افریقہ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ نا ئیجر کی دوسری نیشنل شوریٰ اور صدر مجلس کا انتخاب

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر کو امسال اپنی دوسری نیشنل شوریٰ مورخہ یکم دسمبر کو بروز اتوار بمقام محمد آباد، گڈاں رومجی ریجن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

امیر و مبلغ انچارج نائیجر مکرم اسد مجیب صاحب کے ہمراہ مکرم یوسف ایرو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کی زیرصدارت نیشنل شوریٰ مجلس خدام الاحمدیہ کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصراً نظام شوریٰ کی اہمیت و افادیت پر افتتاحی تقریر کی۔ امیر صاحب نے امسال شوریٰ کے ایجنڈے میں شامل دوتجاویز مجلس شوریٰ کےسامنے پیش کیں۔ ہر تجویز کے ليے الگ الگ سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور ہر کمیٹی کے ليے صدر اور سیکرٹری جنرل بھی مقرر کیے۔ اس طرح ۳۲؍ممبران شوریٰ کودو کمیٹیوں میں تقسیم کیا گیا۔ دعا کے ساتھ افتتاحی تقریب کا اختتام ہوا۔

دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ اور مکرم امیرصاحب کی زیر صدارت بعد از نماز عصر ہوا۔ سب کمیٹیز کے صدران نے ایجنڈے میں شامل تجاویز ایک مرتبہ پڑھ کر سنائیں۔ جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔

تجویز نمبر ۱: خدام و اطفال کے دینی علم کو بڑھانے کے ليے ایک جامع پلان تجویز کیا جائے اور اس کے ليے ہر عمر کے حساب سے سلیبس بھی تیار کیا جائے۔

تجویز نمبر ۲: ہر ریجن میں مستقل بنیادوں پر خدام کے سپورٹس کے پروگرام رکھے جائیں اس کے ليے ایک جامع پلان تجویز کیا جائے۔

اس کے بعد اس حوالے سے ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات پیش کی گئیں جو تمام نمائندگان کے اتفاق سے حضورِانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں بغرض منظوری ارسال کی گئیں۔

اس کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجر کے لیے انتخاب ہوا۔ انتخاب سے قبل امیر صاحب نے خدام کو چند نصائح کیں اور انتخاب کی کارروائی کا آغاز کیا گیا جو خوش اسلوبی سے اپنے انجام کو پہنچا اور اس طرح دوسرے اجلاس کی کارروائی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد ممبران شوریٰ کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button