جماعت احمدیہ مائل ۹۱؍ڈسٹرکٹ، ٹونکولیلی، سیرالیون میں تقریب آمین کا انعقاد
مکرم قاسم احمد طاہر صاحب ریجنل مبلغ نارتھ ویسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم دسمبر۲۰۲۴ء کو مائل ۹۱؍،ڈسٹرکٹ ٹونکو لی لی میں ایک تقریب آمین منعقد ہوئی جس میں مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کے علاوہ مکرم محمد نعیم اظہر صاحب نائب امیر اوّل و مبلغ انچارج، مکرم ابراہیم بنگورا صاحب نائب امیر نے بھی شرکت کی۔
مکرم امیر صاحب نے تقریب سے پہلے احمدیہ پرائمری و سیکنڈری سکول کا دورہ کیا اساتذہ اور طلبہ کو چند نصائح کیں۔
تقریب آمین کا آغاز تلاوت قرآن کریم، حدیث ، نظم اور حضرت مسیح موعودؑ کے ایک قصیدہ سے ہوا۔ اس کے بعد خدام نے اردو میں ترانہ ’’خلافت کے امیں ہم ہیں، امانت ہم سنبھالیں گے‘‘ پیش کیا۔ اطفال و ناصرات نے اپنے عہد، نماز سادہ، نماز باترجمہ اور پچیس چھوٹی احادیث ترجمہ کے ساتھ پیش کیں۔ حاضرین جن میں احمدی اور غیر از جماعت احباب شامل تھے بہت محظوظ ہوئے۔
اس موقع پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے سات اطفال اور تین ناصرات سے قرآن کریم مختلف مقامات سے سنا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے ان میں اسناد تقسیم کیں۔ بعد ازاں امیر صاحب اور مبلغ انچارج صاحب نے حاضرین کو نصائح کیں۔ اس پروگرام میں آٹھ غیر احمدی ائمہ بھی شامل ہوئے اور ایک امام صاحب نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کی عوام کو صحیح دین اسلام سکھانے اور قرآن کریم کی تعلیم دینے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو جماعت احمدیہ کا نمونہ اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔
اس پروگرام میں ۳۴۵؍احباب جماعت نے شرکت کی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد احباب جماعت کی کھانے سے تواضع کی گئی۔
(مرسلہ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کا پچیسواں (سلور جوبلی) اجتماع نیز مجلس مشاورت کا انعقاد