آل برطانیہ علمی ریلی مجلس انصار اللہ برطانیہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ برطانیہ کے زیراہتمام مورخہ ۲۱؍دسمبر۲۰۲۴ء بروز ہفتہ آل برطانیہ علمی ریلی کا انعقاد ایوان مسرور، اسلام آباد میں ہوا۔ اس پروگرام کی تیاری میں دعا کے ساتھ ساتھ ایک بکرا بھی صدقہ دیا گیا۔
۲۱؍دسمبر کو صبح نو بجے تمام شاملین کے لیے ناشتہ کا انتظام تھا۔ ٹھیک دس بجے افتتاحی تقریب کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم منیر الدین شمس صاحب ایڈیشنل وکیل التصنیف یوکے نے اپنی افتتاحی تقریر میں علمی مقابلہ جات میں حصہ لینے کی اہمیت کے ساتھ ساتھ مطالعہ کتب حضرت مسیح موعودؑ، ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے پروگرامز اور خاص طور پر This Week with Huzurپروگرام دیکھنے کی طرف انصار بھائیوں کو توجہ دلائی اور دعا کرائی۔
افتتاحی تقریب کے فوراً بعد ایوانِ مسرور اور مسجد مبارک میں صف اول اور صف دوم کے انصار کے علمی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ دوپہر بارہ بجے تمام انصار بھائیوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیادت میں ایک نماز جنازہ ادا کرنے کی سعادت پائی۔
بعد ازاں انفرادی مقابلے جاری رہے جو نماز ظہر و عصر تک چلتے رہے۔ امسال تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر بزبان اردو اور انگریزی، فی البدیہہ تقریر بزبان اردو اور انگریزی کےانفرادی مقابلہ جات کروائے گئے۔ چند مقابلے نماز ظہر سے قبل ایوان مسرور کے عقبی حصے اور ایوان مسرور سے ملحق کمرے میں بھی کروائے گئے۔ صف اول کے تقاریر کے مقابلے نماز ظہرو عصر کے ایک گھنٹے بعد تک جاری رہے۔
حضور انور کی اقتدا میں نماز ظہر و عصر ادا کرنے کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ مسجد مبارک میں ریجنل ٹیمز کے درمیان مقابلہ پیغام رسانی کروایا گیا۔ علاوہ ازیں حضرت مسیح موعودؑ کی کتاب ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ پر مشتمل ایک اوپن کوئز کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کتاب کے مضامین کا اعادہ کرنا تھا۔ یہ کتاب امسال تعلیمی نصاب کے طور پر انصاراللہ برطانیہ نے دوران سال پڑھنے کی توفیق پائی ہے۔ اس کوئز میں تیس سوال پوچھے گئے اور ہال میں موجود تمام انصار نے اس میں بھر پور حصہ لیا اور انعامات حاصل کیے۔ جہاں جہاں ضرورت محسوس کی گئی وہاں کتاب کے اہم مضامین کی وضاحت بھی کر دی گئی۔ سوا چار بجے تمام شرکا نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی اقتدا میں نماز مغرب ادا کی جس کے فوراً بعد بیت بازی کا دلچسپ مقابلہ ہوا۔ بعدہٗ حاضرین کوتازہ سبزچائے، شکر پارے اور نمک پارے بطور ریفریشمنٹ پیش کیے گئے۔
اختتامی تقریب کا آغاز قریباً پانچ بج کر چالیس منٹ پر ہوا جس کے مہمان خصوصی مکرم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد تھے۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد خاکسارنے آل برطانیہ علمی ریلی مجلس انصار اللہ برطانیہ ۲۰۲۴ء کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد مہمان خصوصی نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف ملاقاتوں میں انصار کو کی گئی نصائح سنائیں نیز خلیفہ وقت کے ساتھ گہرے تعلق اور اس تعلق کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل کا تذکرہ چند ایسے واقعات سنا کر کیا جن میں اللہ تعالیٰ نے معجزانہ رنگ میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں اور آپ کی زبان مبارک سے نکلے ہوئے کلمات کو پورا کیا۔ دعا کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
اس علمی ریلی کی حاضری ۲۵۹؍رہی جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی اطفال، خدام اور انصار نے ان مقابلہ جات کو دیکھا اور سنا جن کی اندازاً حاضری یک صد سے زائد تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:راجہ برہان احمد۔ قائد تعلیم مجلس انصار اللہ برطانیہ)
مزید پڑھیں: برطانیہ کے شہر لیڈز میں امن کانفرنس کا انعقاد