فِن لینڈ میں شعبہ تربیت کے تحت چلڈرن ڈے کا اہتمام
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فِن لینڈ کو یکم جنوری ۲۰۲۵ء کو نیشنل شعبہ تربیت کے تحت چلڈرن ڈے منانے کی توفیق ملی۔ اس خصوصی تقریب میں بچوں اور والدین نے بھرپور جوش و خروش سے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز نماز ظہر و عصر کے بعد مکرم فرخ اسلام صاحب قائم مقام صدر جماعت کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم بشارت الرحمٰن صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت نے ’’سوشل میڈیا کے دور میں بچوں کی پرورش کیسے کی جائے‘‘ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں آپ نے سوشل میڈیا کے استعمال، اس کے فوائد اور نقصانات پر روشنی ڈالی۔
اس پریزنٹیشن کے بعد سوال و جواب کی ایک محفل ہوئی جس میں بچوں اور والدین کے سوالات کے جواب دیے گئے۔
یہ تقریب دو ہالز میں منعقد ہوئی۔ بچیوں کا پروگرام صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی زیر نگرانی ہوا جہاں والدین اپنی بچیوں کے ساتھ شریک ہوئے۔ اسی طرح مردوں کے ہال میں والد اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ شامل ہوئے۔ بچوں کی دلچسپی کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں پزل مقابلہ، میوزیکل چیئرز اور مقابلہ کوئزشامل تھے۔ ان سرگرمیوں نے بچوں کو نہایت محظوظ کیا اور والدین نے بھی ان کا خوب لطف اٹھایا۔ مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے اور دیگر تمام بچوں کو تحائف اور انعامات دیے گئے۔
عشائیہ اور نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب کی کُل حاضری ۱۰۸؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ:فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ ڈنمارک کے زیر انتظام قرآن سیمینار