حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تیسویں جلسہ سالانہ برازیل ۲۰۲۴ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم
پیارے احباب جماعت برازیل!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ آپ اپنا تیسواں جلسہ سالانہ ۲۶، ۲۷اور۲۸؍اپریل۲۰۲۴ء کو ’’خدا تعالیٰ کا شکر بجا لانا‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آ پ کے جلسہ کو بڑی کامیابی سے نوازے اور آپ سب بےانتہا فضلوں کے وارث بنیں، ہمارے مذہب اسلام اور نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور راہنمائی کے علم و فہم میں اضافہ کرنے والے ہوں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے دس شرائط بیعت مقرر کی ہیں۔ ہر شرط بیعت اپنے اندر بے شمار حکمتیں رکھتی ہے۔ یہ شرائط آپ کے لیے مشعل راہ ہونی چاہئیں اور اگر ان کے مطابق اپنی زندگی گزاریں گے تو آپ دنیا میں حقیقی اخلاقی انقلاب پیدا کرسکتے ہیں۔ ایک احمدی مسلمان کو اپنے ایمان کو زندہ رکھنے کے لیے ان میں سے ہر ایک شرط پر غور کرتے رہنا چاہیے۔ خود احتسابی اور مستقل طور پر اپنے اعمال کے جائزے لینے کے ذریعہ سے ہی آپ بیعت کے تقاضوںکو پورا کر سکتے ہیں ۔
میں تیسری شرط بیعت کی طرف آپ کو توجہ دلاتا ہوں جو یوں ہے: ’’یہ کہ بلا ناغہ پنج وقتہ نماز موافق حکم خدا اور رسول کے ادا کرتارہے گا۔ اور حتی الوسع نماز تہجد کے پڑھنے اور اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجنے اور ہر روز اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور استغفار کرنے میں مداومت اختیار کرے گا۔ اور دلی محبت سے خدا تعالیٰ کے احسانوں کو یاد کر کے اس کی حمد اور تعریف کو اپنا ہر روزہ وِرد بنائے گا۔‘‘
آپ دیکھیں گے کہ اس شرط کے اندر ایک حکم یہ بھی ہےکہ آپ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار رہیں۔ اس حوالہ سے اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے: اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ(الفاتحہ:۲)یعنی تمام حمد اللہ ہی کے لیے ہے جو تمام جہانوں کارب ہے۔
اللہ تعالیٰ یہ بھی فرماتا ہے:اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ الَّذِیۡ لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الۡاَرۡضِ وَلَہُ الۡحَمۡدُ فِی الۡاٰخِرَۃِ ؕ وَہُوَ الۡحَکِیۡمُ الۡخَبِیۡرُ(صبا:۲)یعنی سب حمد اللہ ہی کی ہے جس کا وہ سب کچھ ہے جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے اور آخرت میں بھی تمام تر حمد اُسی کی ہوگی اور وہ بہت حکمت والا (اور) ہمیشہ خبر رکھتا ہے۔
اس ضمن میں حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے منبر پر [کھڑے ہوکر]فرمایا: جو تھوڑے پر(چھوٹی بات پر) شکر نہیں کرتا وہ بڑی(نعمت)پر بھی شکر ادا نہیں کرتا۔ اور جو بندوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکر ادا نہیں کیا کرتا۔ نعمائے الٰہی کا ذکر کرتے رہنا شکر گزاری ہے اور اس کا عدمِ ذکر کفر(یعنی ناشکر ی) ہے۔ (مسند احمد بن حنبل جلد ۴ صفحہ ۲۷۸ مطبوعہ بیروت)
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں: ’’اب غور کرکے دیکھ لو کہ حقیقی طور پر اِن سب محامد کا مستحق صرف اللہ تعالیٰ ہی ہے جو کامل طور پر ان صفات سے متصف ہے اور کسی میں یہ صفات نہیں ہیں…غرض اوّلاً بالذّات اکمل اور اعلیٰ طور سے خدا تعالیٰ ہی مستحق تعریف ہے ‘‘(روئداد جلسہ دعا، روحانی خزائن جلد۱۵صفحہ ۵۹۸-۶۰۱)
اس لیے میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ آپ اللہ تعالیٰ کے ساتھ ذاتی تعلق قائم کریں اور بہترین احمدی مسلمان بننے کی کوشش کریں۔ اپنی پنجوقتہ نمازیں باقاعدگی سے اور باجماعت ادا کریں، اپنی دعاؤں میں اضافہ کریں اور اپنے دلوں میں اللہ اور اس کی حمد و ثنا کا ذکر ہمیشہ رکھیں۔
اس دور میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں نظامِ خلافت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہر احمدی کو خلافت کا وفادار اور فرمانبردار رہنا چاہیے اور خلیفہ وقت کے ساتھ محبت اور اخلاص کے تعلق کو مسلسل مضبوط کرتے رہنا چاہیے۔ یہ ہماری مسلسل ترقی کی کلید ہے اور صرف یہی راستہ ہے جو ہماری جماعت کی ابدی ترقی کی طرف ہمیں لے جانے والا ہے۔ آپ کو ایم ٹی اے کثرت سے دیکھنا چاہیے اور اپنے اہل خصوصاً اپنے بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتے رہیں۔ آپ کو خاص طور پر میرے خطبات جمعہ کو سننا چاہیے اور دیگر مواقع پر بھی بیان کی گئی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔
آخر میں مَیں آپ سب سے کہتا ہوں کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آپ آگے بڑھیں اور پختہ عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ عہد کریں کہ آپ وہ تمام خالص تبدیلیاں لانے کی کوشش کریں گے جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کی گئی بیعت کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ ان شاء اللہ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ اسلام کے پُرامن پیغام کی اشاعت کا ذریعہ بنیں گے اور اپنے ہم وطنوں بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کو اسلام کے سائے تلے لانے والے ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس ہدایت پر بہترین انداز میں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ سب پر فضل فرمائے۔