کلام حضرت مصلح موعود ؓ
بڑھتي رہے خدا کي محبت خداکرے
(انتخاب از منظوم کلام حضرت صاحبزادہ مرزا بشير الدين محمود احمد المصلح الموعود خليفة المسيح الثانيؓ)
بڑھتي رہے خدا کي محبت خدا کرے | حاصل ہو تم کو ديد کي لذت خدا کرے |
توحيد کي ہو لب پہ شہادت خدا کرے | ايمان کي ہو دل ميں حلاوت خدا کرے |
پڑ جائے ايسي نيکي کي عادت خدا کرے | سرزد نہ ہو کوئي بھي شرارت خدا کرے |
حاکم رہے دلوں پہ شريعت خدا کرے | حاصل ہو مصطفےٰؐ کي رفاقت خدا کرے |
مٹ جائے دل سے زنگِ رذالت خدا کرے | آجائے پھر سے دورِ شرافت خدا کرے |
مل جائيں تم کو زہد و امانت خدا کرے | مشہور ہو تمہاري ديانت خدا کرے |
بڑھتي رہے ہميشہ ہي طاقت خدا کرے | جسموں کو چھو نہ جائے نقاہت خدا کرے |
مل جائے تم کو دين کي دولت خدا کرے | چمکے فلک پہ تارۂ قسمت خدا کرے |
ٹل جائے جو بھي آئے مصيبت خدا کرے | پہنچے نہ تم کو کوئي اذيت خدا کرے |
اُٹھتا رہے ترقي کي جانب قدم ہميش | ٹوٹے کبھي تمہاري نہ ہمت خدا کرے |
تبليغِ دين و نشرِ ہدايت کے کام پر | مائل رہے تمہاري طبيعت خدا کرے |
سايہ فِگن رہے وہ تمہارے وجود پر | شامل رہے خدا کي عنايت خدا کرے |
زندہ رہيں علوم تمہارے جہان ميں | پايندہ ہو تمہاري لياقت خدا کرے |
ہر گام پر فرشتوں کا لشکر ہو ساتھ ساتھ | ہر ملک ميں تمہاري حفاظت خدا کرے |
قائم ہو پھر سے حکمِ محمدؐ جہان ميں | ضائع نہ ہو تمہاري يہ محنت خدا کرے |
تم ہو خدا کے ساتھ خدا ہو تمہارے ساتھ | ہوں تم سے ايسے وقت ميں رُخصت خدا کرے |
(کلام محمود مع فرہنگ صفحہ ۳۳۲-۳۳۴)