افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون میں نومبائعین کے لیے ایک روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۷؍دسمبر۲۰۲۴ء کو سیرالیون کے ویسٹرن ریجن میں فری ٹاؤن ویسٹ کو ایک روزہ ریفریشر کورس برائے نومبائعین منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

ریفریشر کورس کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز بروز ہفتہ صبح ساڑھے دس بجے مبلغ انچارج و نائب امیر اوّل سیرالیون مکرم محمد نعیم اظہر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ)نے ریفریشر کورس کی اہمیت واضح کی اور شمولیت اختیار کرنے والے انصار، خدام، ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد مختلف علاقوں سے آنے والے نومبائعین نے اپنا تعارف کروایا۔ بعدازاں ان موضوعات پر لیکچرز ہوئے: ’’وفات مسیحؑ اور جماعت احمدیہ کا موقف‘‘ ازسید حمزہ سعید صاحب، ’’ختم نبوت کے بارے میں جماعت احمدیہ کا موقف اور غیر احمدیوں کے اعتراضات کا ردّ‘‘ از مولانا منیر حسین صاحب اور ’’ظہور مہدی معہود و مسیح موعودؑ‘‘ از خاکسار۔ تمام لیکچرز کے بعد شاملین کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔

حاضرین نے لیکچرز میں بہت دلچسپی دکھائی اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ مبلغ انچارج صاحب نے جماعت میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی کہ انہوں نے امام وقت کو پہچانا ہے اور اس کے دامن سے وابستہ ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی نصیحت کی کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو بھی بطور احمدی احسن طور پر نبھانا ہے۔ دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام ہوا۔

پروگرام میں شامل نومبائعین کے تاثرات بہت مثبت تھے۔ ایک نومبائع نے حضرت مسیح موعودؑ کی غلامیٔ رسول و فیضان مصطفیٰﷺ پر بہت عقیدت وپیار کا اظہار کیا۔ ایک نومبائع جو عیسائی تھے پھر احمدی مسلمان ہوئے پروگرام کے دوران حضرت عیسیٰؑ کی صلیبی موت سے نجات کے اناجیل سے ثبوتوں کو بہت غور سے دیکھ رہے تھے اور خوشی کا اظہار بھی کیا۔ پروگرام کے اختتام پر شاملین کی تواضع کھانے سے کی گئی۔

اس ریفریشر کورس میں ۴۴؍نومبائعین سمیت ۵۵؍ افراد شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حقیقی احمدی بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button