دنیائے احمدیت میں سال نو کے آغاز پر باجماعت نماز تہجد اور مثالی وقار عمل کے حوالے سے ایک رپورٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے دنیا بھر کے احمدی مَرد و زَن، بوڑھے جوان، بچے اور بچیوں نے اپنےپیارے امام حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو سال کے پہلے دن کا آغازخاص اہتمام کے ساتھ منعقدہ اجتماعی نماز تہجد میں غفور و رحیم خدا تعالیٰ کےحضور عاجزانہ دعاؤں سے کیا۔ انفرادی و اجتماعی نماز تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد احمدی نوجوانوں کے شانہ بشانہ اطفال اور انصار نےبھی اپنے اپنے علاقوں میں دیگر لوگوں کی طرف سے جشنِ سالِ نَو کے موقعہ پر پھینکے جانے والے کچرے کو سمیٹنے اور صفائی ستھرائی کرنے کے کام کو انجام دے کرجماعت احمدیہ کے ماٹو ’محبت سب کےلیے نفرت کسی سے نہیں‘ کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ لوگوں کی اکثریت نے اس کا مشاہدہ کرتے ہوئے سراہا جبکہ بعض مقامی اخبارات اور ٹی وی چینلز نے اپنی نشریات میں بھی اس کا ذکر کیا۔
اس حوالہ سے دنیا بھر سے موصولہ رپورٹس کا خلاصہ پیشِ خدمت ہے۔
بر اعظم آسٹریلیا
نیوزی لینڈ: نیوزی لینڈ میں احمدی احباب نے ملک کے مختلف شہروں میں اپنی مساجد اور نماز سنٹرز میں جمع ہو کر سال ۲۰۲۵ء کا آغاز نوافل اور امن عامہ کے ليے دعاؤں کے ساتھ کیا۔ تہجد اور نماز فجر کے بعد کونسل کی طرف سے مقرر کردہ پارکوں کی صفائی کے ليے خدام اور انصار کی ٹیمیں روانہ ہو گئیں۔ آکلینڈ شہر میں ۲۵؍احباب کی تین ٹیموں نے تین مختلف پارکوں، البرٹ پارک، مائر پارک اور وکٹوریہ پارک میں وقارِ عمل کیا۔ صبح سیر کرنے والے لوگ جب ان کو دیکھتے تو بڑے حیران ہوتے۔
ہیملٹن، ولنگٹن، ماسٹرٹن اور نیلسن کے شہروں میں بھی مقامی کونسلوں سے مل کر صفائی کا پروگرام بنایا گیا جس میں کافی تعداد میں چھوٹے بڑے خدام اور انصار نے خوشی سے حصہ لیا۔ خاص طور پر ہمارے نئے نقل مکانی کر کے آنے والے احباب بڑی گرم جوشی سے اس کام کو سرانجام دے رہے تھے۔ البرٹ پارک میں ناشتے کے بعد آ کلینڈ اور ماسٹرٹن کے درمیان احباب کرکٹ کے دوستانہ میچ سے محظوظ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے دار الحکومت ولنگٹن میں بھی صفائی کے ليے جماعت نے وقارعمل کیا۔ نیلسن شہر میں حال ہی میں قائم ہونے والی چھوٹی سی جماعت احمدیہ کے ۱۲؍افراد ہیں۔ یہ احباب جماعت پاکستان سے حال ہی میں نقل مکانی کر کے یہاں رہائش پذیر ہوئے ہیں۔ انہوں نے نیلسن کے ایک پارک میں وقارِ عمل کیا۔ (رپورٹ:مبارک خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
بر اعظم افریقہ
تنزانیہ: جماعت احمدیہ تنزانیہ میں سالِ نو کا آغاز نمازِ تہجد، نفلی روزہ، دعاؤں، صدقات اور وقارِ عمل سے کیا گیا۔ بڑی جماعتوں میں اجتماعی نمازِ تہجد اور سحری کا انتظام کیا گیا تھا۔ تقریباً ۱۲۰۰؍سے زائد افراد نے اجتماعی نمازِ تہجد میں حصہ لیا۔ اسی طرح متعدد جماعتوں میں صدقہ بکراا بھی دیا گیا۔ انصار، خدام اور اطفال نے مساجد کے احاطوں میں وقارِ عمل میں حصہ لیا۔نیز ایک کثیر تعداد میں احبابِ جماعت نے نئے سال کے موقع پر پیارے آقا حضر ت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط بھی تحریر کیے۔ (رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
