افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گیمبیا کی ذیلی تنظیموں کے بعض پروگرامز

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ گیمبیا کی ذیلی تنظیموں کو بھی باقی دنیائے احمدیت کی طرح مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ ان میں سے بعض کی مختصر رپورٹس ہدیۂ قارئین ہیں۔

ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن

مکرم یوسف فاٹی صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ اپر ریور ریجن کو مورخہ ۱۳؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو اپنا ریجنل اجتماع بصے میں واقع ناصر احمدیہ سینئر سیکنڈری سکول میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

اپر ریور ریجن کا ریجنل اجتماع

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔افتتاحی دعا ریجنل قائد مکرم محمد قاسم صاحب نے کروائی۔ اس کے بعد مکرم موسیٰ ڈرامے صاحب قائد مقامی نے اپنی گذارشات میں اجتماع کا مقصد بیان کیا۔خاکسار نے خدام الاحمدیہ کی ابتدائی تاریخ پر ایک تقریر کی اور خدام الاحمدیہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ایک سوال و جواب کی مجلس کے بعد شرکاء کی ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی اور شاملین کا گروپ فوٹو ہوا۔ تقریب کا اختتام بعد ازنماز مغرب و عشاء ہوا۔

اس تقریب میں کُل ۳۰؍افراد (۱۱؍اطفال اور ۱۹؍خدام) نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

مجلس خدام الاحمدیہ بانجل/کومبو کے زیر اہتمام
پکنک اور آؤٹ ڈور کھیلوں کا انعقاد

مکرم الیو فاٹی مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ مجلس خدام الاحمدیہ بانجل/کومبو نے مورخہ ۲۷؍اکتوبر ۲۰۲۴ء بروز اتوار ایک روزہ پکنک کا اہتمام کیا۔ اس تقریب کا مقصد مجلس کے خدام اور اطفال کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔

یہ پکنک سہ پہر تین بجے شروع ہوئی جس کے شرکاء نیشنل ہیڈ کوارٹرز سے پکنک کی جگہ کے لیے روانہ ہوئے۔ مقام پکنک پر خدام کو دو ٹیموں میں تقسیم کیا گیا اور ایک دوستانہ فٹ بال میچ اور مختلف آؤٹ ڈور کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اطفال نے بھی آپس میں فٹ بال کھیلا اور دیگر کھیلوں سے لطف اندوز ہوئے۔ دریں اثنا دیگر شرکاء نے باربی کیو تیار کیا اور سب کو ریفریشمنٹ پیش کی۔

بانجل/کومبو ریجن کی پکنک

پکنک کے دوران ایک باقاعدہ اجلاس ہوا جس کی صدارت مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج نے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مبلغ انچارج صاحب نے حاضرین سے مخاطب ہوکر معاشرے کے اندر اتحاد کی اہمیت اور خلافت سے وابستگی پر زور دیا۔ آپ نے نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے موقع پر حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوانوں کو قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دی اور زور دیا کہ وہ سچائی پر قائم رہیں۔ دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔ شاملین نے کھانا تناول کیا۔ اس پکنک میں تقریبا ً۸۵؍احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

لجنہ اماءاللہ بانجل/ کومبو کا ریجنل اجتماع

نیشنل سیکرٹری تعلیم لجنہ اماء اللہ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بانجل/کومبو کی ممبرات لجنہ اماءاللہ کو مورخہ ۲۳؍نومبر۲۰۲۴ء کو اپنا ریجنل اجتماع جماعت کے ہیڈکوارٹر مسجد بیت السلام میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مکرمہ فاٹوماٹا نیابلی صاحبہ ریجنل صدر لجنہ نے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ بعدازاں مکرمہ رابعہ منور صاحبہ نے ‘‘پرورش اولاد کے متعلق والدین کی ذمہ داریاں’’ پر اور مکرمہ ایمی ایس فیٹی صاحبہ نے ‘‘مسلمان خواتین کے حقوق’’ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔

پروگرام کے اختتام پر مکرمہ مریم جاٹا صاحبہ نیشنل صدر لجنہ نے ممبرات لجنہ اماءاللہ کی حوصلہ افزائی کی اور اپنے بچوں کا علمی معیار بڑھانے کے ليے تعلیمی کلاسوں کو ترجیح اور اہمیت دینے کی طرف توجہ دلائی۔

اس اجتماع میں علاوہ دیگر علمی مقابلہ جات کے ایک خاص مقابلہ حفظ قصیدہ ہوا۔ اس کے علاوہ کھیلوں کے مقابلے بھی کروائے گئے۔ نماز مغرب اور عشاء کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں پوزیشن حاصل کرنے والی ممبرات کو انعامات دیے گئے۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا جس میں ۲۳۰؍سے زائد افراد نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

لجنہ اماءاللہ بانجل/ کومبو کا ریجنل اجتماع

ریجنل اجتماع لجنہ اماء اللہ سنٹرل ریور ریجن

مکرم صالفو باہ صاحب مربی سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ سنٹرل ریور ریجن کو مورخہ ۲۴؍نومبر۲۰۲۴ء کواپنا ریجنل اجتماع ریجن کی بڑی مسجد لامین کوٹو میںمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں: ‘‘بیعت کا حقیقی مقصد’’ از مکرم عبدالرحمٰن جاؤ صاحب معلم سلسلہ، ‘‘نمازکے ذریعہ خدا تعالیٰ سے تعلق بڑھانا ’’ از مکرمہ بنٹا فاٹی صاحبہ اور ‘‘ناصرات کی تربیت کی اہمیت’’ از مکرمہ فاطمہ جبی صاحبہ۔ آخر پر خاکسار نے شاملین کو خلافت احمدیہ کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

اس پروگرام میں مختلف کھیلوں اور علمی مقابلوں جیسے نماز، تلاوت قرآن کریم، آخری ۱۵؍سورتوں کو حفظ کرنا اور دینی معلومات کے مقابلے شامل تھے۔

اپنے اختتامی کلمات میں ریجنل صدر مکرمہ جونصابا بایو صاحبہ نے ناصرات کی مناسب پرورش پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس تقریب میں ۷۵؍سے زائد ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام نماز عصر کے بعد ہوا اور پھر کھانا ہوا۔

(مرسلہ: مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button