن کریم کے تراجم اور ہیومینٹی فرسٹ اور IAAAE کی سرگرمیوں سے متعلق مواد موجود تھا۔
دوسرے اجلاس کی صدارت محترم مشنری انچارج نائیجیریا عدنان احمد طاہر صاحب نے کی۔ پروگرام کے آغاز میں محترم مشنری انچارج صاحب نے جلسہ کی برکات اور فضائل سے فوائد اٹھانے کی طرف توجہ دلائی۔ تلاوت اور قصیدے کے بعد آج کی دوسری تقریر محترم ڈاکٹر لطیف بساری صاحب نائب امیر تبلیغ نے کی۔ تقریر کے بعد ہاؤسا اور یوروبا میں ترجمہ کیا گیا جسکے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں نماز مغرب اور عشاء جمع کر کے اد کی گئیں۔