عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اسرائیلی فوج کے طیاروں نے یمن میں حوثیوں کے علاقوں پر بمباری کرتے ہوئے دارالحکومت صنعاء کے ایئرپورٹ اور حدیدہ شہر میں تیل اور بجلی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس میں تین افراد جاں بحق اور سولہ زخمی ہوئے ہیں۔ فضائی حملے میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر تیدروس ادہانوم بال بال بچ گئے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر تیدروس نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے نے صنعاء ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا، اس وقت وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ یمن سے روانہ ہونے والے تھے۔ ڈاکٹر تیدروس یمن میں اقوام متحدہ کے مغوی عملے کی رہائی کے لیے مذاکرات کرنے اور جنگ زدہ ملک کی صحت و انسانی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موجود تھے۔

٭… قطر اور مصر کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں، قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے حماس کے وفد سے ملاقات کی۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق حماس راہنما خلیل الحیا کی قیادت میں حماس وفد نے قطری وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق قطری وزیراعظم اور حماس وفد کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس سے قبل حماس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے عائد کی جانے والی نئی شرائط کے باعث جنگ بندی معاہدے میں تاخیر ہورہی ہے۔

٭… جنوبی کوریا کے طیارے میں لینڈنگ کے دوران آگ لگ گئی، حادثے میں ۱۷۹؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ طیارے میں عملے کے چھ ارکان سمیت ۱۸۱؍ افراد سوار تھے، عملے کے دو ارکان مرد اور خاتون کو بچا لیا گیا ہے۔ حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب پیش آیا، طیارہ رن وے سے اتر کر رن وے کے گرد لگی باڑھ سے جا ٹکرایا۔فائر ایجنسی کے مطابق بہت سے افراد طیارے سے باہر گرنے کے باعث ہلاک ہوئے۔حادثہ جنوبی کوریا کے جنوبی علاقے میں واقع موان ایئر پورٹ پر پیش آیا، ایمرجنسی عملے نے طیارے میں لگی آگ بجھا دی۔

٭… برطانیہ میں مسافروں کو ایئرپورٹ آنے سے قبل پرواز کا شیڈول چیک کرنے اور گاڑیاں چلانے والے افراد کو بھی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔شدید دھند کے باعث لندن کے ایئرپورٹس پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے، ہیتھرو اور گیٹ وک ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔

٭… عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے کے بعد غزہ کا کمال عدوان ہسپتال بھی بند ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے حماس کے مسلح عناصر کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں غزہ کے شمال میں واقع آخری فعال کمال عدوان ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے ہسپتال کے طبی عملے، مریضوں اور ہسپتال کے احاطے میں پناہ لیے ہوئے بے گھر فلسطینیوں کو جبری طور پر باہر نکال دیا اور ہسپتال کے سرجری ڈپارٹمنٹ، لیبارٹری، گودام اور ایمبولنس یونٹس کو آگ لگا دی۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملے میں ہسپتال کے مرکزی شعبے جل کر تباہ ہو جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور ہسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ڈاکٹر سمیت طبی عملے کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ اسرائیلی فوج نےغزہ کےکمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔

٭… سعودی عرب کی جانب سے افغانستان کو امداد میں ۵۱۷؍شیلٹر کٹس بھیجی گئی ہیں۔ جلال آباد میں ۲۶۷؍خاندانوں کے ایک ہزار ۶۵۶؍ افراد کو سعودی امداد سے فائدہ پہنچا ہے۔ افغانستان کے صوبۂ لغمان میں بھی ۲۵۰؍خاندانوں کے ایک ہزار پانچ سو افراد کو اس امداد سے فائدہ پہنچا ہے۔

٭… آذربائیجان نے روس سے قازقستان میں طیارے کے حادثے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ آذربائیجان کے رکنِ پارلیمنٹ راسم موسی بیوف نے کہا ہے کہ روس کو طیارے حادثے کی ذمے داری قبول کرنی چاہیے اور ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی اور متاثرین کو معاوضے کا اعلان کرنا چاہیے۔دوسری جانب کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں کسی قسم کا تبصرہ نہیں کر سکتے۔طیارہ چیچنیا کے نیکولیوسکوئی گاؤں کے قریب پھنس کر رہ گیا تھا، ابتدائی طور پر پائلٹوں کا خیال تھا کہ پرندا ٹکرانے سے طیارے کو نقصان پہنچا ہے، بعد میں فلائٹ کمانڈر نے بتایا کہ گروزنی میں کارپٹ پلان کی اطلاع دی گئی تھی۔کارپٹ پلان ایمرجنسی کی صورت میں فضائی حدود بند کرنے کا پروٹوکول ہے، تب تک طیارے میں خرابی کی اطلاع اور رخ تبدیلی کی درخواست کی جا چکی تھی۔ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں عملے سمیت ۶۷؍افراد موجود تھے جن میں ۳۹؍ ہلاک اور ۲۸؍ افراد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button