رضاعت کے مسائل
حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ فرماتے ہیں:
سوال: ایک خاتون نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں تحریر کیا کہ مَیں نے اپنے بیٹے کے ساتھ اپنے چھوٹے بھائی کو بھی تیس سال پہلے دودھ پلایا تھا۔ اب میرے بڑے بھائی کے بیٹے کے ساتھ میری بیٹی کا رشتہ تجویز ہوا ہے۔ کیا یہ رشتہ ہو سکتا ہے؟ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے مکتوب مورخہ ۱۴؍دسمبر ۲۰۲۰ءمیں درج ذیل ارشاد فرمایا:
جواب: رضاعت کے بارے میں آنحضورﷺ کا ارشاد ہے کہ جو رشتے نصب کی بنا پر حرام ہیں اگر رضاعت کی بنا پر قائم ہو جائیں تو رضاعت کی وجہ سےان رشتوں کی بھی حرمت قائم ہو جاتی ہے۔ (صحیح بخاری کتاب الشہادات) لیکن شرط یہ ہے کہ بچہ نے اپنی دودھ پینے کی عمرمیں پانچ مرتبہ سیر ہو کر دودھ پیا ہو۔ (صحیح مسلم کتاب الرضاع)
اس کے ساتھ یہ بات بھی مد نظر رکھنی ضروری ہے کہ رضاعت کی حرمت صرف دودھ پینے والے بچہ اور آگے اس کی نسل کے ساتھ قائم ہوتی ہے، اس دودھ پینے والے بچہ کے دوسرے بہن بھائیوں پر اس رضاعت کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ پس اس لحاظ سے آپ کی بیٹی کا رشتہ آپ کے اُس بھائی کے بیٹے سے جس نے آپ کا دودھ نہیں پیا ہوا، ہونے میں کوئی حرج نہیں۔
اللہ تعالیٰ دونوں خاندانوں کےلیے یہ رشتہ بہت مبارک فرمائے، بچوں کی طرف سے آپ کی آنکھیں ٹھنڈی رکھے اور ہمیشہ آپ کو اپنے فضلوں سے نوازتا رہے۔ آمین
(بنیادی مسائل قسط ۲۹ مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل۲۵؍فروری ۲۰۲۲ء)
سوال: یمن سے ایک خاتون نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں لکھا کہ ایک لڑکی نے اپنے پھوپھی زاد سے شادی کی، جس سے اس کا ایک بچہ بھی ہے۔ اس کے خاوند نے اپنی امی کی خالہ کا دودھ پیا تھا۔ علماء کہتے ہیں کہ ان کی طلاق ہونی چاہیے کیونکہ اس کا خاوند اس کا رضاعی چچا لگتا ہے۔ اس بارے میں راہنمائی کی درخواست ہے؟حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مکتوب مورخہ ۷؍اگست ۲۰۲۲ء میں اس سوال کا درج ذیل جواب عطا فرمایا۔ حضور نے فرمایا:
جواب: آپ نے جو صورتحال بیان کی ہے، اس کے مطابق لڑکے کی نانی لڑکی کی دادی ہیں۔ اور لڑکے نے جس عورت یعنی اپنی ماں کی خالہ کا دودھ پیا ہے، وہ اصل میں لڑکے کی نانی کی بہن ہے اورلڑکی کی دادی کی بہن ہے۔پس اس رضاعت کے نتیجہ میں ان میاں بیوی کے درمیان کوئی حرمت واقع نہیں ہوتی، کیونکہ اس لڑکے کا رضاعی رشتہ اپنی نانی اور لڑکی کی دادی کی اولاد سے نہیں بن رہا بلکہ لڑکےکی نانی کی بہن اور لڑکی کی دادی کی بہن کی اولاد سے بن رہا ہے۔
(بنیادی مسائل کے جوابات قسط ۶۲ مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل۷؍اکتوبر۲۰۲۳ء)
مزید پڑھیں: دل سے ایک جوش کی صورت میں استغفار نکلنی چاہئے