ایشیا (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے باونویں(۵۲)نیشنل اجتماع کا با برکت انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کو اپنا باونواں نیشنل اجتماع جماعت کے مرکز بکشی بازار میں مورخہ ۱۱تا۱۳؍اکتوبر۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

مورخہ ۱۱؍اکتوبر بروز جمعۃ المبارک صبح آٹھ بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مکرم محبوب الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے لوائے خدام الاحمدیہ اور مکرم محمود احمد صاحب نائب نیشنل امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں دعا ہوئی۔

سہ روزہ اجتماع میں علمی مقابلہ جات کے ليے اطفال کو اپنی عمر کے لحاظ سے چار گروپس (ستارہ، ہلال، قمر اور بدر)میں تقسیم کیا گیا۔ جبکہ خدام نے ایک ہی گروپ کی شکل میں مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن، حفظ القرآن، نظم اردو اور بنگلہ، تقریر، دینی معلومات کا تحریری مقابلہ، پیغام رسانی، کوئز، امام الصلوٰۃ ٹریننگ، نماز کے مقابلے شامل تھے۔

ورزشی مقابلہ جات کے لیے خدام کو ریجنز کے لحاظ سے مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ورزشی مقابلہ جات میں یہ مقابلے شامل تھے: والی بال، رسہ کشی، ہینڈ بال، نشانہ غلیل، ثابت قدمی، ریاضی جلد حل کرنا اور Strong man competition۔

خدام نے والی بال اور رسہ کشی میں جبکہ اطفال نے ہینڈبال اور رسہ کشی کے مقابلوں میں حصہ لیا۔

ان مقابلہ جات کے علاوہ مختلف مجالس کے ما بین پوسٹرز بنانے کا مقابلہ بھی ہوا۔ اسی طرح سائنس پراجیکٹ اورمضمون نگاری کے مقابلہ جات بھی ہوئے۔

سہ روزہ اجتماع میں خصوصی تربیتی اجلاس منعقد ہوئے جن میں مولانا عبد الاوّل خان چودھری صاحب امیر ومبلغ انچارج جماعت احمدیہ بنگلہ دیش نے بعنوان ’’آنحضرتﷺ بہترین داعی الیٰ اللہ‘‘ تقریر کی اور خدام اور اطفال کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ اس کے علاوہ اجلاس عامہ، سائق سیمینار، داعیان الیٰ اللہ اجلاس اور اطفال اجلاس منعقد ہوئے جس میں خدام اور اطفال نے بڑی خوشی اور سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا۔

مورخہ ۱۳؍اکتوبر بروز اتوار دوپہر تین بجے اجتماع کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم محمود احمد صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ بنگلہ دیش موجودتھے۔ تلاوت قرآن اور اردو نظم کے بعد مکرم ناظم صاحب اعلیٰ اجتماع کمیٹی نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد نائب نیشنل امیر صاحب کی تقریر کے بعد مکرم محبوب الرحمٰن صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش نے تقریر کی اور انعامات تقسیم ہوئے۔ مجالس کو اپنی کارکردگی کے مطابق ریجنل، ضلعی اور لوکل سطح پر انعامات دیے گئے۔ اسی طرح اطفال کے حساب سے بہترین کار کردگی دکھانے والی مجالس کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔

آخر پر عَلم انعامی جیتنے والی مجلس کا اعلان کیا گیا جو امسال مجلس گھاٹورہ تھی۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔

امسال اجتماع میں کُل ایک ہزار ۲۵۲؍خدام اور اطفال نے شمولیت کی۔ اسی طرح ۱۱۳؍مجالس میں سے ۱۰۲؍مجالس نے شرکت کی۔

(رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کی لوکل امارت ڈھاکہ میں وصیت سیمینار کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button