خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…دنیا بھر میں مسیحی تہوار کرسمس کی تقریبات ۲۵؍دسمبر کو منائی گئیں۔ ویٹیکن سٹی میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر پوپ فرانسس نے کہا کہ موجودہ حالات میں بہت مایوسی ہے، جنگیں جاری ہیں، بچے بندوقوں کے نشانے پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں اور ہسپتالوں پر بم برسائے جا رہے ہیں، ہمیں ناامید نہیں ہونا چاہیے۔ غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر عیسائیوں کے مقدس شہر بیت لحم میں مسلسل دوسرے سال کرسمس کا تہوار سادگی سے منایا جارہا ہے۔
٭…مشرقی افریقی ملک موزمبیق میں متنازع انتخابات کے بعد پُرتشدد واقعات میں ۲۱؍افراد ہلاک ہو گئے۔ موزمبیق کے وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں پُرتشدد واقعات میں دو پولیس افسران سمیت ۲۱؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پُرتشدد واقعات میں ملوث ستّر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ مسلح افراد نے تھانوں اور حراستی مراکز پر بھی حملے کیے ہیں۔
٭…امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کو منگل کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ ۷۸؍سالہ بل کلنٹن کو بخار ہونے کے بعد ٹیسٹ اور علاج کے لیے پیر کی شام واشنگٹن ڈی سی کے جارج ٹاؤن یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں۲۰۲۱ء میں خون تک پہنچنے والے انفیکشن کی وجہ سے کیلیفورنیا میں چھ دن کے لیے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
٭…یوکرین نے روس کی جانب سے جمعہ کوکیے گئے فضائی حملے کے جواب میں سرحد سے ایک ہزار کلو میٹر دور روس کے شہر کازان میں ایک بلند رہائشی عمارت پر ڈرون حملہ کر دیا۔ مقامی حکّام کے مطابق ۱.۳؍ ملین سے زیادہ آبادی رکھنے والے شہر کازان کی رہائشی عمارت پر ہونے والے ڈرون حملے میں عمارت کو نقصان پہنچا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخوروا نے بتایا ہے کہ دو ڈرونز نے ۳۷؍منزلہ اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔یوکرین روس کی ایک غیر متعینہ صنعتی تنصیب کو نشانہ بنا رہا تھا لیکن اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
٭…ایران نے امریکہ کی جانب سے یمن پر کیے جانے والے جارحانہ حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بگھائی نے اتوار کو اپنے بیان میں یمنی عوام کی فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کو سراہا اور یمن میں جاری امریکی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر امریکہ کے مسلسل اور جارحانہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔اسماعیل بگھائی نے مسلم دنیا، علاقائی ممالک اور اقوامِ متحدہ سے یمن پر امریکہ، برطانیہ اور اسرائیلی حکومت کے حملوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔
٭…روسی عدالت نے امریکی شہری کو جاسوسی کے جرم میں پندرہ سال قید کی سزا سنا دی۔امریکی شہری فی الحال روس میں رشوت خوری کے الزام میں ساڑھے تین برس کی سزا کاٹ رہا ہے۔اس پر گذشتہ برس اگست میں جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ روسی حکام نے اس کے خلاف جاسوسی کے مقدمے کی تفصیلات عام نہیں کیں۔
٭…ایران کی سائبر سپیس کونسل نے واٹس ایپ پر پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی۔ سائبر سپیس سپریم کونسل نے واٹس ایپ اور گوگل پلے پر پابندی ہٹانے کےلیے متفقہ ووٹ دیا۔ ایران میں میسجنگ ایپ واٹس ایپ پر دو سال سے پابندی عائد ہے۔
٭…اسرائیلی پارلیمنٹ نے ملک میں نافذ ایمرجنسی میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔ تل ابیب سے عرب میڈیا کے مطابق ہنگامی حالت میں توسیع پارلیمنٹ میں خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کی سفارش پر کی گئی۔ ہنگامی حالت میں توسیع ۱۶؍دسمبر ۲۰۲۵ءتک نافذ العمل رہے گی۔ یاد رہے کہ ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ءکے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔
٭…البانیہ میں معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ایک سال کے لیے پابندی لگانے کا اعلان کر دیا گیا۔ حکومت نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ ایک نوجوان طالبِ علم کے قتل کے بعد کیا ہے۔اس جھگڑے کا آغاز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ہونے والی بحث سے ہوا تھا۔ واقعے کے بعد حکام نے والدین اور اساتذہ کے ساتھ ۱۳۰۰؍میٹنگز کیں جس کے بعد ٹک ٹاک کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔البانوی وزیرِ اعظم اِدی رام نے کہا ہے کہ ہم ایک سال کے لیے ٹک ٹاک کو مکمل بند کرنے جا رہے ہیں اور اس پابندی کا آغاز نئے آنے والے سال سے ہو گا۔