یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ بیلجیم کی ماہ دسمبر۲۰۲۴ءکی مساعی

اللہ تعالیٰ کے فضل سے باقی دنیائے احمدیت کی طرح جماعت احمدیہ بیلجیم کو بھی حقوق اللہ اور حقوق العباد بجالاتے ہوئے مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں ماہ دسمبر۲۰۲۴ء میں جماعت احمدیہ بیلجیم کی بعض مساعی کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔

مالی قربانی کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے افراد جماعت نے وقف جدیدمیں بڑی قربانی پیش کی جس کی وجہ سے سب سے زیادہ مالی قربانی پیش کرنے والے دس ممالک میں بیلجیم کا شمار ہوا ہے۔ اسی طرح دوران ماہ مسجد فنڈ میں بھی افراد جماعت نے بڑھ چڑھ کر نمایاں مالی قربانی کرنے کی توفیق پائی۔

مجلس خدام الاحمدیہ بیلجیم کو دوران ماہ شعبہ خدمتِ خلق کے تحت۳۱؍اولڈ ہاوسز کا دورہ کرنے کی توفیق ملی جہاں تین ہزار ۲۰۰؍سے زائد بزرگ افراد سے مل کر انہیں چاکلیٹس، وافلز(روایتی کیک)، گلاب کے پھول، کرسمس اور نئے سال کے کارڈ تحائف میں دیے گئے۔ اس موقع پر کئی بزرگ افراد خدام و اطفال سے مل کر بہت خوش ہوئے اور کہنے لگے کہ کبھی ہمارے اپنےبچے ہم سے ملنے نہیں آئے اور آپ کا ہم سے کوئی دنیاوی رشتہ بھی نہیں، پھر بھی آپ سب اس خوشی کے موقع پر ہم سے ملنے آئے ہیں۔

ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم کو دوران ماہ رفیوجی سنٹر اور ہسپتال کا دورہ کرنے کا موقع ملا جس دوران رفیوجی سنٹرمیں ۱۵۰؍ اور ہسپتال میں ۷۰؍بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے نیز ۷۶۱؍بےگھر افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ علاوہ ازیں برسلز، انتورپن اور Sint-Truiden شہروں میں ۹۶؍بےگھر اور پناہ گزیں افراد میں گرم لباس تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔

مجلس انصار اللہ بیلجیم کو ۲۴ تا ۲۹؍دسمبر ۲۰۲۴ء میں ملک کے مختلف شہروں اور دیہات کےگرجا گھروں میں حقیقی اسلام کے پیغام کے ساتھ کرسمس اور سال نو کے موقع پر گرجاگھروں میں پھولوں اور چاکلیٹس کے تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ۔ اس پروگرام کی تیاری کی غرض سے چند ہفتے پہلے بہت سے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا اوراس طرح ۳۶؍گرجا گھروں کی انتظامیہ کی طرف سے اجازت ملی۔

اس پروگرام میں ۱۴؍مجالس کے ۲۰۳؍احباب کو خدمت کی سعادت ملی جن میں ۹۲؍انصار کے علاوہ ۶۹؍خدام، ۳؍ناصرات اور ۲۹؍اطفال شامل تھے جنہیں ۳۶؍گرجا گھروں میں تین ہزار ۳۰۰؍نئے سال کےکارڈ، تین ہزار ۳۵۰؍پھول اور تین ہزار ۲۰۰؍چاکلیٹس بطور تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

اسی طرح اس پروگرام کے ذریعے تقریباً پانچ ہزار ۲۰۰؍غیراز جماعت احباب تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی، الحمدللہ۔ اس موقع پر پادری صاحبان نے ملاقاتوں کے دوران اظہارِ تشکر کے علاوہ اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ دوران سال بھی ان رابطوں کو قائم رکھا جائے۔

اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے جماعت احمدیہ بیلجیم کی ان مساعی کو قبول فرمائے اور پہلے سے بڑھ کر خدمت دین کی توفیق بخشتا جائے۔ آمین

(رپورٹ:چودھری طاہر احمد گِل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ بیلجیم کے دوسرے نیشنل تربیتی سیمینار ۲۰۲۴ء کا انعقاد

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button