یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کےدوسرے سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کو مورخہ ۲۰ و ۲۱؍ستمبر۲۰۲۴ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں اپنا دوسراسالانہ دو روزہ اجتماع کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اجازت ومنظوری حاصل کرنے کے بعد مکرم جاذب احمد شاہد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا نے سالانہ اجتماع ۲۰۲۴ء کے ليے مختلف ناظمین پر مشتمل کمیٹی مقرر کی اور ناظمین کے ساتھ اجلاس کرکے اُن کی ڈیوٹیاں اور اُن کےمفوضہ کام تقسیم کیے اور بڑے جوش و جذبے اورزور و شور سے اپنے اِس اجتماع کے انعقاد کی تیاری شروع کردی۔ اِس دوران مشن ہاؤس میں مختلف میٹنگز بھی ہوتی رہیں جن میں اجتماع سے متعلقہ کاموں اور تیاری کا جائزہ لیا جاتا رہا۔

اجتماع کے پہلے روز نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین اجتماع نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست دیکھا اور سنا۔ اِس کے بعد سب نے دوپہر کا کھانا مشن ہاؤس میں تناول کیا۔

شام چھ بجے مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی صدارت میں پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد صدر صاحب نے اس اجتماع کے انعقاد پراللہ تعالیٰ کی حمدوثنا کی نیز شاملین اجتماع کا بھی شکریہ ادا کیا اور اُن کو خوش آمدید کہا۔ صدر صاحب نے خدام کو نماز تہجد میں باقاعدگی اختیار کرنے، پنجوقتہ نمازوں کو باجماعت ادا کرنے اور قرآن کریم کی تلاوت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

گذشتہ برس کی طرح امسال بھی جماعت احمدیہ لتھوانیا سے کچھ خدام مکرم احمد فراز صاحب مبلغ انچارج وصدر جماعت لتھوانیا اور مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا کی معیت میں اِس مبارک اجتماع میں شامل ہوئے۔

اِمسال مکرم عبد الواسع صاحب مبلغ سلسلہ ونیشنل صدر جماعت احمدیہ ایسٹونیا کی قیادت میں بھی دو خدام پہلی مرتبہ اس اجتماع میں شریک ہوئے۔ صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نےاِن دونوں ہمسایہ ممالک سے آنے والےوفود کو بھی خوش آمدید کہا اور میزبان خدام کو ان کی بہترین مہمان نوازی کی تاکید کی۔ اجتماعی دعا کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا اورسب سے پہلے تلاوت قرآن کریم کا مقابلہ ہوا۔

ورزشی مقابلہ جات میں حصہ لینے کے ليے خدام مشن ہاؤس سے کچھ فاصلہ پر واقع ایک سپورٹس ہال میں تشریف لے گئے جو اِس مقصد کے ليے کرایہ پرحاصل کیا گیا تھا۔ ورزشی مقابلہ جات میں یہ مقابلے شامل تھے:۱۰۰؍میٹر دوڑ، تین ٹانگ دوڑ، ثابت قدمی، والی بال اور فٹ بال۔ مقامی اور ہمسایہ ممالک سے تشریف لائے ہوئے خدام نے اِن مقابلہ جات میں بڑے جوش وخروش سے حصہ لیا۔ اِن مقابلہ جات کے ساتھ پہلے دن کا پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

دوسرا روز: دوسرے روز کا آغازباجماعت نمازِ تہجد، فجر اور درس القرآن سے ہوا۔ بعدازاں سب خدام نے اجتماعی تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ صبح سات بجے مشن ہاؤس میں ٹیبل ٹینس کےسنگلز اور ڈبلز میچز کا آغاز ہوا جس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ گیارہ بجے صبح مشن ہاؤس میں ہی علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا جن میں درج ذیل مقابلے شامل تھے:نظم، اذان، تقریر فی البدیہہ، تقریر اُردو اور انگریزی، مشاہدہ ومعائنہ اوررسالہ الوصیت سےکوئز۔ منصفی کے فرائض مکرم اظہر اقبال صاحب مبلغ سلسلہ لتھوانیا، مکرم نیشنل صدر صاحب جماعت احمدیہ ایسٹونیا اور خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت لٹویا)نے ادا کیے۔

علمی مقابلہ جات میں بھی خدام نے بڑے جوش وجذبے سے حصہ لیا۔ ان مقابلہ جات کے اختتام پر اختتامی تقریب کے انعقاد سے پہلے انعامات وغیرہ کی تیاری کے ليے ایک وقفہ کیا گیا اورمہمانان کی خدمت میں شام کا کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد اور اختتامی اجلاس سےقبل خاکسار کی زیرصدارت تلقین عمل کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں لتھوانیا اور ایسٹونیا سے آنے والےمبلغین کرام نے بعض ایمان افروزواقعات بیان کیے اور خدام کو چند نصائح کیں۔

اختتامی اجلاس کا آغاز خاکسار کی زیرصدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرم عطاء الصبور خان صاحب مہتمم تربیت مجلس خدام الاحمدیہ لٹویانے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعدورزشی اور علمی مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اجتماع میں شامل دو اطفال اور ایک بچے کو خصوصی انعام سے دیا گیا۔ نیز دونوں مہمان ججز کو بھی خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ تقسیم انعامات کے بعد خاکسار نے خدام کو نصیحت کی کہ جو باتیں آپ نے اس اجتماع سے سیکھی ہیں اُن پر عمل کرنے کی کوشش کریں اور اپنی پڑھائی اور اپنے دنیاوی کاموں کے ساتھ ساتھ دین اور دینی خدمات کے ليے بھی وقت ضرور نکالیں۔ دعا کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کے دوسرےسالانہ اجتماع کا کامیاب اختتام ہوا جس کے بعد سب حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ لٹویا میں گذشتہ سال مجلس خدام الاحمدیہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ کُل ۱۵؍خدام ہیں جن میں سے ۱۲؍اس اجتماع میں شامل ہوئے۔ بالٹک سٹیٹس کے تینوں ممالک لٹویا، لتھوانیا اور ایسٹونیا میں ابھی افرادِجماعت کی تعداد زیادہ نہیں ہے۔

لتھوانیا سے ۹؍خدام، ایک طفل، ایسٹونیا سے تین خدام، لٹویا سے ایک طفل، ایک بچہ، ایک ناصر اور پانچ ممبرات لجنہ اماءاللہ، یوکے سے دو مہمان خدام اور ایک سری لنکن غیراحمدی نوجوان سمیت اجتماع کی کُل حاضری ۳۶؍رہی۔

اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کی اس سعی کو قبول فرمائے اور اس اجتماع کے نیک نتائج پیدا کرے اور آئندہ سال اس سے بھی بڑا اور کامیاب اجتماع منعقد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button