لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کے سینتالیسویں(۴۷) نیشنل اجتماع اور تیسویں(۳۰) مجلس شوریٰ کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے لجنہ اماءاللہ بنگلہ دیش کو اپنا سینتالیسواں نیشنل اجتماع اور تیسویں نیشنل مجلس شوریٰ بنگلہ دیش کے ہیڈ کوارٹر دار التبلیغ بکشی بازار میں مورخہ ۲۷تا۲۹؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز جمعہ تا اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال اجتماع کا مرکزی عنوان ’’تقویٰ‘‘ تھا۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز بروز جمعۃ المبارک صبح نو بجے ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم عبد الاول خان چودھری صاحب نیشنل امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش نے افتتاحی تقریر کے بعد دعا کروائی۔ عہد، عربی قصیدہ اور نظم کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: قیام نماز، اخلاقی حسن اور نئی نسل کو جماعت کے ساتھ منسلک کرنے کا طریق۔ بعدازاں مکرمہ تنزین اختر صاحبہ جنرل سیکرٹری لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔
نماز جمعہ اور کھانے کے وقفہ کے بعد دوپہر تین بجے اجتماع کا دوسرا اجلاس مکرمہ نورالنہار مقصود صاحبہ نائب صدر لجنہ اماءاللہ بنگلہ دیش کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور نظم سےشروع ہوا۔ بعدہٗ مکرم فیروز عالم صاحب انچارج مرکزی بنگلہ ڈیسک نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں چند نصائح کیں۔ اس کے بعد مکرمہ عشرت تازین صاحبہ نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش نے ’’اطاعت کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ پھر مکرمہ قرۃ العین سعدیہ صاحبہ نے سوشل میڈیا کے استعمال کے متعلق ضروری ہدایات پر ایک پریزنٹیشن پیش کی اور ایک کوئز منعقدہوا۔
سالانہ اجتماع میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور دینی معلومات کے تحریری مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں لوکل سطح پر ایک ہزار ۹۸۴؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۴۶۰؍ناصرات نے حصہ لیا۔ ان میں سے منتخب ۲۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ۴۳؍ناصرات نے سالانہ نیشنل اجتماع کے مقابلوں میں شرکت کی۔
اجتماع کے دوسرے روز مورخہ ۲۸؍ستمبر کو صبح نو بجے اختتامی اجلاس مکرمہ ریحانہ خیر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم اور نظم سے شروع ہوا۔ مکرمہ مبارکہ جہان صاحبہ سیکرٹری مال نے سالانہ مالی رپورٹ پیش کی۔ پھر شرمین اختر ناظمہ اعلیٰ سالانہ اجتماع نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صدر صاحبہ نے انعامات تقسیم کیے اور دعا کروائی۔
دوران اجتماع لجنہ اماءاللہ کے ساتھ ساتھ ناصرات الاحمدیہ کا اجلاس اور مقابلہ جات بھی جاری رہے۔ ناصرات کے اجلاس میں کوئز، سوشل میڈیا کے استعمال کے متعلق پریزنٹیشن کے علاوہ ناصرات کی ۹؍ٹیموں نے پوسٹرزتیار کرنے کے مقابلے میں بھی حصہ لیا۔
امسال اجتماع میں۷۴۰؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۱۴۸؍ناصرات، ۶۶؍بچوں اور ۱۱؍نَو مبائعات سمیت کُل ۶۹۵؍خواتین نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
بنگلہ دیش کے وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لجنہ اماء اللہ برطانیہ کے سالانہ اجتماع سے خطاب فرمایا جسے ایم ٹی اے کے ذریعے بنگلہ دیش کی اجتماع گاہ میں تمام ممبرات لجنہ اماءاللہ کو بھی بنگلہ ترجمہ کے ساتھ سننے اور دیکھنے کے ساتھ ساتھ دعا میں بھی شامل ہونے کی توفیق ملی۔ خطاب کے اختتام پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی از راہ شفقت اجازت کے بعد لجنہ اور ناصرات کی ٹیموں نے اپنے پیارے امام کے سامنے ترانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس اجلاس میں شمولیت سے ممبرات لجنہ اماءاللہ کو بے حد خوشی اور مسرت نصیب ہوئی۔
تیسویں نیشنل مجلس شوریٰ
تیسویں نیشنل مجلس شوریٰ لجنہ اماء اللہ بنگلہ دیش کا پہلا اجلاس ۲۸؍ستمبر بروز ہفتہ دوپہر تین بجے مکرمہ صدر صاحبہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد صدر صاحبہ نے تقریر کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد گذشتہ تین سال کی مجالس شوریٰ کی تجاویز پر عمل در آمد کی رپورٹ مکرمہ تنزین اختر صاحبہ سیکرٹری مجلس شوریٰ نے پیش کی۔ بعد ازاں تیسویںمجلس شوریٰ کی تجاویز اور ۲۰۲۴ء – ۲۰۲۵ء کا سالانہ بجٹ پیش کیا گیا۔ بعدازاں جنرل سب کمیٹی اور فنانس سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔
مجلس شوریٰ کا دوسرا اور اختتامی اجلاس ۲۹؍ستمبر بروز اتوار صبح نو بجے تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ اس کے بعد جنرل سب کمیٹی اور فنانس سب کمیٹی نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں جن پر گفتگو اور ووٹنگ ہوئی۔ آخر پر صدر اجلاس کی اختتامی تقریر اور دعا کے ساتھ مجلس شوریٰ اپنے اختتام کو پہنچی۔
(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)