ساؤتومے و پرنسپ: ساؤ تومے شہر کے دو مشہور ساحل سمند ر Praia Emilia اور Praia Pmپر وقار عمل کیا گیا۔ وقار عمل سے قبل ساؤ تومے شہراور قریب کی جماعتوں کے خدام اور اطفال مرکزی احمدیہ مشن میں جمع ہوئے۔ جہاں پر نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے خدام و اطفال کو وقار عمل سے متعلق ضروری ہدایات دی گئیں۔ بعد ازاں تمام خدام و اطفال کو کھانا پیش کیا گیا۔ یہ ملک عیسائی اکثریت کا ہے اس ليے بعض اوقات مذہبی منافرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب الحمدللہ جماعت احمدیہ کے نیک نمونوں کی وجہ سے لوگوں کے تاثرات بدلتے جا رہے ہیں۔
وقار عمل میں جماعت کے ساتھ بلڈ ڈونیشن تنظیم کے ۱۰؍نوجوانوں نے بھی حصہ لیا جبکہ کل حاضری ۶۲؍رہی۔ وقار عمل کے بعد تمام شاملین مرکزی مشن ہاؤس میں جمع ہوئے جہاں ان کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا پربھی وقار عمل کے اس پروگرام کی کوریج کی گئی اور جماعت احمدیہ کی اس کاوش کو سراہا گیا۔ وزیر ماحولیات اور وزیر کھیل نے فون پر شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر نیشنل ٹیلی ویژن نے شکریہ کا فون کیا۔ کیپیٹل کے میئر نے خود علاقے کا دورہ کیا اور جماعت کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔(رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سیرالیون: سیرا لیون میں احباب جماعت نے نئے سال کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے کیا۔ نماز فجر کے بعد دروس دیے گئے۔ جس میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۳۱۲؍جماعتوں کے ۸۴۴۵؍احباب شامل ہوئے۔ پورے ملک میں وقار عمل کا انعقاد کیا گیا اور ۱۴۶؍جماعتوں کے ۳۸۸۴؍احباب شامل ہوئے۔ بعض جگہ پروگرام کے تحت نئے سال کے آغاز پر نوافل کا اہتمام کیا گیا۔ اورکئی احباب نے ساری رات مساجد میں ہی گزاری تاکہ علی الصبح نماز تہجد اجتماعی طور پر ادا کی جائے احباب نے نفلی روزہ بھی رکھا۔ مجلس خدام الاحمدیہ کی جانب سے شہروں، ملک کی مرکزی شاہراہوں اور جماعتی ہیڈکوارٹرز میں وقارِ عمل کیا گیا۔ (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
گنی کناکری: گنی کناکری میں نئے سال کی ابتدا انفرادی اور اجتماعی نماز تہجد، صدقات اور دعاؤں کے ساتھ ہوئی۔ نماز فجر و درس القرآن کے بعد وقار عمل کے ذریعہ گھروں کے باہر، مشن ہاؤس، مساجد اور گاؤں کی صفائی کی گئی۔ وقار عمل کو بہت سراہا گیا۔ کناکری ریجن میں تمام احمدی گھرانوں میں نماز تہجد ادا کی گئی۔ کنڈیا ریجن کی چار جماعتوں میں نماز تہجد اد کی گئی حاضری ۱۱۵؍رہی، بوکے ریجن کی تین جماعتوں میں نماز تہجد ادا کی گئی شاملین کی تعداد ۱۰۹؍رہی۔ فورے کاریا ریجن کی ۶؍جماعتوں میں نماز تہجد ادا کی گئی تعداد شاملین ۱۷۵؍رہی۔ (رپورٹ:طاہر محمود عابد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
گیمبیا:ملک بھر میں ۴۲؍جگہوں پر نماز تہجد باجماعت ادا کی گئی۔ بڑی تعداد نے دن کا آغاز تہجد، نفلی روزہ اور صدقے سے کیا۔ اس کے علاوہ دن بھر احباب جماعت نے مختلف مذہبی و سماجی سرگرمیوں میں گزارے۔ ملک کے تمام ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں سات جگہ یکم جنوری کو بکرے صدقہ کیے گئے اور گوشت غرباء میں تقسیم کیا گیا۔ ۲۷؍جگہوں پر خدام اور اطفال نے وقار عمل میں حصہ لیا۔ جس میں راستوں، مشن ہاؤسز اور مساجد کے ارد گرد کے حصوں کی صفائی کی گئی۔ بعض جماعتوں میں وقار عمل کے بعد شاملین کو ناشتہ دیا گیا۔ بعدازاں ۱۷۸؍احباب نے پیارے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھے اور پیارے آقا کو نئے سال کی مبارکباد دی۔ لوئر ریور ریجن میں جماعتی لائبریری کی تفصیلی صفائی کی گئی اور خدام نے علاقہ کے ہسپتال میں پچاس سے زائد مریضوں اور ان کے تیمارداروں میں ناشتہ اور پھل تقسیم کیے۔ فرافینی ایریا میں بعد از نماز مغرب وعشاء علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ بانجل/کومبو ریجن میں جماعت کے دو وفد ہسپتال گئے اور مریضوں کو نئے سال کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ ان کی تیمارداری کی۔ (رپورٹ:مسعود طاہر بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
کینیا: جماعت احمدیہ کینیا نے بھی نئے سال کا آغاز دعاؤں اور باجماعت نماز تہجد سے کیا بہت سے مقامات پر احباب جماعت نے رات مسجد میں ہی گزاری۔جو لوگ بیماری، بارش یا کسی اور وجہ سے مسجد نہ پہنچ سکے انہوں نے اپنے گھروں پر ہی نماز تہجد ادا کی اور نئے سال کے اسلام اور انسانیت کے ليے بابرکت ہونے کے لیے دعائیں کیں۔ کینیا میں ۵۲؍جماعتوں میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا جس میں ۵۶۱؍مردوزن شریک ہوئے۔ نماز تہجد اور نماز فجر کے بعد ہر جگہ درس قرآن ہوا۔ اس کے بعد ۶۱؍جماعتوں میں وقار عمل ہوا جس میں لجنہ و ناصرات سمیت ۶۸۲؍افراد نے شرکت کی اور مساجد، مشن ہاؤسز، ان کے گردونواح کے علاوہ راستوںمارکیٹوں اور پبلک مقامات کی صفائی اور مرمت کا کام کیا۔ اکثر جماعتوں میں اجتماعی ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا اس کے علاوہ فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے اور خدام و اطفال کی تربیتی کلاسز و ریفریشر کورسز بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ متعدد مقامات پر احباب جماعت نے گھروں اور قریبی ہسپتالوں میں جاکر مریضوں کی عیادت بھی کی۔ کئی مقامات پر شجر کاری بھی کی گئی جس میں مقامی جماعتوں کے تمام افراد نے حصہ لیا۔ اسی طرح نئے سال کے آغاز یعنی یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو حضرت امام جماعت احمدیہ اید ہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے جماعت احمدیہ کینیا کی طرف سے نکورو میں مدرستہ الحفظ کا اجراء خدمت اسلام اور انسانیت کے لیے بہت بڑا قدم اور نئے سال کا گرانقدر تحفہ ہے۔ (رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
ایشیا
انڈونیشیا: امسال ملک میں نئے سال پر اکثر جماعتوں میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح ہر سال کی طرح اس سال بھی تمام جماعتوں میں یکم جنوری کی صبح کو شہر کی صفائی کا پروگرام بنایا گیا۔ جس میں ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ (رپورٹ: سیف اللہ مبارک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
بنگلہ دیش: نئے سال کے آغاز میں با جماعت نماز تہجد، وقار عمل، تربیتی سیشن، مٹھائی تقسیم، بکرا صدقہ، زیارت قبور، کھیل کے ٹورنامنٹ، نفلی روزہ، شجر کاری وغیرہ پروگرام کيے گئے۔ اس کے علاوہ ناکھال پاڑہ جماعت میں جماعت کی طرف سے شائع شدہ ۵۰؍کیلنڈرز اور لیفلیٹس وغیرہ غیر از جماعت افراد میں تقسیم کیے گئے۔ باجماعت نماز تہجد کا انتظام کل ۸۰؍جماعتوں میں تھا۔ ان میں موصولہ رپورٹ کے مطابق ۲۱۰۷؍افراد نے حصہ لیا۔ چار جماعتوں میں بکرا صدقہ کیا گیا۔ (رپورٹ:نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش)
روس: امسال روس میں پہلی مرتبہ ہفتہ مالی قربانی (یکم تا۷؍جنوری ۲۰۲۵ء) منایا گیا۔اس کا آغازانفرادی نماز تہجد سے کیا گیا۔ اس سلسلہ میں احباب جماعت کو اس بات کی طرف توجہ دلائی گئی کہ نئے سال کا آغاز نوافل، صدقہ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھ کر کیا جائے۔ اور اگر کوئی جماعتی مشن ہاؤس سے دُور ہیں تو اپنے اپنے گھروں میں ہی نوافل کا اہتمام کریں۔ الحمدللہ امسال نئے سال پر احباب جماعت نے بہت جوش اور ولولہ کے ساتھ ان باتوں کا اہتمام کیا۔(رپورٹ:جمیل احمدتبسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
یورپ
بیلجیم: امسال اللہ تعالیٰ کے فضل سے یکم جنوری کو مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کی تمام مجالس کو ۱۸؍شہروں میں مختلف مقامات پر وقارِ عمل کر نے کی توفیق ملی۔ وقارِ عمل میں خدام و اطفال کے ساتھ انصار نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شعبہ تربیت کے تحت تمام جماعتوں میں مرکزی طور پر نئے سال پر صبح نماز تہجد اور فجر کی نماز کے بعد درس القران اور ناشتے کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں احباب جماعت نے شرکت کی۔
دلبیک(Dilbeek) شہر جہاں جماعت احمدیہ بیلجیم کا مرکزی مشن ہاؤس بیت السلام ہےوہاں مکرم امیر صاحب بھی وقارِ عمل میں شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں میں کونسل کے نمائندگان وقارِ عمل کے پروگرام میں شامل ہوئے، سب نے جماعت کے خدمت خلق کے کاموں کی تعریف کی۔
امسال بیلجیم کے ایک ریجنل اور ایک نیشنل ٹی وی چینل RTLنے وقارِ عمل کے پروگرام کی کوریج کی جس کی رپورٹ شام کے خبرنامہ میں نشر کی گئی۔ اس کے علاوہ نیشنل اور ریجنل اخبارات نے وقار عمل کی خبر دی اور سوشل میڈیا کے ذریعہ سے وقارِعمل کے پروگرام کی کمپین چلائی جس پر بے شمار مقامی لوگوں نے بہت سے تعریفی تبصرے کیے۔ ایک اندازےکے مطابق اس پروگرام کے ذریعہ چار لاکھ سے زائد لوگوں تک اسلام کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: چودھری طاہر گل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
جرمنی: مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی ۲۴۰؍مجالس نے مساجد اور نماز سینٹرز میں باجماعت نماز تہجد کا اہتمام کیا۔ اس میں چار ہزار۳۰۰؍خدام اور ایک ہزار۱۵؍اطفال شامل ہوئے۔ امسال وقار عمل میں تین ہزار ۴۲۰؍خدام اور ۷۷۰؍اطفال نے شرکت کی۔ تہجد و نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت جرمنی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اکثر جگہ پر تمام احباب جماعت کے لیے ناشتہ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا۔
خدام اور اطفال نے مل کر مجموعی طور پر ۳ہزار ۵۵۰؍ کچرے کے تھیلے جمع کیے، جنہیں بعد میں مقامی میونسپل سروسز کی بتائی ہوئی جگہوں پر پہنچایا گیا۔ مجموعی طور پر، نئے سال کی صفائی کی رپورٹ۲۵؍سے زائد مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر، بشمول پرنٹ اور آن لائن شائع ہوئیں۔ (رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
ڈنمارک: مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک کو باجماعت نماز تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد نئے سال کی آمد پر کوپن ہیگن ٹاؤن ہال کے سامنے مثالی وقار عمل کرنے کی توفیق ملی جس میں ۵۵؍خدام، اطفال اور انصار نے شرکت کی۔ اس موقع پر خدام نے محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کی جیکٹس پہنی ہوئی تھی جن کو ٹاؤن ہال سے گزرنے والے لوگ دیکھتے اور اس پیغام کوبڑا سراہتے۔ وقار عمل کے اختتام پر مسجد نصرت جہاں میں ناشتہ کا انتظام تھا۔ وقارعمل کی خبر کو Ekstrabladet، Berlingske اور Tv2 kosmopol نے کوریج دی۔ (رپورٹ: محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سوئٹزرلینڈ: مکرم قاسم احمد خاںسراء صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ تحریر کرتے ہیں کہ ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۴ء کی رات وقار عمل کے خواہش مند احباب رات نو بجے مسجد محمود زیورخ میں جمع ہوئے۔ رات دس بجے مکرم محمد فائز احمد خان صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی ہدایات کے بعد مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے خدمتِ خلق کی اہمیت کو اجاگر کیا اور دعا کرائی۔رات گیارہ بجے تمام خدام حلقہ بندی کے بعد زیورخ شہر کے مرکز کی جانب روانہ ہوئےجہاں احباب کو محکمہ صفائی زیورخ کے نمائندوں نے کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس مہم میں شیشے کے ٹکڑوں اور بوتلوں کو جمع کرنا بنیادی مقصد تھا تاکہ عوام کو ممکنہ چوٹوں اور زخم سے بچایا جاسکے۔
وقارِ عمل کا آغاز آتشبازی کے اختتام کے بعد رات ساڑھے بارہ بجے ہوا۔ صفائی کے دوران شدید سردی کے باوجود خدام نے انتھک محنت اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیے۔ ۳۲؍احباب کو چار ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا، ہر ٹیم کی قیادت ایک ٹیم لیڈر کے سپرد تھی۔ تمام احباب نے اپنے اپنے سیکٹرز میں انتہائی محنت اور لگن سے کام کیا۔ یہ صفائی مہم تین گھنٹے تک جاری رہی۔
محکمہ صفائی زیورخ Entsorgung Recycling Zürich کے نمائندوں نے مجلس خدام الاحمدیہ کی اس خدمت پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس خدام الاحمدیہ واحد تنظیم ہے جو ہر سال یہ اہم فریضہ انجام دیتی ہے۔ مشینوں سے صفائی سے پہلے شیشے کے ٹکڑوں کو ہٹانا نہایت ضروری ہوتا ہے کیونکہ یہ عوام اور صفائی کے عملے دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ صفائی کی مہم کے بعد تمام احباب مسجد محمود واپس پہنچے، جہاں نئے سال کا آغاز صبح سوا چھ بجے باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس سے کیا۔ شہر زیورخ کے نمائندوں، بہت سے راہگیروں اور تقریبات میں شامل افراد نے اس خدمت اور ان کے جذبے کو سراہا۔ اس مہم کے ذریعے نہ صرف صفائی کا انتظام کیا گیا بلکہ جماعت احمدیہ کا مثبت پیغام بھی عوام تک پہنچا۔
اسی طرح مکرم کلیم الرحمٰن صاحب جنرل سیکرٹری جماعتِ احمدیہ سوئٹزرلینڈ تحریر کرتے ہیں کہ جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ نے نئے سال ۲۰۲۵ء کا آغاز دو مساجد اور چار نماز سینٹرزسمیت چھ شہروں میں باجماعت نمازِ تہجد سے کیا۔ تمام جگہوں پر نمازِ فجر کے بعدقرآنِ کریم کا درس دیا گیا اور بعد میں احباب نے اجتماعی ناشتہ کیا۔
شہر بیرن کے نماز سینٹر میں ۱۸؍مرد، شہر جنیوا کےنماز سینٹر میں ۶؍مرد، ۱۳؍لجنہ و ناصرات اور بچے، مسجد محمود زیورخ میں چار جماعتوں کے تقریباً ۵۰؍مرد اور ۲۰؍لجنہ و ناصرات ، مسجد نور ویگولٹینگن میں دو جماعتوں کے تقریباً ۲۰؍ مرد اور ۳۹؍لجنہ و ناصرات وبچے، شہر نوشاتل کے نماز سینٹر میں ۴؍مرد اور شہر لوزرن کے نماز سینٹر میں ۴؍مرد، ۲؍لجنہ اور ۲؍اطفال نے نماز تہجد اور فجر باجماعت ادا کی۔ (رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سویڈن: سویڈن میں قائم پانچوں جماعتوں میں نماز تہجد کا اہتمام ہوا جس میں اندازاً ۲۰۰؍مرد و خواتین اور بچوں نے شمولیت کی۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد تمام جماعتوں میں ناشتے کا انتظام تھا جس کے بعد پہلے سے طے شدہ جگہوں پر وقارِ عمل کیا گیا۔ صفائی کےليے تقریباً ۱۲۰؍افراد نے ۵؍جماعتوں میں حصہ لیا۔ لولیو جماعت جو کہ سویڈن کے نارتھ میں واقع ہے وہاں اس دن درجہ حرارت منفی ۱۸؍ڈگری تھا۔ گوتھن برگ کی سب سے بڑی اخبارنے جبکہ کالمار میں سویڈش ریڈیو اور سویڈش ٹی وی نے وقار عمل کے بارے میں تفصیلی رپورٹ دی۔ (رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
