پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ برکینافاسو ۲۰۲۴ء کے موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب جماعت احمدیہ مسلمہ برکینافاسو!

السلام علیکم ورحمۃاللہ و برکاتہ

مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ ۲۷، ۲۸ اور ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کا جلسہ کامیاب فرمائے اور تمام شاملین جلسہ اللہ تعالیٰ کے بے انتہا روحانی فضلوں کے وارث ہوں۔

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ جلسہ سالانہ کا مقصد اللہ تعالیٰ سے خاص تعلق پیدا کرنا اور ہمارے مذہب اسلام اور آنحضورﷺ کی تعلیمات اور اسوہ کے متعلق مزید علم و فہم حاصل کرنا ہے۔

چنانچہ اگر ہم ایک فقرے میں حضرت مسیح موعودؑ کے بیان فرمودہ جلسہ سالانہ کے مطلب کو سمجھنا چاہتے ہیں تو وہ یہ ہے کہ ’تقویٰ کی باریک راہوں پر قدم مارنا‘۔حضرت مسیح موعودؑ نے ہمیں اس فقرے میں ایک نہایت اہم سبق دیا ہے۔ جس پر ہم اگر عمل کریں تو ہم اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم دنیا کو بکلی ترک کردیں اور ہر کسی سے اپنا تعلق توڑ دیں۔ بلکہ اس دنیا میں رہتے ہوئے اور اپنی تمام تر ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ہمیں تقویٰ کے راستے پر چلتے رہنا ہے اور کوئی بھی دنیاوی امور ہمیں اس مقصد سے ہٹا نہ سکیں۔

اس ضمن میں حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں : ’’خدا تعالیٰ نے جو اس جماعت کو بنانا چاہا ہے تو اس سے یہی غرض رکھی ہے کہ وہ حقیقی معرفت جو دنیا میں گم ہو چکی ہے اور وہ حقیقی تقویٰ و طہارت جو اس زمانہ میں پائی نہیں جاتی اسے دوبارہ قائم کرے۔‘‘ (ملفوظات جلد۷ صفحہ ۲۷۷-۲۷۸)

آپ کو حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی اہمیت کو بھی ہمیشہ ذہن نشین رکھنا چاہیے جن سے اللہ یوں مخاطب ہوا: ’’میں تجھے زمین کے کناروں تک عزّت کے ساتھ شہرت دوں گا اور تیرا ذکر بلند کروں گا اور تیری محبت دلوں میں ڈال دوں گا۔ جَعَلْنَاکَ الْمسِیْحَ ابْنَ مَرْیَمَ (ہم نے تجھ کو مسیح ابن مریم بنایا) ان کو کہہ دے کہ مَیں عیسیٰ کے قدم پر آیا ہوں۔‘‘ (ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد ۳صفحہ ۴۴۲)

پس آپ کا جلسہ سالانہ جو برکینافاسو میں منعقد ہورہا ہے جہاں سینکڑوں کی تعداد میں احمدی نیکی اور تقویٰ کے جذبات سے پُر قادیان سے ہزاروں میل دُور حضرت مسیح موعودؑ کی سچائی کی گواہی دینے کےلیے جمع ہیں اور آپؑ کا نام انتہائی عزت و تکریم سے لیتے ہیں۔ یہ حضرت مسیح موعودؑ کے دعویٰ مسیحیت و مہدویت کی سچائی کا ایک عظیم ثبوت ہے جن کی آمد کی خبر حضرت محمدﷺ نے دی تھی اور قرآن کریم نے پیشگوئی کی تھی۔ اور آپ سب لوگ اس عظیم پیشگوئی کے پورا ہونے کا زندہ ثبوت ہیں۔

اس لیے ہر احمدی کو عہد کرنا چاہیے کہ وہ حضرت مسیح موعودؑ کے بابرکت مشن کو پورا کرنے کے لیے انتھک کوشش کرے گا۔ (اس مشن میں )پہلی چیز تمام انسانیت کو ہمارے خالق، یعنی اس خدا ئے واحد کی پہچان کروانا اور اس کی عبادت کی طرف مائل کرنا ہے۔ دوسری چیز حقوق العباد ادا کرنا ہے۔ تا کہ دنیا میں امن اور ہم آہنگی قائم ہوسکے۔

میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ خلافت احمدیہ کے بابرکت نظام کو مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ خلیفۃ المسیح کے ساتھ قریبی تعلق قائم رکھنے کی کوشش کریں اور ہمیشہ اس کے وفا دار رہیں۔ آپ کو اپنے بچوں کو بھی خلافت کی بےانتہا برکات کے متعلق بتانا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں خلافت احمدیہ کی بابرکت راہنمائی، پناہ اور حفاظت میں رہیں۔ نیز ایم ٹی اے باقاعدگی کے ساتھ دیکھا کریں اور اپنی فیملی اور خاص طور پر بچوں کو بھی ایم ٹی اے دیکھنے کی عادت ڈالیں۔

میں جماعت کے ہر ممبر کو تبلیغ کی اہمیت کے متعلق بھی یاددہانی کروانا چاہتا ہوں۔ میں نے ۸؍ستمبر ۲۰۱۷ء کے خطبہ جمعہ میں کہاتھاکہ

ہمارے سے اگر پوچھا جائے گا تو صرف اتنا جو اللہ تعالیٰ نے ہم سے پوچھنا ہے کہ کیا ہم نے پیغام پہنچایا؟ یا پھر کیوں ہم نے اپنا تبلیغ کا فریضہ ادا نہیں کیا؟ اور کیوں اللہ تعالیٰ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے نہیں کیا؟ ہمارا کام تبلیغ کرنا ہے۔ پیغام پہنچانا ہے۔ اسلام کی خوبیوں اور خوبصورت تعلیم کو دوسروں پر ظاہر کرنا ہے۔ اور یہ کام ہم نے کرتے چلے جانا ہے۔

آپ کو حکمت عملی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے اور برکینافاسو کے تمام لوگوں تک اسلام احمدیت کا پُرامن پیغام پہنچانے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔

آخر پر میں آپ کو یہ نصیحت کرتا ہوں کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ آپ آگے بڑھیں اور پورے خلوص اور عزم کے ساتھ اس بات کا عہد کریں کہ آپ اپنی زندگیوں میں ہر وہ پاک تبدیلی لائیں گےجس کے ذریعے آپ حضرت مسیح موعودؑ کے ساتھ کی ہوئی بیعت کی شرائط کو پورا کرنے اور ان کے مطابق عمل پیرا ہونے والے بن جائیں۔ اگر آ پ ایسا کریں گے تو آ پ دنیا میں حقیقی روحانی انقلاب پیدا کرنے والے ہوں گے۔ انشاءاللہ۔ اللہ آپ کو ان ہدایات پر احسن رنگ میں عمل کرنے کی توفیق دے۔ اللہ آپ پر رحم کرے۔

مزید پڑھیں: حضور انور کے کینیا کے ستاونویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button