ربوہ کا موسم(۱۰تا۱۶؍جنوری٫۲۰۲۵)
مورخہ ۱۰؍ جنوری بروز جمعۃالمبارک کو فجر کے وقت شدید دھند چھائی ہوئی تھی ، جو دس بجے کے قریب کم ہوگئی اور سورج نے اپنا جلوہ دکھایا یعنی دھوپ ہر طرف بکھر گئی ، تاہم درمیانہ رفتار سے چلنے والی یخ ہوا نے سردی قائم رکھی،گذشتہ چند دن سے مطلع صاف ہونے کی وجہ سے جو گرمی کا تاثر بن گیا تھا وہ جمعہ کے دن کچھ کم ہوگیا اور سردی پھر آ گئی۔ہفتہ کو بھی دھند کا اثر فضا میں موجود تھا ،جس نےدن بھر سورج کو ڈھانپے رکھا۔ ساتھ ٹھنڈی ہوا نے سردی میں اضافہ کردیا۔ اتوار کو بھی اسی طرح کا موسم رہا ۔ سردی کی وجہ سے لوگ زیادہ تعداد میں باہر نہیں نکلے۔ سوموار اور منگل کو فجر کے وقت ہلکی دھند موجود تھی جو صبح نو دس بجے تک چھٹ گئی اور سور ج کو باہر نکلنے کا موقع مل گیا۔ دن بھر دھوپ نے خوب اپنا رنگ دکھایا اور لوگوں نے گھر کے صحنوں میں بیٹھ کر بہت انجوائے کیا۔ بدھ کو ہلکی دھند تھی ،دھوپ میں کمی اور ساتھ ہوا کی وجہ سے ٹھنڈ بن گئی۔ جمعرات کو بھی قدرے دھوپ نکلی رہی۔ بادلوں کی ہلکی پرت کی وجہ سے سورج کی کرنوں میں تمازت کم تھی۔ سرِ شام ہی ہلکی دھند نے اپنے پَر پھیلانے شروع کردیے، جو دیر رات تک گہری ہوگئی ۔لاہور سے آنے والوں نے بتایا کہ موٹروے کھلی تو تھی لیکن کہیں کہیں دھند دکھائی دی اور پنڈی بھٹیاں کے پاس اتنی زیادہ تھی کہ ٹریفک آہستہ رفتار سے چلتی رہی۔ دریائے چناب کے پُل پر بھی شدید دھند نے ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ رات بارہ بجےکے قریب تیز ٹھنڈی ہو ا چلنا شروع ہوگئی، سردی میں اضافہ ہوگیا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۸؍ اور کم سے کم ۶؍درجہ سینٹی گریڈتھا۔ (ابو سدید)
مزید پڑھیں: ربوہ کے چند بزرگان کی سنہری یادیں