لجنہ اماء اللہ ڈنمارک کے زیر اہتمام مسجد نصرت جہاں میں ’اوپن ہاؤس‘ پروگرام کا انعقاد
سابق صدر لجنہ اماءاللہ ڈنمارک مکرمہ شیزہ منیر صاحبہ تحریر کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے لجنہ اماءاللہ ڈنمارک کو مورخہ ۱۴؍ستمبر۲۰۲۴ء کو مسجد نصرت جہاں میں ’’اوپن ہاؤس‘‘ کی تقریب منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد جماعت احمدیہ کا تعارف اور لوکل کمیونٹی سے تعلق استوار کرنا تھا۔
یہ تقریب لجنہ اماءاللہ کی طرف سے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین کے ليے منعقد کی گئی تھی اور مقامی کمیونٹی کی خواتین نے اس میں شرکت کی ۔
کووڈ(Covide) کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ لجنہ اماءاللہ کو اپنا ’’اوپن ہاؤس‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کےليے کچھ عرصہ پہلے سے ہی تیاری کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں مقامی اخبار میں اشتہار بھی دیا گیا تھا اور ذاتی رابطوں کےذریعے سے بھی خواتین کو شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ڈینش ترجمہ سے کیا گیا۔ بعدازاں ایک ممبر لجنہ اماءاللہ نے مختصراً جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور اس کے ساتھ ڈنمارک میں مختلف جماعتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا کہ کس طرح ڈنمارک میں جماعت احمدیہ مختلف فلاحی کاموں میں سرگرم عمل رہتی ہے۔ نیز مسجد نصرت جہاں کا مختصر تاریخی پس منظر بھی پیش کیا گیا۔ اس کے بعد ایک اَور ممبر لجنہ اماءاللہ نے تنظیم کی تاریخ کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں لجنہ اماءاللہ کے زیر اہتمام ہونے والی مختلف سرگرمیوں کا ذکر کیا گیا جس میں چیرٹی واکس، کینسر کے مریضوں کے ليے منعقد ہونے والے پروگرامز میں شمولیت، شجر کاری، بزرگوں اور بیماروں کی تیمارداری کرنے جیسے پروگرامز شامل ہیں۔
اس کے بعد تمام شرکاء کو مسجد کا دورہ کرایا گیا۔ سب نے مسجد کی تاریخ میں خاص دلچسپی کا اظہار کیا۔
پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کی خدمت میں کافی(Coffee) اور ناشتہ پیش کیا گیا۔ یہ موقع نہایت خوشگوار اور یادگار رہا جس دوران تمام شرکاء اور منتظمین نے ایک ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کیا۔ اس دوران لجنہ اماءاللہ کی مختلف خدمات اور کارنامے گفتگو کا مرکز رہے۔
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل کے ساتھ یہ پروگرام بہت کامیاب رہا اور تمام شرکا نے لجنہ کی اس کاوش کو بہت سراہا اور آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامز میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ایک مہمان کا کہنا تھا کہ ’’میں آپ کی بے حد ممنون ہوں کہ آپ نے مجھے اس پروگرام میں شمولیت کی دعوت دی۔ آپ کی کمیونٹی جو فلاحی کاموں میں شمولیت اختیار کرتی ہے اس کے ليے بھی میں آپ کی بےحد مشکور ہوں اور اس حوالے سے ہمیں باقی سب کی حوصلہ افزائی کی بھی ضرورت ہے کہ وہ بھی ان کاموں میں اپنا حصہ ڈالیں۔ آپ کا کام ہمارے ليے مثالی ہے۔ ‘‘اس پروگرام میں شاملات کی تعداد۲۵؍تھی۔
(رپورٹ:محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک کے زیر انتظام کرسمس کے موقع پر مختلف شہروں میں فوڈ کیمپس