خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… سیّدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمدخلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۰؍ دسمبر۲۰۲۴ء میں سنہ ۶؍ہجری کےبعض غزوات اور سرایا کا ذکر فرمایا۔ خطبہ ثانیہ سے قبل حضور انور نے دنیا کے بگڑتے سیاسی حالات اور آسمانی آفات کے تناظر میں دعاؤں کی تلقین فرمائی۔ جمعے کے بعد مکرم امیر حسن مرانڑی صاحب شہید نصرت آباد میرپور خاص کا جنازہ غائب بھی ادا فرمایا۔ مرحوم کو۱۳؍دسمبر کی صبح فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا تھا۔ (مزید تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو الفضل ۲۳؍دسمبر ۲۰۲۴ء)
٭… عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں اسرائیلی بمباری کو جنگ نہیں ظلم قرار دے دیا۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جمعے کو ایک ہی خاندان کے سات بچوں سمیت دس افراد شہید ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ بچوں پر بمباری کی گئی، یہ ظلم ہے، یہ جنگ نہیں ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے پوپ فرانسس پر دہرے معیار کا الزام عائد کردیا۔اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس کا بیان مایوس کُن ہے کیونکہ اس کا سچ سے تعلق نہیں، وہ اسرائیلی جنگ سے واقف نہیں۔ وزارت خارجہ نے غزہ میں اپنی جارحیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پوپ فرانسس نے ان سب کو نظر انداز کرنے کا انتخاب کیا ہے۔
٭… امریکہ نے غلطی سے بحیرۂ احمر میں اپنا ہی طیارہ مار گرایا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ میزائل کروز گیٹس برگ نے میزائل مار کر طیارہ غلطی سے مار گرایا۔غلطی سے گرائے گئے امریکی طیارے کے دونوں پائلٹ بچ گئے ہیں۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایف اے ۱۸ہارنیٹ طیارہ بحیرۂ احمر میں امریکی جہاز کے قریب سے گزر رہا تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے یہ بھی کہا کہ غلطی سے گرائے گئے امریکی طیارے کا ایک پائلٹ معمولی زخمی ہوا ہے۔
٭…سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی مکہ مکرمہ سڑک پر متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔شہری دفاع کے مطابق حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ٹریفک پولیس اور شہری دفاع کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا،اور گاڑی میں پھنسے ایک شخص کو بچالیا۔
٭…یونان میں تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی، کشتی میں سوار آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ اٹھارہ کو ریسکیو کر لیا گیا۔ تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کا تازہ واقعہ جمعے کو صبح مشرقی یونانی جزیرے روڈز کے قریب پیش آیا۔ تیز رفتار کشتی بحری جہاز سے بچنے کے لیے خطرناک طریقے سے چل رہی تھی اور توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے الٹ گئی اور تارکین وطن سمندر میں گر گئے۔
٭…نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکہ سے تیل اور گیس کی خریداری کر کے اپنا خسارہ کم کرے، ورنہ اسے ہر طرف سے ٹیرف کا سامنا کرنا ہوگا اور کئی دہائیوں تک امریکہ کے ساتھ بڑے تجارتی سرپلس چلانے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ یورپی یونین کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کے لیے تیار ہیں کہ توانائی کے شعبے اور پہلے سے مضبوط تعلقات کو مزید مضبوط کیسے بنایا جائے۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی چین کینیڈا اور میکسیکو پر پچیس فیصد مزید ٹیرف لگانے کا اعلان کرچکے ہیں۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے تائیوان کے لیے ۵۷۱؍ملین ڈالرز کی فوجی امداد کی منظوری دے دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن نے تائیوان کو دفاعی سامان، خدمات اور فوجی تعلیم و تربیت کے لیے امداد کی منظوری دی ہے۔