نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۲۳؍دسمبر ۲۰۲۴ء بروز سوموار بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ ثمینہ جبین صاحبہ اہلیہ مکرم خالد محمود صاحب (آلڈر شاٹ۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ ثمینہ جبین صاحبہ اہلیہ مکرم خالد محمود صاحب (آلڈرشاٹ۔یوکے)
16؍دسمبر 2024ء کو 62 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پابند صوم و صلوٰۃ، تہجد گزار، ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والی، ہمدرد، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ 1988ء میں شادی کے بعد کوئٹہ سے جرمنی آئیں اور جرمنی میں لوکل مجالس میں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق ملی۔ 2008ء میں یوکے آگئیں اور یہاں جلسہ سالانہ پر ڈیوٹیوں کے علاوہ مقامی سطح پرخدمت بجالاتی رہیں۔ ترجمۃ القرآن کلاسوں میں بڑی باقاعدگی سے شامل ہوتی تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔ مرحومہ کے شوہر مکرم خالد محمود صاحب آلڈر شاٹ جماعت میں نائب صدرکی حیثیت سے خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
۱۔مکرمہ لبنیٰ افلین بسر اء صاحبہ اہلیہ مکرم شعیب انور بسراء صاحب ( Bochum جرمنی)
24؍اکتوبر 2024ء کو عمرہ کے سفر کے دوران مدینہ منورہ میں بیمار ہوکر 53سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کا تعلق مکرم میراںبخش صاحب درویش قادیان کے خاندان سے تھا۔آپ بچپن سے ہی عبادت گزار، صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند، بڑی ملنسار، خوش اخلاق، مہمان نواز اور مخلص خاتون تھیں۔ جماعتی پروگراموں میں بڑی باقاعدگی سے شامل ہوتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم نوید بسراء صاحب (عملہ حفاظت خاص اسلام آباد۔یوکے)کی چچی تھیں۔
۲۔مکرم عبد الحئی صاحب ابن مکرم محمد اسماعیل صاحب (سیالکوٹ۔ حال سویڈن)
30؍جولائی 2024ء کو84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت میران بخش صاحب رضی اللہ عنہ اور پڑدادا حضرت نظام دین صاحب رضی اللہ عنہ نے قادیان جاکر حضرت مسیح موعوؑد کی بیعت کا شرف حاصل کیا۔ مرحوم سیالکوٹ میں وکیل تھے بعد ازاں وکالت چھوڑ کر اپنے بیٹے کے پاس سویڈن چلے گئے۔ مرحوم ایک لمبا عرصہ سیکرٹری جائیداد سیالکوٹ رہے۔ بڑے عبادت گزار اور اخلاقی لحاظ سے ایک اچھے مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔
۳۔مکرم چودھری عبدالمجید صاحب ابن مکرم چودھری مہتاب الدین صاحب (گھارو ضلع ٹھٹھہ)
26؍اگست 2024ء کو 88 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے پڑدادا حضرت الٰہی بخش صاحب رضی اللہ عنہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحوم نے گھارو میں باقاعدہ جماعت قائم کی۔ طویل عرصہ وہاں صدر جماعت اور سیکرٹری مال کےطور پر خدمت بجالاتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، تہجد گزار، ہمدرد،ملنسار، محنتی، مخلص اور نیک انسان تھے۔ آپ کے اخلاق اور عملی زندگی کا غیر از جماعت پڑوسیوں پر بہت اچھا اثر تھا۔ پسماندگان میں 4 بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔
۴۔مکرم ناصر احمد صاحب (Russelsheim۔جرمنی)
19؍ستمبر 2024ء کو 74سال کی عمرمیں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، اچھے اخلاق کے مالک ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ جماعتی پروگراموں میں بڑی باقاعدگی سے شامل ہوتے تھے۔ خلافت سے گہرا اخلاص کا تعلق تھا۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ بیٹالو کل امارت میں سیکرٹری وقف نو اور بیٹی اپنی مجلس میں لجنہ اماء اللہ کی سیکرٹری اشاعت کے طور پر خدمت کی توفیق پار ہی ہیں۔
۵۔مکرم عبد الغفور صاحب ابن مکرم منصب خان صاحب (خوشاب)
8؍مئی 2024ء کو 82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے خاندان میں احمدیت ان کے دادا مکرم حاجی احمدصاحب کے ذریعہ سے آئی جنہوں نے 1930ء میں بیعت کی تھی۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، تہجد گزار، لین دین کے کھرے، مہمان نواز، ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔ آپ نے گوٹھ احمدیہ روڈہ میں صدر جماعت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ تبلیغ کا بھی بڑا شوق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں2 بیٹے اور7 بیٹیاں شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین