مدرسۃ الحفظ یوکے کے چھٹے طالب علم کا تکمیل حفظ قرآن کریم کا اعزاز
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت یوکے میں احمدی بچوں اور بچیوں کو قرآن کریم حفظ کروانے کے ادارہ جات قائم ہیں۔ مورخہ ۴؍جنوری ۲۰۲۵ء کو مدرسۃ الحفظ یوکے کے چھٹے طالب علم عزیزم مسرور احمد نے قرآن کریم مکمل حفظ کرنے کی توفیق پائی۔ الحمد للہ۔ اس دن مدرسۃ الحفظ کے طلبہ اسلام آباد میں دوپہر کو ہی پہنچ گئے تھے۔ مزارات مبارکہ پر دعا کرنے کےبعد سب سے پہلے طلبہ اور اساتذہ کرام نے مسجد مبارک میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نماز ظہر و عصر ادا کی۔ نماز کے بعد حضور انور نے چند نکاحوں کا اعلان فرمایا اور دعا کروائی۔ اس دعائیہ تقریب میں شرکت کے بعد خاکسار (انچارج مدرسۃ الحفظ) نے عزیزم مسرور احمد سے سورۃ المرسلات مکمل سنی جو کہ عزیزم کا آخری حفظ سبق تھا۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام مکمل ہوا۔ بعد ازاں عزیزم نے اپنے اساتذہ کے ہمراہ اسلام آباد میں مختلف مرکزی دفاتر میں وکلاء اور بزرگان سلسلہ سے دعائیہ تعارف حاصل کیا اور ان کی خدمت میں مٹھائی پیش کی۔بعد ازاں تمام کلاس نے لنگر حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے کھانا تناول کیا۔ الحمد للہ۔
مدرسۃ الحفظ یوکے کا آغاز اکتوبر ۲۰۱۹ء میں حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے تحت عمل میں لایا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اب تک اس ادارہ سے چھ طلبہ مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں۔ اور رمضان المبارک میں نماز تراویح کے لیے ان کی ڈیوٹیز بھی لگائی جاتی ہیں۔ عزیزم حافظ مسرور احمد نے سب سے پہلے الحافظون یوکے میں داخلہ لیا۔ حفظ کی ابتدائی تربیت اور اہداف کو مکمل کرنے کے بعد عزیزم کو مدرسۃ الحفظ کے مکمل حفظ پروگرام میں داخلہ دے دیا گیا جہاں عزیزم نے سکول کی فل ٹائم ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ مدرسہ کی شبینہ آن لائن اور ویک اینڈ کلاسز سے استفادہ کرتے ہوئے تین سال میں قرآن کریم مکمل حفظ کرلیا۔ الحمد للہ۔ اس وقت عزیزم آٹھویں کلاس کے طالب علم ہیں۔ مدرسہ کے پروگرام کے تحت عزیزم دو مرتبہ مکمل دہرائی کے لیے GCSEکے امتحانات تک مدرسہ سے ہی منسلک رہیں گے۔ ان شاء اللہ۔ قارئین الفضل کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے۔
(رپورٹ: حافظ فضل ربی۔ انچارج مدرسۃ الحفظ یوکے)