فرانس: جماعت احمدیہ فرانس کو یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو ملک کے مختلف شہروں میں نئے سال کا وقار عمل کرنے کی توفیق ملی۔ پیرس کی مشہور Champs Elysées پر ۶۱؍خدام ۱۳؍ انصار اور ۸؍اطفال نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا وقار عمل کیا۔ اس کے علاوہ فرانس کے دوسرے بڑے شہر Lyon کے مشہور square جو کہ Place bellecour کہلاتا ہے کے اردگرد وقار عمل کیا گیا جس میں ۲۸؍سے زائد مرد و بچے شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ Epernay,Vaulx en Velin, Chalons, Strasbourg کے علاقوں میں بھی وقار عمل کیا گیا۔ Lyon شہر میں وقار عمل کے دوران اس علاقہ کی سب سے بڑی اخبارLe Progres کے ایک جرنلسٹ کا گزر ہوا تو اس نے اطفال کو وقار عمل کرتے دیکھ کر ان کی تصویر لی اور اگلے روز کی اخبار میں ایک خبر مع تصویر شائع کی۔ (رپورٹ: منصور احمد مبشر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
فن لینڈ: فن لینڈ میں نئے سال کے موقع پر دو مقامات پر تہجد ادا کی گی جس میں مرد، لجنہ اور بچوں سمیت کُل حاضری ۹۳؍ رہی۔ الحمد للہ (رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
کوسوو : جماعت احمدیہ کوسوو کے مرکز Prishtina کے مشن ہاؤس سمیت MitrovicaاورPejaکے نماز سنٹرز میں نمازِ تہجد، نمازِ فجر، درس اور ناشتہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں کل ۳۲؍احباب نے شرکت کی جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔ جماعت احمدیہ کوسوو کے مرکز پرشتینا میں ۱۷؍مرد و خواتین شامل ہوئےجس میں ۷۰؍کلومیٹر دور سے بھی احباب شامل ہوئے۔ مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصار اللہ کے تحت ایک روز قبل خدام اور انصار سنٹرز میں آکر رات رہے۔ (رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
لٹویا: جماعت احمدیہ لٹویا نے یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا میں واقع مشن ہاؤس میں اجتماعی نمازِ تہجد اور اجتماعی نفلی روزہ، درس اور اجتماعی تلاوت سے نئے سال کا استقبال کیا۔ جماعت احمدیہ لٹویا کے تین خدام لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیوس (Vilnius) کے وقارِعمل میں شامل ہونے کے ليے ولنیوس گئے اور لٹویا جماعت کی نمائندگی کی توفیق پائی۔ ایک ناصر، ۹؍خدام، ۴؍لجنہ ممبرات، ایک بچے اور ایک زیرِتبلیغ سری لنکن غیرازجماعت دوست سمیت ۱۶؍افراد شامل ہوئے۔ (رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
ناروے: ناروے میں کثیر تعداد میں احباب و خواتین، بڑے اور چھوٹے مساجد اور مراکز نماز میں اجتماعی نماز تہجد کے ليے جمع ہوئے۔ مسجد بیت النصر اوسلو میں یکم جنوری کو ۱۵۰؍ سے زائد مرد و زن تشریف لائے۔ درس کے بعد محترم ظہور احمد چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے نے دعا کرائی۔ اسی طرح ملک کے دوسرے شہروں میں بھی نمازِ تہجد ادا کی گئی۔ ناشتے کے بعد ۸؍مقامات پر خدام اور انصار نے حسب روایت مختلف مقامات پر وقار عمل کیا۔ اس وقار عمل کی میڈیا میں بھی کوریج ہوئی۔ نیشنل ٹی وی اور مختلف اخبارات میں جماعت کی اس کاوش کو سراہا گیا اور آرٹیکلز، انٹرویوز اور تصاویر شائع کی گئیں۔ (رپورٹ: حمزہ سلطان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
