پیغام حضور انور

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ آئرلینڈ ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ آئرلینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا بائیسواں جلسہ سالانہ ۲۴ اور ۲۵؍اگست ۲۰۲۴ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ آپ کے جلسے کو ہر لحاظ سے کامیاب کرے اور شاملین جلسہ بے شمار فضلوں کے وارث بنیں۔ اور ہمارے پیارے مذہب اسلام کی تعلیمات اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کی ہدایات کا علم و فہم حاصل کرنے والے ہوں۔

یہ منفرد جلسہ ہمیں اپنی روحانی اور اخلاقی حالتوں کو بہتر بنانے،اپنے دل ودماغ کو پاک کرنے، اللہ تعالیٰ کے قریب ہونے اور زیادہ تقویٰ شعار بننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ وہ حقیقی سوچ ہے جس کے ساتھ ہر فرد جماعت کو جلسے میں شریک ہونا چاہیے۔

حضرت مسیح موعودؑ نے جن پاک عزائم کے ساتھ اس جماعت کی بنیاد رکھی تھی وہ ہمیشہ آپ کے ذہن نشین ہونے چاہئیں۔ اور آپ کو اپنی بیعت سے متعلقہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ جس کے متعلق وضاحت یوں ہے۔

’’یہ سلسلہ بیعت محض بمراد فراہمی طائفہ متقین یعنی تقویٰ شعار لوگوں کی جماعت کے جمع کر نے کے لئے ہے تا ایسے متقیوں کا ایک بھاری گروہ دنیا پر اپنا نیک اثر ڈالے اور ان کا اتفاق اسلام کے لئے برکت و عظمت و نتائج خیر کا موجب ہو اور وہ بہ برکت کلمہ واحدہ پر متفق ہونے کے اسلام کی پاک و مقدس خدمات میں جلد کام آسکیں۔‘‘

(مجموعہ اشتہارات جلد ۱ صفحہ ۱۹۶۔ ایڈیشن۱۹۸۶ء)

یاد رکھیں کہ ہر شرطِ بیعت اپنے اندر بے انتہا حکمتیں رکھتی ہے۔ یہ شرائط آپ کی زندگی کی راہنما ہونی چاہئیں۔ اور اگر آپ ان کے مطابق عمل کریں توآپ دنیا میں حقیقی اخلاقی انقلاب لانے والے ہوسکتے ہیں۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے تمام شرائط بیعت پر ہر وقت غور وخوض کرتے رہنا چاہیے۔

مثال کے طور پر چھٹی شرط بیعت یوں ہے:

یہ کہ اتباعِ رسم اور متابعتِ ہواوہوس سے باز آجائے گا اور قرآن شریف کی حکومت کو بکلّی اپنے سر پر قبول کرے گا اور قَالَ اللّٰہ اور قَالَ الرَّسُوْل کو اپنے ہریک راہ میں دستور العمل قرار دے گا۔

ناپسندیدہ رسوم ورواج سے بچنا اور خود کو نفسانی خواہشات سے دور رکھنا یقیناً اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔ اس تعلیم کو سمجھنے کے لیے ہمیں قرآن کریم کی طرف رخ کرنا ہوگا اور آنحضورﷺ کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کرنا ہوگا۔

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:

دیکھو! اللہ تعالیٰ نے قرآن شریف میں فرمایا ہے قُلْ اِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰهَ فَاتَّبِعُوْنِيْ يُحْبِبْكُمُ اللّٰهُ (اٰل عمران:۳۲) خدا کے محبوب بننے کے واسطے صرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی ہی ایک راہ ہے اور کوئی دوسری راہ نہیں کہ تم کو خدا سے ملاوے۔ انسان کا مدعا صرف اس ایک واحد لا شریک خدا کی تلاش ہونا چاہیے شرک اور بدعت سے اجتناب کرنا چاہیے رسوم کا تابع اور ہوا وہوس کا مطیع نہ بننا چاہیے۔ دیکھو! میں پھر کہتا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی راہ کے سوا اور کسی طرح انسان کامیاب نہیں ہوسکتا۔ ( ملفوظات جلد ۳ صفحہ ۱۰۲)

میری آپ کو نصیحت ہے کہ روزانہ قرآن کی تلاوت کریں، اپنی پنج وقتہ نمازیں باقاعدگی کے ساتھ باجماعت ادا کریں، کثرت کے ساتھ درودشریف پڑھیںاوراپنے خالق حقیقی اللہ تعالیٰ سے ایک ذاتی تعلق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کریں تاکہ آپ ایک بہترین احمدی مسلمان بن سکیں۔

میں آپ کو یہ بھی نصیحت کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے بابرکت نظام کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ قریبی تعلق قائم رکھنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ اس کے وفا دار رہیں۔ نیز ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھا کریں اور اپنی فیملی اور خاص طور پر بچوں کو بھی ایم ٹی اے دیکھنے کی عادت ڈالیں۔ بالخصوص آپ کو چاہيے کہ میرے خطبات جمعہ کو باقاعدگی سے سنیں اور میری تمام ہدایات اور نصائح پر عمل کریں۔

میں آپ کی توجہ تبلیغ کی ذمہ داریوں کی طرف بھی دلانا چاہتا ہوں جو ہر احمدی مسلمان کے ليے لازمی ہے۔ آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور آئرلینڈ کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق دے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا رحم فرمائے۔

مزید پڑھیں: حضور انور کے کینیا کے ستاونویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button