ربوہ کا موسم (۳تا۹؍ جنوری۲۰۲۵ء)
مورخہ ۳؍جنوری کو نئے سال کا پہلا جمعۃ المبارک تھا۔ آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہوئے تھے، کبھی کبھی سورج اپنی کرنیں زمین پر بکھیرتا رہا ۔ اہل ربوہ دھوپ میں بیٹھ کر سکون محسوس کرتے تھے۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۸ اور کم سے کم ۸درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ ہفتہ کو سورج دن بھر اپنی چمک دکھاتا رہا ، ساتھ ہلکی ہوا بھی چل رہی تھی تاہم شام کے وقت خنکی بڑھ گئی اور رات گئے دھند بھی آموجود ہوئی۔ اتوار کو آسمان قدرے صاف تھا ، دھوپ پورا دن نکلی رہی ، دھند نے شام کا وقت منتخب کیا اور ہر طرف اپنے پَر پھیلا دیے ۔ رات ۸بجے تک شدید دھند ہوگئی۔ فضا ساری رات شدید دھند کی لپیٹ میں رہی جو صبح فجر تک جاری رہی پھر دس گیارہ بجے کے قریب سورج نے اپنا چہرہ دکھایا اور شام تک چمکتا رہا۔سوموار کو بھی سارا دن دھند چھا ئی رہی او ر دن کے وقت ٹھنڈ محسوس ہوتی رہی ۔
اس ہفتہ کے آخری تین دن یعنی منگل ، بدھ اور جمعرات کا موسم ایک جیسا تھا ۔ ان میں سے پہلے دو دن تو سورج اپنی پوری آب و تاب سے نکلا اور چمکتا رہا ۔ دھوپ میں تمازت بھی اتنی زیادہ تھی کہ باہر دیر تک بیٹھنا مشکل لگ رہا تھا ۔ ایسے لگ رہا تھا کہ موسم نے کروٹ لے کر گرمیوں کی طرف اپنا رخ پھیر لیا ہے۔ لوگ ہر طرف یہ کہتے ہوئے نظر آئے کہ اس دفعہ تو موسم گرما جلدی شروع ہوگیا ہے۔ ٹمپریچر میں دو سے تین درجہ کا اضافہ ہوگیا۔ جمعرات کو دھوپ قدرے ہلکی تھی اور ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی تھی لوگوں نے دھوپ کو بہت انجوائے کیا۔ شام کو ہلکی دھندنے بسیرا کر لیا اور رات گئے دھند میں شدت آگئی۔ تین دن کے وقفے کے بعد شدید دھند پھر لوٹ آئی تھی۔ (ابو سدید)
مزید پڑھیں: ربوہ کے چند بزرگان کی سنہری یادیں