ہالینڈ: جماعت احمدیہ ہالینڈ کی مختلف جماعتوں میں نئے سال کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا جس میں ۴۰۰؍کے قریب احباب شامل ہوئے۔ احباب جماعت کے ليے ناشتہ کا انتظام بھی کیاگیا۔ اس کے بعد مختلف جما عتوں میں احباب جماعت کی بڑی تعداد نے وقار عمل کیا جس کی کوریج کے ليے اخبار کے نمائندے بھی آئے اور احباب جماعت سے وقار عمل کے حوالے سے پوچھا۔ (رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
یوکے: جماعت احمدیہ برطانیہ کے ۱۴؍ریجنز کی ۵۴؍مساجد یا نماز سینٹرز میں ساڑھے نو ہزار سے زائد احباب جماعت نے ۲۰۲۵ء کے نئے سال کا استقبال نماز تہجد سے کیا۔ اکثر مقامات پر حاضرین کی خدمت میں ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔ سب سے زیادہ حاضری اسلام آباد ریجن میں رہی جہاں ۱۸۳۰؍احباب جماعت شامل ہوئےجبکہ مسجد بیت الفتوح میں ۱۶۰۰؍ اور مسجدبیت الفضل میں ۹۳۰؍مردوزن شریک ہوئے۔
مجلس خدام الاحمدیہ نےبھی نئے سال کے موقع پر اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے نماز فجر کے بعد مقامی ٹاؤن سینٹرز یا اِرد گِرد کے علاقوں میں صفائی مہم بھی سرانجام دی جس میں نہ صرف خدام اور اطفال نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ انصار ممبران نے بھی اُن کے شانہ بشانہ خدمت کی توفیق پائی۔
مڈلینڈز ریجن میں ۲۰۰؍اور بیت الاحسان ریجن میں ۱۷۰؍ جبکہ دیگر ریجنز میں بھی خدام واطفال و انصار نے اپنے علاقے میں صفائی ستھرائی کے کام میں حصہ لیا۔یہاں یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ریجن کی جماعت بورڈن کے ایک مقامی اخبار بورڈن ہیرالڈ کے نمائندہ نہ صرف اس مہم میں خود شامل ہوئے بلکہ اپنے اخبار یکم جنوری کی اشاعت میں اس بارہ میں نمایاں طور پر خبر بھی شائع کی۔(رپورٹ:لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
سکاٹ لینڈ: مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں دونوں جماعتوں کا اکٹھا پروگرام جن میں نماز تہجد، فجر، درس اور ناشتے کا انتظام کیا گیا جس میں ۱۱۲؍مرد اور ۷۴؍لجنہ ممبرات و ناصرات نے شرکت کی۔
نماز فجر کے بعد دونوں جماعتوں کے خدام نے ایک مختصر وقار عمل بھی کیا جو موسم کی خرابی کی وجہ سے زیادہ دیر جاری نہ رہ سکا۔ ایڈنبرا کے مقامی علاقے روسائتھ میں نماز تہجد، فجر اور درس کا انتظام کیا گیا جس میں ایڈنبرا اور اس کے ملحقہ علاقہ جات سے ۱۹؍احباب نے شرکت کی۔ نماز فجر کے بعد وقار عمل موسم کی شدید خرابی کی وجہ سے نہ ہوسکا، دوستوں کےليے ناشتہ کا انتظام کیا گیا۔ مسجد محمود ڈنڈی میں نماز تہجد، فجراوردرس کا انتظام کیا گیا جس میں گیارہ مرد اور ایک لجنہ ممبر نے شرکت کی جس کے بعد ناشتہ کا انتظام کیا گیا۔ (رپورٹ:ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
یونان: یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں واقع مشن ہاؤس میں نئے سال کا آغاز اللہ تعالیٰ کے پاک کلام، دعاؤں، نوافل اور صدقات سے کیا۔
مشن ہاؤس سے احمدی گھرانے کافی فاصلے پر ہیں اس ليے نماز تہجد سے قبل سب احباب کو ان کے گھروں سے مسجد لانے کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔ بعد ازاں سب شاملین کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ کل حاضری ۱۰؍ رہی۔ الحمدللہ (رپورٹ:ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: دوسری پِیس کانفرنس برائے افریقہ کا کامیاب انعقاد